رسائی کے لنکس

پاکستان میں کرونا سے مزید 44 اموات، مثبت کیسز کی شرح کم ہونے لگی

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 56 ہزار 260 ٹیسٹ کیے گئے جن کے مثبت آنے کی شرح 5.36 فی صد رہی۔ 24 گھنٹوں میں ہونے والی 44 اموات کے بعد وبا سے ہونے والی مجموعی ہلاکتیں 29 ہزار 731 ہو گئی ہیں۔

16:42 24.3.2020

پاکستانی صحافیوں کے تحفظ کا مطالبہ

صحافیوں کی بین الاقوامی تنظیم 'رپورٹر ود آؤٹ بارڈر' نے پاکستان میں تین صحافیوں میں کرونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد مطالبہ کیا ہے کہ تمام میڈیا ہاؤسز اپنے اسٹاف کی صحت کے لیے تمام بیوروز عارضی طور پر بند کر دیں۔

'رپورٹر ود آؤٹ بارڈر' کی طرف سے جاری پریس ریلیز کے مطابق فیلڈ میں فرائض سرانجام دینے والے تین صحافیوں میں اب تک کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔ ان میں سے دو کا تعلق 24 نیوز چینل اور ایک کا ابتک ٹی وی سے ہے، ان تینوں کا تعلق پنجاب کے شہر لاہور سے ہے۔

تنظیم کا کہنا ہے کہ پنجاب میں کیسز کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے اور اس وقت پاکستان میں ایسے کیسز کی تعداد سیکڑوں میں ہے۔

'رپورٹر ود آؤٹ بارڈر' کے ڈینئل بسٹرڈ کا کہنا ہے اس امکان کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا کہ ان تین افراد کو فیلڈ میں ذمہ داریاں ادا کرتے وقت یہ وائرس لگا ہو۔ اسی وجہ سے ہم پاکستان کے تمام میڈیا ہاؤسز کے مالکان اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کرتے ہیں کہ اپنے رپورٹرز کی صحت کو ترجیح دیں۔

16:27 24.3.2020

پنجاب میں بلدیاتی انتخابات نو ماہ کے لیے ملتوی

وزیر اعلٰی پنجاب سردار عثمان بزدار (فائل فوٹو)
وزیر اعلٰی پنجاب سردار عثمان بزدار (فائل فوٹو)

پاکستان کے صوبے پنجاب کے وزیر اعلٰی عثمان بزدار نے کہا ہے کہ کرونا وائرس کے پیشِ نظر بلدیاتی انتخابات نو ماہ کے لیے ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ وزیر اعلٰی نے بتایا کہ وبائی امراض سے نمٹنے کے لیے اس حوالے سے آرڈیننس جاری کیا جائے گا۔

عثمان بزدار نے کہا کہ محکمہ صحت پنجاب کو 11 ارب روپے فوری جاری کیے جا رہے ہیں۔ عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ بلوچستان کو ایک ارب روپے امداد کی توثیق دی گئی ہے۔

پنجاب کے وزیر اعلٰی نے 10 ہزار ڈاکٹرز، پیرا میڈیکل اسٹاف بھرتی کرنے کا بھی اعلان کیا ہے۔ عثمان بزدار نے واضح کیا کہ پنجاب میں لاک ڈاؤن کا مطلب کرفیو نہیں ہے۔

16:04 24.3.2020

اسلام آباد ہائی کورٹ: 408 قیدیوں کی مشروط ضمانت منظور

اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر 408 قیدیوں کی مشروط رہائی کا حکم دیا ہے۔ عدالت نے اس ضمن میں اسلام آباد انتظامیہ، پولیس اور انٹی نارکوٹکس فورس پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔

چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیے کہ وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے دُنیا بھر کی جیلوں سے معمولی جرائم پر قید افراد کو رہا کیا جا رہا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ قیدیوں کو رہائی پانے کے لیے کمیٹی کو مطمئن کرنا ہو گا۔ ایسے افراد کو بھی رہا نہ کیا جائے جو معاشرے کے لیے خطرہ بن سکتے ہوں۔

چیف جسٹس نے کہا کہ موجودہ صورتِ حال میں خواتین کو جیلوں میں رکھنا بھی مناسب نہیں ہے۔

15:54 24.3.2020

کرونا وائرس: مشرق وسطیٰ کے امیر اور غریب ممالک سب نشانے پر

دنیا کے باقی خطوں کی طرح جنگ زدہ اور کمزور عرب ممالک میں بھی کرونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے۔ ایسے میں انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) نے خبردار کیا ہے کہ ادویات اور دیگر طبی اشیا کی کمی کے باعث عراق، سوڈان اور یمن میں ان کی قیمتیں بہت زیادہ ہو سکتی ہیں۔

امریکی خبر رساں ادارے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' کی رپورٹ کے مطابق مشرق وسطیٰ کے ممالک میں کرونا وائرس کے 30 ہزار سے زائد مصدقہ کیسز سامنے آ چکے ہیں۔ جن میں سب سے زیادہ کیسز ایران میں پائے گئے ہیں جب کہ ایران بھی عالمی پابندوں کے باعث مشکلات کا شکار ہے۔

دوسری جانب بین الاقوامی سطح پر تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کی وجہ سے خطے کے امیر ممالک بھی شدید دباؤ کا شکار ہیں۔

آئی ایم ایف کی جانب سے عمومی طور پر حکومتوں پر زور دیا جاتا ہے کہ وہ بڑے پیمانے پر سادگی اور کفایت شعاری اختیار کریں تاہم اب مشرق وسطیٰ کی حکومتوں پر زور دیا گیا ہے کہ وہ شہریوں کو عارضی طور پر ٹیکس میں رعایت دیں۔ اس کے علاوہ رقوم کی منتقلی پر بھی ریلیف کی ضرورت ہے۔

مزید پڑھیے

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG