تین لاکھ شہری کرونا سے ہلاک ہو سکتے ہیں: افغان نائب صدر
افغانستان کے نائب صدر امر اللہ صالح نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ افغانستان میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے باعث تین لاکھ افراد ہلاک ہو سکتے ہیں۔
افغانستان میں جمعے کو کرونا وائرس کے مزید 37 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ جس کے بعد ملک میں کرونا وائرس کے مجموعی کیسز 521 ہو گئے ہیں۔
افغان صوبے ہرات میں 265، کابل میں 121 اور قندھار میں 34 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ افغان محکمہ صحت نے آنے والے دنوں میں کیسز بڑھنے کی پیش گوئی کی ہے۔
یورپی یونین کا رکن ممالک کے لیے 500 ارب یورو کا پیکج
یورپ کے 19 ممالک کے وزرائے خزانہ نے جمعرات کو ایک اجلاس میں 500 ارب یورو کے ایک پیکیج کی منظوری دی ہے جس کا مقصد کاروباری کمپنیوں، کارکنوں اور صحت عامہ کے نظام کو کرونا وائرس کے اثرات سے بچانے میں مدد فراہم کرنا ہے۔
یوروزون کے وزرا کے یوروگروپ کے صدر ماریو سین ٹینو نے کہا ہے کہ یہ ایک ایسا پیکج ہے جس کی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی۔
انہوں نے ایک بیان میں بتایا کہ منظور کیا جانے والا یہ پیکج یورپ کی کل مجموعی پیداوار یعنی جی ڈی پی کے چار فی صد کے برابر ہے۔
اُن کے بقول یورپین معیشت کو کسی بحران سے بچانے کےخود کار انتظامات کر لیے گئے ہیں۔ ماریو سین ٹینو کا کہنا تھا کہ اس سے پہلے کبھی بھی یورپ میں کسی بحران سے نمٹنے کے لیے اتنی جلدی ایسا قدم نہیں اُٹھایا گیا۔
ماریو سین ٹینو نے ایک ویڈیو نیوز کانفرنس کے دوران بتایا کہ اس فنڈنگ کے حصول کے لیے متعلقہ ممالک کو یہ ثابت کرنا ہو گا کہ طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے انہوں نے کتنی رقم خرچ کی ہے۔
بھارت: ایک ہی دن میں 800 سے زائد کیسز، مجموعی ہلاکتیں 199 ہو گئیں
بھارت میں کرونا وائرس کیسز کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ جمعرات کو ملک میں کرونا وائرس کے 809 کیسز رپورٹ ہوئے۔ جس کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد 6412 سے زیادہ ہو گئی ہے۔
بھارت کی مختلف ریاستی حکومتوں نے وائرس کے پھیلاؤ کے پیشِ نظر 21 روزہ لاک ڈاؤن میں توسیع کا عندیہ دیا ہے۔ البتہ وزیر اعظم نریندر مودی ہفتے کو ریاستی وزرائے اعلٰی کے ساتھ اس ضمن میں ویڈیو لنک پر مشاورت کریں گے۔
بھارت میں 21 روزہ لاک ڈاؤن کی میعاد منگل کو ختم ہو رہی ہے۔ البتہ وزیر اعظم مودی یہ عندیہ دے چکے ہیں، اس میں مزید توسیع ہو سکتی ہے۔
پاکستان نے کرونا سے نمٹنے کے لیے قائم کیے سارک ممالک کے فنڈ میں 30 لاکھ ڈالر جب کہ بھارت نے ایک کروڑ ڈالرز دینے کا اعلان کیا ہے۔
البتہ پاکستان کا یہ موقف ہے کہ بھارت کی بجائے سارک ممالک کی حکمت عملی کو سارک سیکریٹریٹ طے کرے۔ پاکستان نے بدھ کو سارک ممالک کے تجارتی نمائندوں کی ویڈیو کانفرنس کا بھی بائیکاٹ کیا تھا۔
ناکافی انتظامات پر چیف جسٹس پاکستان کا ازخود نوٹس
چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار احمد نے کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے کیے گئے حکومتی اقدامات پر ازخود نوٹس لے لیا ہے۔ موجودہ چیف جسٹس کا یہ پہلا ازخود نوٹس ہے۔
سپریم کورٹ نے اس ضمن میں اٹارنی جنرل آف پاکستان، سیکریٹری صحت، سیکریٹری داخلہ، چاروں صوبائی حکومتوں کو بھی نوٹس جاری کر دیے ہیں۔
چیف جسٹس کی سربراہی میں پانچ رکنی لارجر بینچ 13 اپریل کو ازخود نوٹس پر سماعت کرے گا۔