اٹلی میں ایک دن میں 919 افراد ہلاک
اٹلی میں ایک بار پھر کرونا وائرس سے اموات میں شدت آگئی ہے اور چوبیس گھنٹوں میں 919 افراد ہلاک ہوگئے ہیں جبکہ امریکہ میں مریضوں کی تعداد ایک لاکھ سے زیادہ ہوگئی ہے۔
جان ہاپکنز یونیورسٹی اور ورڈومیٹرز کے تازہ اعداد و شمار کے مطابق دنیا کے 199 ملکوں اور خود مختار علاقوں میں 5 لاکھ 90 ہزار سے زیادہ افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوچکی تھی جبکہ 27 ہزار افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔ جمعرات اور جمعہ کو سوا لاکھ نئے کیسز کی تصدیق ہوئی۔
اٹلی میں جمعے کو 919 مریضوں کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 9 ہزار سے بڑھ گئی ہے۔ سپین میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 569، فرانس میں 299، برطانیہ میں 181، ایران میں 144 اور نیدرلینڈز میں 112 افراد ہلاک ہوئے۔
امریکہ جمعرات کو کرونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ملک بن گیا تھا۔ یہاں جمعہ کی سہہ پہر تک ایک لاکھ کیسز کی تصدیق ہوچکی تھی، جبکہ 1500 سے زیادہ افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ جمعرات کو صرف نیویارک میں 100 سے زیادہ اموات ہوئیں۔
امریکی کانگریس میں 2 ہزار ارب ڈالر کا پیکج منظور
امریکی ایوان نمائندگان نے دو ٹریلین یعنی 2 ہزار ارب ڈالر کا ہنگامی اخراجات کا بل منظور کرلیا ہے۔ اس سے پہلے یہ بل بدھ کو سینیٹ میں متفقہ طور پر منظور کیا گیا تھا۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کہہ چکے ہیں کہ جیسے ہی یہ بل ان کی میز پر پہنچے گا، وہ اس پر دستخط کر دیں گے۔
ایوان نمائندگان میں جمعہ کو اجلاس شروع ہوا تو کینٹکی کے ری پبلکن رکن تھامس میسی نے بل کی منظوری میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کی۔ انھوں نے موقف اختیار کیا کہ تمام ارکان انفرادی طور پر اس بارے میں رائے کا اظہار کریں لیکن دونوں جماعتوں کے قائدین نے ان کی کوشش ناکام بنادی اور وائس ووٹ کے ذریعے بل منظور کرلیا گیا۔
اس رقم میں سے 250 ارب ڈالر براہ راست لاکھوں امریکی شہریوں میں تقسیم کیے جائیں گے اور 250 ارب ڈالر بیروزگاروں کی امداد پر صرف ہوں گے۔ اسپتالوں کو 100 ارب ڈالر فراہم کیے جائیں گے۔ 377 ارب ڈالر کے قرضے چھوٹے کاروباری حضرات کو دیے جائیں گے، جب کہ 500 ارب ڈالر کے قرضے بڑے اداروں کو فراہم کیے جائیں گے۔
بالی وڈ سنگر کانیکا کپور کرونا وائرس میں مبتلا
لکھنؤ کے سنجے گاندھی اسپتال میں زیر علاج بالی وڈ کی گلوکارہ کانیکا کپور کا کرونا وائرس کا ٹیسٹ تیسری بار بھی مثبت آیا ہے۔
فلو کی علامات ظاہر ہونے پر ان کا پہلا ٹیسٹ 20 مارچ کو کیا گیا تھا۔ اس کے بعد 23 مارچ کو ہونے والا ٹیسٹ بھی پازیٹو رہا۔
این ڈی ٹی وی کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ لکھنؤ کی پولیس نے کانیکا کپور کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے۔ ان پر الزام ہے کہ کرونا وائرس کی علامتیں موجود ہونے کے باوجود ایک پارٹی کا اہتمام کیا جس میں متعدد اہم شخصیات شریک ہوئیں۔
کرونا وائرس پازیٹو ظاہر ہونے کے بعد کئی ارکان پارلیمنٹ اور اہم شخصیات خوف میں مبتلا ہیں، جنہوں نے ان کی پارٹی میں شرکت کی تھی۔
کانیکا کپور کچھ عرصہ لندن میں قیام کرنے کے بعد واپس آئی تھیں۔
سندھ میں نمازِ جمعہ پر پابندی، بیشتر مساجد بند
سندھ حکومت کی جانب سے نمازوں کے اجتماعات پر پابندی کے باوجود کئی مساجد میں شہریوں نے نماز ادا کی۔ شہریوں کا اصرار تھا کہ نمازوں کے اجتماعات پر پابندی نہیں ہونی چاہیے۔ نمازِ جمعہ کے لیے کراچی کی مشہور میمن مسجد آنے والے شہریوں کے کیا خیالات تھے؟ جانیے محمد ثاقب کی اس رپورٹ میں