پاکستان میں کرونا وائرس سے متاثرین کی تعداد 1235 ہو گئی
انٹر بینک میں ڈالر تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا
کرونا وائرس کے منفی اثرات پاکستان کی معیشت اور کرنسی پر بھی دیکھے جا رہے ہیں۔ ٹریڈنگ کے دوران انٹر بینک مارکیٹ میں روپے کی قدر میں مسلسل کمی واقع ہو رہی ہے۔
جمعرات کو انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر مزید ایک روپے 87 پیسے مہنگا ہو کر 168 روپے کا ہو گیا جو تاریخ کی بلند ترین سطح ہے۔
صدر ٹرمپ کی چینی ہم منصب سے ٹیلی فونک گفتگو
امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چین کے ہم منصب شی جن پنگ سے ٹیلی فون پر گفتگو کی جس کے دوران کرونا وائرس کے دنیا پر اثرات پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔
صدر ٹرمپ نے اپنے ایک ٹوئٹ میں بتایا ہے کہ چین کرونا وائرس سے متعلق زیادہ معلومات رکھتا ہے اس لیے ہم ایک ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔
امریکہ میں کرونا کیسز کی تعداد چین اور اٹلی سے بھی زیادہ
امریکہ میں کرونا وائرس کے کیسز کی تعداد 83 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے جو چین اور اٹلی میں رپورٹ ہونے والے تصدیق شدہ کیسز سے بھی زیادہ ہے۔ اس طرح کرونا وائرس کے کیسز کی سب سے زیادہ تعداد امریکہ میں ہے۔
امریکہ میں کرونا وائرس سے جمعرات تک ہلاکتیں 1178 ہو چکی ہیں۔
امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ کرونا وائرس کے خلاف جاری جنگ میں ہم معاشی، سائنسی، طبی اور عسکری وسائل استعمال کر رہے ہیں تاکہ اس وبا کے پھیلاؤ سے امریکی شہریوں کو محفوظ رکھا جا سکے۔
برطانوی خبر رسال ادارے 'رائٹرز' کے مطابق امریکہ میں طبی سہولیات کی کمی دیکھی جارہی ہے جب کہ کرونا وائرس کی تشخیص کے لیے درکار کٹس بھی مطلوبہ تعداد میں دستیاب نہیں ہیں۔
امریکہ میں کرونا وائرس کا مرکز سمجھے جانے والے شہر نیویارک کے اسپتال اور کولمبیا یونیورسٹی میڈیکل سینٹر میں ابتدائی طور پر دو مریضوں کے لیے ایک ہی وینٹی لیٹر کا استعمال شروع کر دیا گیا ہے۔