رسائی کے لنکس

پاکستان میں کرونا سے مزید 44 اموات، مثبت کیسز کی شرح کم ہونے لگی

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 56 ہزار 260 ٹیسٹ کیے گئے جن کے مثبت آنے کی شرح 5.36 فی صد رہی۔ 24 گھنٹوں میں ہونے والی 44 اموات کے بعد وبا سے ہونے والی مجموعی ہلاکتیں 29 ہزار 731 ہو گئی ہیں۔

16:55 3.4.2020

کراچی میں مزید دو ہلاکتوں کی تصدیق

پاکستان کے صوبہ سندھ کی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا افضل نے کراچی میں کرونا وائرس سے مزید دو ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے۔ وزیر صحت کا کہنا ہے کہ دونوں افراد میں وائرس مقامی سطح پر منتقل ہوا تھا۔

حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والوں کی عمریں 60 اور 80 سال ہیں۔ اور انہیں گردوں اور دل کے عارضے لاحق تھے۔

وزیر صحت کے مطابق دونوں مریضوں کے ٹیسٹ یکم اپریل کو مثبت آئے تھے۔ ان ہلاکتوں کے ساتھ ہی پاکستان میں کرونا وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی مجموعی تعداد 37 ہو گئی ہے۔

15:49 3.4.2020

بھارت میں کرونا وائرس کے کیسز 2300 سے متجاوز

بھارت میں کروناوائرس کے مثبت کیسیز کی تعداد 2301 اور ہلاکتوں کی تعداد 56 ہو گئی ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 336 نئے کیسیز سامنے آئے اور 6 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

وزیر اعظم نریندر مودی نے ایک مختصر ویڈیو پیغام میں عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ کرونا وائرس سے لڑنے کے لیے پانچ اپریل کو رات نو بجے نو منٹ تک اپنے موبائل کی ٹارچ یا موم بتی جلا کر یکجہتی کا مظاہرہ کریں۔

البتہ اپوزیشن جماعتوں نے وزیر اعظم کی اس ہدایت کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اعظم کے پاس کرونا وائرس کا مقابلہ کرنے کا کوئی ویژن نہیں ہے۔

بھارت کی سپریم کورٹ نے مزدوروں کی کم سے کم تنخواہ اور بے روزگار ہونے والے طبقات کی مالی معاونت کے ضمن میں دائر درخواست پر حکومت کو نوٹس جاری کر دیا ہے۔

14:40 3.4.2020

پاکستان میں نماز جمعہ کے محدود اجتماعات

پاکستان میں کرونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے نماز جمعہ کے اجتماعات کو بھی محدود رکھا گیا۔ بیشتر مساجد میں تین سے پانچ افراد نے نماز جمعہ ادا کی۔

حکومت کی جانب سے اس مرتبہ مزید سخت انتظامات کیے گئے تھے۔ نماز جمعہ سے قبل ملک بھر کی مساجد کے قریب پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کا گشت جاری رہا۔

مساجد سے اعلانات بھی کیے گئے کہ شہری گھروں میں نماز پڑھیں۔

لاہور کے جامعہ نعیمیہ کے مہتتم مفتی راغب نعیمی نے بھی ایک فتویٰ جاری کیا تھا کہ اگر تین سے پانچ افراد بھی مسجد میں جمعہ ادا کریں تو نماز ہو جائے گی۔

علماء کرام نے بھی شہریوں سے اپیل کی تھی کہ وہ سماجی دُوری اختیار کریں تاکہ اس وائرس کو پھیلنے سے روکا جا سکے۔

13:35 3.4.2020

خیبرپختونخوا کے بینکوں کے باہر رش

پاکستان کے صوبے خیبرپختونخوا کے بینکوں کے باہر لوگ تنخواہوں کی وصولی کے لیے قطار میں کھڑے ہیں۔ حکومت نے لوگوں کو زیادہ تعداد میں جمع نہ ہونے کی ہدایت کر رکھی ہے۔ لیکن مہینے کے آغاز پر تنخواہوں کی وصولی کے لیے لوگوں نے بینکوں کا رخ کیا۔

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG