اٹلی میں ہلاکتیں پہلے سے کم، اسپین میں زیادہ
کرونا وائرس سے اٹلی میں یومیہ ہلاکتوں کی تعداد کم ہونے لگی ہے لیکن اسپین میں مسلسل اضافہ جاری ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اٹلی میں 4790 نئے کیسز کی تصدیق ہوئی جبکہ 602 افراد ہلاک ہوئے۔ اتوار کو اٹلی میں 651 اور ہفتے کو 793 افراد جان سے گئے تھے۔
دوسری طرف اسپین میں ہلاکتوں کی تعداد روزانہ بڑھ رہی ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران وہاں 4321 نئے مریض سامنے آئے جبکہ 434 افراد ہلاک ہوئے۔
ایران میں پیر کو مزید 1411 کیسز کی تصدیق ہوئی اور 127 افراد ہلاک ہوئے۔ اس طرح ایران میں مریضوں کی تعداد 23 ہزار اور ہلاکتوں کی تعداد 1812 تک پہنچ گئی ہے۔ اٹلی میں کیسز 64 ہزار اور ہلاکتیں 6078 ہوچکی ہیں۔ اسپین میں کیسز 33 ہزار اور ہلاکتیں 2206 ہیں۔
جان ہاپکنز یونیورسٹی اور ورڈومیٹرز کے مطابق پیر تک 194 ملکوں اور خود مختار علاقوں میں کرونا وائرس کے کیسز کی مجموعی تعداد 3 لاکھ 75 ہزار سے زیادہ ہوچکی تھی جبکہ 16300 سے زیادہ مریض ہلاک ہوچکے تھے۔ صرف پیر کے دن 37 ہزار کیسز اور 1721 ہلاکتوں کی تصدیق ہوئی۔
پاکستان میں کرونا وائرس کے 875 مریض، 6 کا انتقال
پاکستان میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 875 ہوگئی ہے جبکہ ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 6 ہے۔
حکومتی ویب سائٹ کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 99 مریضوں میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے، جس کے بعد سندھ میں کرونا کے تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد 394، پنجاب میں 246، بلوچستان میں 110، گلگت بلتستان میں 71، پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں ایک، خیبر پختونخوا میں 38 اور اسلام آباد میں 15 ہے جبکہ 6 افراد صحت یاب ہو کر اپنے گھروں کو جاچکے ہیں۔
ٹوکیو اولمپکس کو ملتوی کرنے پر غور
جاپان کے وزیر اعظم شنزو ایبے نے کہا ہے کہ کرونا وائرس کی وجہ سے اگر 2020 ٹوکیو اولمپک گیمز کو مکمل طور پر منعقد کرنا ممکن نہ ہوا تو انہیں ملتوی کیا جا سکتا ہے۔
وزیراعظم ایبے نے یہ بیان پیر کو ایک پارلیمانی اجلاس کے دوران دیا۔ لیکن انہوں نے 24 جولائی سے 9 اگست تک طے شدہ گیمز کی مکمل منسوخی کو خارج از امکان قرار دے دیا۔
ایبے کا یہ بیان انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کی جانب سے اس اعلان کے ایک روز بعد سامنے آیا ہے کہ وہ اگلے چند ہفتوں میں صورت حال کا جائزہ لے گی اور اس بارے میں صلاح مشورے کرے گی کہ آئندہ کیا کرنا چاہیے۔ ان میں اولمپکس کو چند ہفتوں بلکہ ایک سال تک کے لیے ملتوی کرنے پر غور کیا جاسکتا ہے۔
کینیڈا کی اولمپک کمیٹی اعلان کرچکی ہے کہ وہ اپنے کھلاڑی ٹوکیو نہیں بھیجے گی۔
راولپنڈی پولیس اور سیکیورٹی اداروں کا فلیگ مارچ
فلیگ مارچ میں راولپنڈی پولیس کے تمام یونٹس، سینئر افسران اور سیکیورٹی اداروں کے اہل کاروں نے شرکت کی۔
فلیگ مارچ کا مقصد کرونا وائرس سے بچاؤ کی خاطر لگائی گئی پابندیوں پر عملدرآمد کو یقینی بنانا ہے۔
فلیگ مارچ میں یہ اعلانات کیے گئے۔
ا-پولیس اور سیکیورٹی ادارے شہریوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔
2- شہری اپنے گھروں تک محدود رہیں، فلیگ مارچ میں اعلانات
3- شہری غیر ضروری آمد و رفت اور نقل و حرکت سے اجتناب کریں۔
4- حکومت کی جانب سے لگائی گئی پابندیوں پر عملدرآمد آپ اور آپ کے پیاروں کی صحت اور زندگی کے لئے ضروری ہے۔