قیدیوں کی رہائی سے متعلق فیصلے کالعدم قرار
پاکستان میں سپریم کورٹ نے اسلام آباد، سندھ اور لاہور ہائی کورٹس کے کرونا وائرس کے پیش نظر قیدیوں کی رہائی سے متعلق فیصلوں کو کالعدم قرار دیتے ہوئے رہا کیے گئے قیدیوں کو دوبارہ گرفتارکرنے کا حکم دے دیا ہے۔
سپریم کورٹ نے اٹارنی جنرل کی قیدیوں سے متعلق سفارشات تسلیم کرلی ہیں۔ عدالت نے قرار دیا ہے کہ حالات چاہے کیسے ہی کیوں نہ ہوں قانون کا قتل نہیں ہونا چاہیے۔
سپریم کورٹ نے کرونا وائرس کےباعث انڈر ٹرائل قیدیوں کی رہائی سے متعلق ہائی کورٹس اور صوبائی حکومتوں کے فیصلے کے خلاف درخواست کو قابل سماعت قرار دیتے ہوئے رہا کیے گئے قیدیوں کو دوبارہ گرفتار کرنے کا حکم دیا۔
عدالت نے ہائی کورٹس کے احکامات کالعدم قرار دیتے ہوئے سنگین جرائم، نیب اور منشیات کے مقدمات میں دی گئی ضمانتیں بھی منسوخ کر دیں۔
عدالت نے قیدیوں کی رہائی سے متعلق اٹارنی جنرل کی تجاویز منظور کرلیں۔
فیس بک کرونا وائرس سے متعلق تحقیق میں مدد کرے گا
فیس بک انتظامیہ نے کہا ہے کہ کرونا وائرس کے حوالے سے تحقیق میں مدد کے لیے وہ وائرس کی علامات رکھنے والے صارفین کا ڈیٹا جمع کرنے اور طبی ضروریات کے تعین کے لیے سروے کرے گا۔
خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق کارنیگی میلن یونیورسٹی نے ایک تحقیقی منصوبہ شروع کیا ہے جس کے تحت سروے کے ذریعے اعداد و شمار اور معلومات جمع کی جائیں گی۔ جس سے اندازہ ہو سکے گا کہ کن مقامات میں وبا کے کیا اثرات ہیں اور ان علاقوں میں کیا ضروریات ہیں۔
فیس بک کے مطابق مخصوص صارفین کو ان کی نیوز فیڈ میں سب سے اوپر ایک نشان آئے گا جس میں واضح ہوگا کہ وہ سروے کا حصہ بنیں۔
تحقیقی ماہرین کے مطابق یہ سروے ان امکانات میں معاون ثابت ہوگا کہ کن علاقوں میں کیا طبی ضروریات ہیں۔
فیس بک کا کہنا ہے کہ اگر یہ تحقیق کرونا وائرس کے انسداد میں معاون ثابت ہوئی تو سروے دیگر ممالک میں بھی صارفین کے لیے پیش کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ فیس بک کی حریف کمپنی گوگل نے بھی گزشتہ ماہ اسی طرح کا سروے کیا تھا۔
پاکستان کے آرمی چیف کی ہدایت پر طبی آلات کوئٹہ بھجوا دیے گئے
پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کی ہدایت پر جدید طبی آلات اور حفاظتی کٹس کوئٹہ بھجوا دی گئی ہیں۔ آرمی چیف کا کہنا ہے کہ ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کرونا وائرس کے خلاف لڑنے والا ہراول دستہ ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان کی حکومت وائرس کا مقابلہ کرنے کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ مشکل کی اس گھڑی میں ہم سب کو ثابت قدم رہنے کی ضرورت ہے۔
حفاظتی کٹس اور طبی آلات کی قلت پر پیر کو کوئٹہ میں ڈاکٹرز اور طبی عملے نے احتجاج کیا تھا۔ جن پر پولیس کی جانب سے تشدد کیا گیا تھا۔
برازیل: ایمیزون جنگل کی آبادی کو کرونا وائرس سے بچانے کی کوششیں
کرونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے لیے دنیا کے سب سے بڑے برساتی جنگل ایمیزون میں بھی آمد و رفت کو محدود کر دیا گیا ہے۔ کشتی کے ذریعے جنگلات تک رسائی کے راستوں کو صرف ضروری سامان کی ترسیل کے لیے کھولا جا رہا ہے جس سے درجنوں دیہات کا دنیا سے رابطہ کٹ کر رہ گیا ہے۔
ایمیزون جنگل میں کشتیاں، موٹر بوٹس، فیریز ان علاقوں میں کاروں، بسوں اور ٹرکوں کا کام کرتی ہیں جو دریا کے ذریعے لوگوں اور سامان کو دور دراز کے علاقوں تک پہنچاتی ہیں۔
خبر رساں ادارے 'فرانس 24' کے مطابق برازیل کی ریاست ایمیزوناس کے حکام نے علاقے میں کرونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے ان علاقوں میں آنے والی دریائی ٹریفک کو محدود کر دیا ہے۔ تاکہ اس علاقے میں وائرس کا پھیلاؤ روکا جا سکے۔
یہ جنگلات ریاست ایمیزوناس کا حصہ ہیں۔ ایمیزوناس برازیل کی سب سے بڑی ریاست ہے، جس کے گنجان جنگلات 15 لاکھ مربع کلو میٹر (چھ لاکھ مربع میل) پر پھیلے ہوئے ہیں۔ یہ جنوبی امریکی ملک پیرو اور ایکواڈور کے مشترکہ سائز کے برابر ہے۔
مذکورہ ریاست میں کووڈ-19 کے 532 کیسز جب کہ 19 اموات ہو چکی ہیں۔ حکام کو خدشہ ہے کہ اگر یہ وائرس بارشوں کے اس جنگل خصوصاً وہاں کے رہائشی علاقوں میں پھیلا تو اس سے بڑی تباہی ہو سکتی ہے۔