اٹلی میں ایک دن میں 627 ہلاکتیں، 6 ہزار نئے مریض
اٹلی میں کرونا وائرس کی تباہ کاریاں جاری ہے اور ہر نئے دن پہلے سے زیادہ تعداد میں لوگ ہلاک ہو رہے ہیں اور نئے کیس سامنے آ رہے ہیں۔ جمعہ کو حکام نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں 627 افراد ہلاک ہو گئے جب کہ 6 ہزار نئے مریضوں کی تصدیق ہوئی ہے۔
گزشتہ اتوار کو اٹلی میں 368، پیر کو 349، منگل کو 345، بدھ کو 425 اور جمعرات کو 427 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ اس طرح چھ دن میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد ڈھائی ہزار سے زیادہ ہو گئی ہے۔
ایک دن پہلے اٹلی میں 5 ہزار اور پوری دنیا میں 26 ہزار نئے کیس سامنے آئے تھے۔ جمعہ تک اٹلی میں مریضوں کی کل تعداد 47 ہزار اور ہلاکتوں کی تعداد 4 ہزار سے زیادہ تھی۔
یورپی یونین کے ایک اور رکن ملک سپین کا حال بھی بد سے بدتر ہو رہا ہے جہاں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 212 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں اور 2300 نئے کیس سامنے آئے ہیں۔ ایران میں جمعہ کو 149 افراد ہلاک ہوئے جب کہ 1200 سے زیادہ نئے مریضوں کی تصدیق ہوئی۔ فرانس میں مریضوں کی کل تعداد 11 ہزار ہو چکی ہے جب کہ 372 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
کراچی میں مزید 11 افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق
کراچی میں جمعے کے روز بھی 11 مزید افراد میں کرونا وائرس کے کیسز کی تصدیق ہوئی اور اس طرح صوبے میں یہ تعداد بڑھ کر 249 تک جا پہنچی ہے۔ ان میں سے 151 سکھر میں جبکہ باقی 94 افراد کراچی میں زیر علاج ہیں۔ جبکہ تین افراد وائرس سے صحتیاب ہوچکے ہیں اور ایک شخص ہلاک ہوا ہے۔
ادھر وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے صوبے کے لوگوں پر زور دیا ہے کہ وہ آئندہ تین دن بطور ’’رضاکارانہ تنہائی‘‘ اختیار کریں تاکہ ہر ایک اپنے آپ کو محفوظ رکھ سکے۔ آئندہ تین دن کے دوران دفاتر مکمل طور پر بند ہیں ہوٹلز ڈائننگ کی پیشکش نہیں کر رہے ہیں کھیل اور جم بند ہیں، لہٰذا سڑکوں اور گلیوں میں بھی اِدھر اُدھر جانے کی ضرورت نہیں ہے۔ یہ بات انہوں نے یہاں وزیراعلیٰ ہاؤس میں کرونا وائرس سے متعلق ٹاسک فورس کے 23 ویں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔
چمن بارڈر پر افغانستان جانے کے خواہش مند سرحد کھلنے کے انتظار میں
کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے پاکستان اور افغانستان کی سرحد ہر قسم کی آمد و رفت اور تجارت کے لیے گزشتہ 19 دنوں سے بند ہے۔
چمن بارڈر سے افغانستان جانے والے خواتین، بچے اور بزرگ شہری باب دوستی کھلنے کے انتظار میں ہیں۔
یاد رہے کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے ٹوئٹر پر اپنے ایک بیان میں تجارتی بنیادوں پر سرحد کھولنے کا اعلان کیا ہے تاہم لوگوں کی آمد و رفت سے متعلق سرحد کھولنے کا کوئی فیصلہ نہیں ہوا ہے۔
پاکستان ریلوے نے 22 مزید ٹرینیں بند کرنے کا اعلان کر دیا
پاکستان کی وزارتِ ریلوے نے کرونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے مزید 22 ٹرینیں بند کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
وفاقی وزیر برائے ریلوے شیخ رشید احمد نے جمعے کو اپنے ایک بیان میں کہا کہ کرونا وائرس کے باعث ریلوے مسافروں کی یومیہ تعداد دو لاکھ لاکھ سے کم ہو کر ایک لاکھ 60 ہزار پر آ گئی ہے۔
شیخ رشید کے مطابق اس وقت 134 ٹرینیں چل رہی ہیں جن میں 34 بند کر دی ہیں۔ اب صرف 100 ٹرینیں چلا کریں گی جب کہ 12 سے 15 فریٹ ٹرینیں معمول کے مطابق چلیں گی۔
شیخ رشید نے اپنے بیان میں کہا کہ ریلوے نے اب تک بند کی گئی ٹرینوں کے ٹکٹوں کی واپسی کی مد میں آٹھ کروڑ روپے ری فنڈ کر دیے ہیں۔
خیال رہے کہ اس سے قبل محکمہ ریلوے نے کرونا وائرس کے پیش نظر بدھ کو 12 ریل گاڑیاں بند کرنے کا اعلان کیا تھا۔