کرونا وائرس کو کسی مسلک سے جوڑنا مناسب نہیں، اسلامی نظریاتی کونسل
پاکستان میں اسلامی قوانین سے متعلق آئینی ادارے اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے مساجد کی تالا بندی یا بندش کا تاثر نہیں جانا چاہئے اور انتظامیہ عوام کو آگاہی فراہم کرنے کے سلسلے میں مساجد کے آئمہ سے تعاون حاصل کرے نہ کہ ان کے خلاف مقدمات کا اندراج کیا جائے۔
کرونا وائرس کے باعث پیدا شدہ صورت حال اور مذہبی مسائل سے متعلق اسلامی نظریاتی کونسل کے ہنگامی اجلاس کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے چیئرمین ڈاکٹر قبلہ ایاز نے کہا کہ کرونا وائرس کے سبب وفات پانے والے افراد کے لئے لفظ ہلاک استعمال نہ کیا جائے بلکہ انہیں شہید یا جاں بحق لکھا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ کرونا وائرس کے باعث وفات پانے والوں کے غسل اور تدفین کا انتظام کیا جائے اور احتیاتی تدابیر اور سماجی فاصلے کو یقینی بناتے ہوئے قریبی رشتہ داروں کو جنازہ و تدفین میں شرکت کی اجازت دی جائے اور تدفین کرتے ہوئے تکریم و احترامِ انسانیت کا مکمل خیال رکھا جائے۔
تاہم کونسل موجودہ حالات میں نماز جمعہ کی ادائیگی کے حوالے سے کوئی واضح فیصلہ کرنے میں ناکام رہی ہے۔ خیال رہے کہ نماز جمعہ کے حوالے سے گائیڈ لائنز فراہم کرنا کونسل کے اجلاس کے ایجنڈے میں شامل تھا۔
کونسل نے واضح کیا کہ کرونا وائرس کو کسی مسلک یا فرقے کے ساتھ جوڑنا مناسب نہیں ہے اور یہ کہ عمرہ کے مسافر ہوں، مقدس مقامات کے زائرین ہوں یا تبلیغی جماعت کے کارکن، ان کا اس بیماری کے پھیلاؤ کے ساتھ کوئی تعلق نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمرہ و زیارات یا دیگر مذہبی رسومات کی ادائیگی کے لیے مختص رقم کو بھی کرونا وائرس سے معاشی دباؤ کے شکار افراد کی مدد کے لئے استعمال کیا جا سکتا ہے اور اس موقع پر اقلیتی برادری کو بطور خاص یاد رکھا جائے۔
'کرونا وائرس سے سی پیک کو کوئی خطرہ نہیں'
پاکستان کے دفتر خار جہ کی ترجمان عائشہ فاروقی نے کہا ہے کہ کرونا وائرس کی عالمی وبا کے باوجود پاکستان میں جاری چین پاکستان اقتصادی راہداری ' سی پیک' منصوبوں کو وقت پر مکمل کر لیا جائے گا۔
عائشہ فاروقی نے یہ بات جمعرات کو کرونا وائرس کی وبا کی وجہ سے سی پیک پر ممکنہ اثرات کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے تحریری جواب میں کہی۔
ترجمان نے کہا کہ سی پیک طویل المدتی منصوبوں پر مشتمل ہے۔ زیادہ تر منصوبوں کی تکمیل کے لیے کئی سال درکار ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ وہ پر اعتماد ہیں کہ یہ منصوبے بروقت مکمل کر لیے جائٰیں گے۔
یادر ہے کہ سی پیک منصوبوں پر ہزاروں چینی شہری کام کر رہے ہیں۔ کرونا وائرس کی وبا پھوٹنے کے بعد ان چینی شہریوں کے پاکستان آنے کی اطلاعات بھی ہیں۔
پاکستان کی دفتر خارجہ کی ترجمان نے کہا کہ کرونا وائرس کی وبا کے بعد پاکستان اور چین کی حکومت ایک دوسرے کے ساتھ قریبی رابطے میں ہیں۔
بالی وڈ کے مزدوروں کی مدد، فنکاروں نے لاکھوں روپے عطیہ کر دیے
بالی وڈ فلموں کی دنیا میں جہاں فنکار، پروڈیوسرز اور دیگر بڑی بڑی شخصیات اربوں روپے کمانے کی باتیں کرتے نظر آتے ہیں وہیں اس انڈسٹری سے جڑے ایسے افراد کی بھی کمی نہیں جو برسوں سے انڈسٹری سے وابستہ رہنے کے باوجود تنگ دستی کا شکار ہیں۔
کرونا وائرس کی وبا اور طویل لاک ڈاؤنز کے سبب جہاں بڑی بڑی فلموں اور ڈراموں کی شوٹنگز رک گئی ہیں وہیں غریب ورکرز کی مالی حالت بھی خراب کردی ہے اور وہ دو وقت کی روٹی کے لیے بھی پریشان ہوگئے ہیں۔
لیکن فلمی دنیا کی بہت سی شخصیات نے ان کی پریشانی کو محسوس کرتے ہوئے عطیات دینے شروع کر دیے ہیں۔
پاکستانی معیشت پر تباہ کن اثرات کا خدشہ، آئل ریفائنریز بھی بند
اقوام متحدہ کی کانفرنس برائے تجارت و ترقی نے اپنی ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ دنیا بھر میں کرونا وائرس کے اثرات سے نمٹنے کے لیے ڈھائی کھرب امریکی ڈالرز کی ضرورت ہے۔
رپورٹ میں پاکستان کو بھی ان ممالک کی فہرست میں شامل کیا گیا جو اس بحران سے معاشی طور پر شدید متاثر ہو سکتے ہیں۔
اقوام متحدہ نے اپنی رپورٹ میں خبردار کیا ہے کہ کرونا وائرس کے باعث پیدا ہونے والی عالمی کساد بازاری بہت سے ترقی پذیر ممالک کے لیے تباہ کن ثابت ہوسکتی ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کے علاوہ افریقہ کے بعض ممالک، لاطینی امریکہ، جنوبی کوریا، بھارت اور جنوب مشرقی ایشیا کی معیشتوں پر کرونا وائرس کے اثرات مرتب ہوں گے۔
دوسری جانب ملک بھر میں بجلی اور پیٹرولیم مصنوعات کی کھپت میں کمی کے باعث بیشتر آئل ریفائنریز کو عارضی طور پر بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق پاکستان میں بجلی کی کھپت 30 فی صد، پیٹرولیم مصنوعات کی 70 فی صد اور گیس کی کھپت 50 فی صد کم ہو گئی ہے۔ 80 فی صد صنعتیں بند ہونے سے لاکھوں لوگوں کے بیروزگار ہونے کا خدشہ بھی پیدا ہو گیا ہے۔
جن دو ریفائنریز کو فی الحال پیداوار جاری رکھنے کا کہا گیا ہے ان میں پارکو درآمدی اور مقامی خام تیل کو استعمال کرتی ہے جبکہ اٹک ریفائری زیادہ تر مقامی خام تیل کو استعمال کرتی ہے۔