امریکہ میں ہلاکتیں چھ ہزار سے متجاوز
امریکہ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس سے ایک ہزار سے بھی زائد افراد ہلاک ہوئے ہیں جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 6000 سے زیادہ ہو گئی ہے۔
امریکہ میں کرونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد دو لاکھ 45 ہزار 193 ہو گئی ہے جن میں سے 5421 کی حالت تشویشناک ہے۔
حکام کی جانب سے شہریوں کو ماسک پہننے پر زور دیا جا رہا ہے اور شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں۔
پاکستان میں کرونا وائرس سے ہلاکتیں 34 ہو گئیں
پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے شکار مزید آٹھ مریض چل بسے جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 34 ہو گئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں کرونا وائرس کے مذید 95 نئے کیسز سامنے آئے ہیں اور اس طرح متاثرین کی مجموعی تعداد 2386 تک پہنچ چکی ہے۔
کرونا وائرس کے شکار اب تک 107 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں اور نو کی ہلاکت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
- By ضیاء الرحمن
لاہور ایکسپو سینٹر کرونا مریضوں کے اسپتال میں تبدیل
دنیا بھر میں کرونا وائرس کے مریضوں کے علاج کے لیے پبلک پارکس تو کہیں فٹبال گراؤنڈز میں اسپتال بنائے جا رہے ہیں۔ پاکستان میں بھی ایک ہزار بستروں پر مشتمل اسپتال لاہور کے ایکسپو سینٹر میں بنایا گیا ہے۔ اس اسپتال میں کیا سہولیات میسر ہوں گی؟ مزید بتا رہے ہیں ضیاالرحمٰن
- By اصفر امام
پاکستان میں پھنسے امریکیوں کی واپسی کے لیے خصوصی پرواز
کرونا وائرس کی وبا کے باعث دنیا بھر کے لیے پروازیں منسوخ ہونے کے باعث پاکستان میں پھنسے ہوئے امریکی شہریوں اور گرین کارڈ ہولڈرز کی پہلی کھیپ خصوصی امریکی چارٹرڈ طیارے کے ذریعے تین اپریل کو واشنگٹن پہنچے گی۔ تاہم بیرونِ ملک سے پاکستان آنے والی پروازوں پر گیارہ اپریل تک بدستور پابندی عائد رہے گی۔
پاکستان میں سینکڑوں کی تعداد میں ایسے پاکستانی امریکی پھنس کر رہ گئے ہیں جو اپنے عزیزوں سے ملنے یا کسی کاروباری مصروفیت کی وجہ سے پاکستان گئے تھے۔
ان کی وطن واپسی کے لئے امریکی سفارت خانے نے یکم اپریل کو خصوصی پرواز کا اہتمام کیا تھا تاہم اسے کسی وجہ سے منسوخ کر دیا گیا۔ اب یہ پرواز جمعہ تین اپریل کی صبح دو بجے واشنگٹن کے ڈیلس اہئرپورٹ کے لئے روانہ ہو گی۔