کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے شوبز ستارے متحرک
کرونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے اور عوام میں شعور اُجاگر کرنے کے لیے فن کی دُنیا سے تعلق رکھنے والے ستارے بھی میدان میں آ گئے ہیں۔
بہت سے فن کاروں نے خود ساختہ تنہائی اختیار کر رکھی ہے اور عوام کو بھی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کے مشورے دیے جا رہے ہیں۔
بالی وڈ اسٹار شاہ رُخ خان نے بھی اپنے ٹوئٹر پیغام میں اپنے پرستاروں سے اپیل کی ہے کہ وہ حکومت کی جانب سے دی گئی ہدایات پر عمل درآمد کریں، تاکہ اس وائرس سے بچا جا سکے۔
اپنے ویڈیو پیغام میں شاہ رُخ خان کا کہنا ہے کہ دُنیا بھر کو اس وبا نے اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے۔ لہذٰا ہم سب کو مل کر اسے شکست دینا ہو گی۔ شاہ رُخ خان نے کرونا وائرس کے مریضوں کا علاج کرنے والے ڈاکٹرز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں ان کا ساتھ دینا چاہیے۔
کراچی کے شہریوں کو کرونا وائرس سے بچانے کے لیے رضاکار سڑکوں پر
پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں کرونا وائرس کے سبب جزوی لاک ڈاؤن ہے۔ لیکن اس وبا کے خوف کو کم کرنے کے لیے کچھ خواتین رضا کار سڑکوں پر نکل کر لوگوں کو کرونا وائرس سے متعلق آگاہی فراہم کر رہی ہیں۔ دیکھیے سدرہ ڈار کی ڈیجیٹل رپورٹ میں۔
پاکستان کی فضائی حدود بند، فضائی آپریشنز معطل کرنے کا فیصلہ
کرونا وائرس کے پیشِ نظر حکومت نے پاکستان کی فضائی حدود بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور آئندہ دو ہفتوں کے لیے فضائی آپریشن معطل کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
یہ فیصلہ وزیرِ اعظم عمران خان سے مشاورت اور ان کی منظوری کے بعد کیا گیا ہے۔
وزیرِ اعظم کے معاون خصوصی برائے نیشنل سیکیورٹی معید یوسف نے ہفتے کو ایک پریس کانفرنس میں بتایا ہے کہ آئندہ دو ہفتوں تک تمام بین الاقوامی پروازوں کے لیے پاکستان کی فضائی حدود بند رہے گی۔
انہوں نے کہا کہ یہ ایک مشکل فیصلہ تھا لیکن عوام کی حفاظت کے لیے ہمیں یہ فیصلہ کرنا پڑا۔
ان کا کہنا تھا کہ سفارت کاروں پر یہ قواعد لاگو نہیں ہوں گے جب کہ کارگو جہازوں کے آنے پر بھی کوئی پابندی نہیں ہو گی۔
اس سے قبل پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز نے اپنا بین الاقوامی آپریشن معطل کرنے کا اعلان کیا تھا۔
پاکستان کی برطانیہ سے آنے والی بیشتر پروازیں وطن پہنچ چکی ہیں جب کہ ٹورنٹو سے آنے والی پرواز آج رات وطن پہنچ جائے گی۔ حکومت نے اس حوالے سے بین الاقوامی ایئر لائنز کو آگاہ کرنا شروع کر دیا ہے۔
کرونا وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تدفین کیسے ہو گی؟
خیبر پختونخوا کے محکمۂ ریلیف نے کرونا وائرس سے ہلاک ہونے والے افراد کی تدفین کے لیے طریقہ کار وضع کر لیا ہے۔ اس سلسلے میں ایک ہدایت نامہ بھی جاری کیا گیا ہے۔
کرونا وائرس سے ہلاک ہونے والے افراد کی میتوں کو خصوصی گاڑیوں میں اسپتال سے منتقل کیا جائے گا اور میت کی منتقلی، غسل دینے اور ڈھانپنے کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی جائیں گی۔
میت کواسپتال میں ہی غسل دیا جائے گا اور لیک پروف پلاسٹک شیٹس میں لپیٹ کر تابوت میں ڈالا جائے گا۔
میت کو غسل دینے کے دوران استعمال ہونے والا پانی نالے میں بہانے کے بجائے محفوظ طریقے سے ضائع کیا جائے گا۔ جاں بحق افراد کے لواحقین پلاسٹک شیٹس چڑھانے کے بعد اسپتال میں ہی آخری دیدار کر سکیں گے اور لواحقین کو بھی حفاظتی کٹس پہنائی جائیں گی۔
ہدایات کے مطابق میت کو جلد از جلد دفنایا جائے گا اور جنازہ محدود رکھنے کی کوشش کی جائے گی۔