لاہور کے میو اسپتال میں کرونا وائرس کا مریض ہلاک
پاکستان کے صوبہ پنجاب کے شہر لاہور کے میو اسپتال میں کرونا وائرس سے ایک مریض کی ہلاکت کی تصدیق ہوئی ہے۔ وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے اپنی ٹوئٹ میں 57 سالہ شخص کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔
ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا ہے کہ یہ مشکل وقت ہے۔ لیکن اس سے صرف اسی صورت بچا جا سکتا ہے کہ عوام گھروں میں رہیں۔
خیبرپختونخوا کے تعلیمی اداروں میں چھٹیوں میں پانچ اپریل تک توسیع
پاکستان کے صوبہ خیبرپختونخوا کے تعلیمی اداروں میں چھٹیاں بڑھا دی گئی ہیں۔ اس حوالے سے ایک نوٹی فکیشن بھی جاری کیا گیا ہے۔ جس میں چھٹیاں پانچ اپریل تک بڑھانے کی منظوری دی گئی ہے۔
اس سے قبل صوبے میں مارچ کے اختتام تک تعلیمی ادارے بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ پاکستان کی وفاقی حکومت نے پانچ اپریل تک تعلیمی ادارے بند رکھنے کا اعلان کیا تھا۔
- By روشن مغل
کرونا وائرس: پروازوں کی معطلی سے جہازوں کی پارکنگ بڑا مسئلہ بن گئی
کرونا وائرس کے سبب فضائی آپریشن معطل ہونے سے دنیا بھر کے ہزاروں طیارے گراؤنڈ کر دیے گئے ہیں جس سے درجنوں ایئر پورٹس پر طیاروں کی پارکنگ دردِ سر اور ایک سنگین مسئلہ بن گئی ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق دنیا کے بڑے ایئرپورٹس پر ٹیکسی ویز، ہینگر اور رن ویز کو 2500 سے زیادہ طیاروں کے لیے بڑی پارکنگ لاٹس میں تبدیل کیا جا رہا ہے۔
بڑے طیاروں کو پارک کرنے کے لیے فٹ بال اسٹیڈیم کے تین چوتھائی حصے یا آٹھ منزلہ عمارت کے برابر جگہ درکار ہے جب کہ گراؤنڈ کیے گئے طیاروں کی تعداد زیادہ اور پارکنگ کی گنجائش کم پڑ رہی ہے۔
کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے باعث انٹرنیشنل پروازوں کی منسوخی کی وجہ سے فضائی کمپنیاں اپنے ملازمین کو چھٹیوں پر بھیج رہی ہیں یا اُنہیں فارغ کیا جا رہا ہے۔ دوسرا بڑا مسئلہ طیاروں کی پارکنگ کا ہے۔
- By روشن مغل
پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر میں لاک ڈاؤن
پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر میں کرونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے لاک ڈاؤن جاری ہے۔ مظفر آباد سمیت دیگر شہروں میں کاروباری مراکز اور دُکانیں بند ہیں۔