جنوبی کوریا میں غیر ملکیوں کی ویزا فری انٹری بند
جنوبی کوریا میں لاک ڈاؤن کے احکامات ابھی جاری نہیں کیے گئے تاہم ملک میں سماجی فاصلہ برقرار رکھنے اور اسکول بند کرنے کے ساتھ وائرس کے نئے کیسز کی شرح میں کمی واقع ہوئی ہے۔
جنوبی کوریا کی حکومت نے بدھ کو 53 نئے کیسز کی تصدیق کی۔
اس ہفتے اس کرونا وائرس کے نئے کیسز کی شرح لگ بھگ اسی سطح پر برقرار ہے۔
جنوبی کوریا کے دارالحکومت سیول میں حکام نے خدشہ ظاہر کیا تھا کہ ملک کے دیگر علاقوں کے مقابلے میں سیول میں وائرس کے کیسز کی تعداد بڑھ سکتی ہے۔
کیسز بڑھنے کے بعد سیول کے میئر نے شہر میں موجود تمام بار اور نائٹ کلبز کی بندش کا حکم دے دیا ہے۔
جنوبی کوریا کے وزیر اعظم چنگ سوئے کیون نے غیر ملکیوں کے لیے ویزا فری انٹری بھی بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔
وزیر اعظم بورس جانسن کی حالت اب بہتر ہے: برطانوی نائب وزیر صحت
برطانیہ کے نائب وزیر صحت ایڈورڈ آرگر کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم بورس جانسن لندن کے ایک اسپتال کے انتہائی نگہداشت یونٹ میں دوسری رات گزارنے کے بعد اب بہتر حالت میں ہیں۔
بورس جانسن کو کرونا وائرس سے متاثر ہونے کے بعد اسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔
ایڈورڈ آرگر نے بتایا کہ بورس جانسن ٹھیک ہیں اور بہتر محسوس کر رہے ہیں۔
برطانوی وزیر اعظم کو اتوار کے روز اس وقت اسپتال لے جانا پڑا جب آئسولیشن کے دوران ان کی حالت بدستور خراب رہی۔ وہ کرونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد آئسولیشن میں چلے گئے تھے۔
برطانیہ میں دو ہفتوں سے لاک ڈاؤن کی صورت حال ہے جہاں اب تک کرونا وائرس کے 56000 سے زائد کیسز سامنے آئے ہیں جب کہ وبا سے 6100 افراد اپنی جانیں گنوا چکے ہیں۔
کرونا سے سب سے پہلے متاثر ہونے والے چینی شہر ووہان میں زندگی معمول پر آنے لگی
کرونا وائرس کا آغاز چین کے صوبے ہوبئی کے شہر ووہان سے ہوا تھا۔ وائرس کا علم ہوتے ہیں انتظامیہ نے نہ صرف ووہان بلکہ ہوبئی صوبے میں لاک ڈاؤن نافذ کر دیا تھا۔ اب پابندیاں بتدریج نرم کی جا رہی ہیں۔ ووہان شہر میں بھی زندگی معمول پر آنے لگی ہے۔
'گھر تو جا رہے ہیں لیکن کرونا کا ڈر بھی ہے'
کرونا وائرس کے باعث پاک افغان سرحد کی بندش سے کئی افغان شہری پاکستان میں پھنس گئے تھے۔ لیکن اب سرحد کھلنے کے بعد یہ لوگ اپنے وطن واپس جا رہے ہیں۔ ہمارے نمائندے مرتضیٰ زہری چمن بارڈر پر موجود ایک ایسے ہی خاندان سے ملوا رہے ہیں جنہیں وطن واپسی کی خوشی ہے، لیکن وہ کرونا وائرس کے خوف سے بھی دوچار ہیں۔