کرونا وائرس: امریکہ کا ایران پر عائد پابندیاں ہٹانے سے انکار
امریکہ نے ایران کو پیغام دیا ہے کہ وہ کرونا وائرس کے باعث اُس پر سے پابندیاں ہٹانے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتا۔ پابندیوں سے ایران کی تیل برآمدات میں کمی کے علاوہ اسے معاشی تنہائی کا بھی سامنا ہے۔
ایران میں کرونا وائرس کے تیزی سے پھیلاؤ اور ہلاکتوں پر چین اور پاکستان سمیت مختلف ملکوں نے امریکہ پر زور دیا تھا کہ وہ ایران پر سے معاشی پابندیاں ہٹا لے۔
امریکہ کا یہ استدلال ہے کہ ایران پر عائد پابندیاں کرونا وائرس کے باعث ملک میں امدادی سامان اور میڈیکل آلات کی ترسیل پر اثرانداز نہیں ہو رہیں۔ لہذٰا ایران پر سے پابندیاں ہٹانے کا کوئی جواز نہیں ہے۔
ایران کے معاملات سے متعلق امریکہ کے خصوصی نمائندے برائن ہک کا کہنا ہے کہ وہ ایران پر دباؤ برقرار رکھیں گے۔ برائن ہک کے بقول امریکی پابندیاں ایران میں امدادی سامان کی راہ میں حائل نہیں ہو رہیں۔"
کرونا وائرس: فیس ماسک کی قلت دنیا کے لئے ایک اور مسئلہ
دنیا بھر کی طرح امریکہ کیلئے بھی چین کی درآمدات رک گئی ہیں اور دیگر اہم طبی اشیاء کی طرح فیس ماسکس کی مانگ بڑھ جانے کے باعث ان کی سپلائی کم پڑنے لگی ہے۔ اور فی الحال چین سے فوری طور پر کوئی کھیپ آنے کی توقع نہیں ہے۔
کرونا وائرس پھیلنے کے ساتھ فیس ماسک دنیا بھر میں نہ صرف اس وبا کی علامت بن گئے ہیں بلکہ بہت اہم ضرورت بھی اور لاکھوں لوگ ہر روز اسے لگائے نظر آتے ہیں۔
امریکہ سمیت دنیا بھر میں ماسک کی قلت نظر آنے لگی ہے۔ امریکی عہدیداروں نے بتایا ہے کہ کرونا وائرس سے بچاؤ کی جدوجہد میں ملک کو سالانہ تین اعشاریہ پانچ ارب سرجیکل ماسک اور سانس لینے کے آلات کی ضرورت ہو گی اور امریکہ ان کا صرف ایک فیصد تیار کر سکتا ہے۔
امریکن ہاسپٹل ایسوسی ایشن کی اسوسی ایٹ میڈیا ڈئریکٹر ایریکہ ٹرم کہتی ہیں کہ ملک بھر کے اسپتالوں میں اس طبی ساز و سامان کی کھپت جاری ہے اور اس پر توجہ بھی نہیں ہے۔
انہوں نے وائس آف امریکہ کو ایک ای میل میں بتایا کہ اسپتال کے عملے کے حفاظتی لباس اور دیگر گیجٹس کی بچت کیلئے ایک سے زیادہ مریضوں کو ایک ساتھ رکھا جانے لگا ہے۔
کرونا وائرس: شین وارن کی شراب فیکٹری سینیٹائزر بنانے لگی
آسٹریلوی لیگ اسپنر شین وارن نے دُنیا بھر میں کرونا وائرس کے باعث 'ہینڈ سینیٹائزر' کی قلت پر اپنی شراب فیکٹری کو سینیٹائزر بنانے میں تبدیل کر دیا ہے۔
آسٹریلوی کرکٹر کا کہنا ہے کہ مشکل وقت میں ہمیں مل کر ایسا کردار ادا کرنا چاہیے جس سے انسانیت کی خدمت ہو سکے۔ شین وارن کی ملکیت فیکٹری میں شراب کی ایک قسم 'جن' کی پیداوار روک کر اب ہینڈ سینیٹائزر بنانے کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ یہ سینیٹائزر مختلف اسپتالوں کو فراہم کیے جائیں گے۔
آسٹریلیا کے وزیر اعظم اسکاٹ موریسن نے کمپنیوں سے اپیل کی تھی کہ کرونا وائرس کے پیش نظر وہ اپنے طور پر جو تعاون کرنا چاہیں کریں تاکہ اس وائرس کا مل کر مقابلہ کیا جا سکے۔