- By سہیل انجم
بھارت کے 364 اضلاع کرونا وائرس سے متاثر، ہلاکتیں 308 ہو گئیں
بھارت میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کرونا وائرس سے مزید 35 ہلاکتیں ہوئی ہیں جب کہ 620 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔
بھارت میں ہلاکتوں کی کل تعداد 308 تک پہنچ گئی ہے جب کہ کرونا وائرس کے مثبت کیسز کی تعداد 9152 ہو گئی ہے۔
گزشتہ چار دن میں مزید 80 اضلاع میں کرونا وائرس پھیل چکا ہے۔ ملک کے کل 364 اضلاع وبا سے متاثر ہیں۔
ریاست مہاراشٹر 1982 کیسز اور 149 ہلاکتوں کے ساتھ سرفہرست ہے۔
اتر پردیش میں خاتون نے 5 بچوں کو دریا میں پھینک دیا
اترپردیش کے ضلع بھدوہی میں ایک خاتون نے پانچ بچوں کو دریا میں پھینک دیا۔
مبینہ طور پر لاک ڈاون کی وجہ سے خاتون اپنے بچوں کے لیے اشیائے خورد و نوش کا انتظام نہ کر سکی تھیں۔ اسی وجہ سے انہوں نے بچوں کو دریائے گنگا میں پھینک دیا۔
ضلعی انتظامیہ کا دعویٰ ہے کہ خاتون نے لاک ڈاؤن کی وجہ سے نہیں بلکہ شوہر سے لڑائی کی وجہ سے یہ قدم اٹھایا۔
سرکاری دفاتر میں کام شروع
بھارت کے مرکزی وزرا اور حکومت کے اعلیٰ عہدے داروں نے پیر کی صبح سے دفاتر پہنچ کر کام شروع کر دیا ہے۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے اشارہ دیا ہے کہ منگل کے روز ختم ہونے والے 21 روزہ لاک ڈاؤن میں مزید 15 دنوں کی توسیع کی جا سکتی ہے۔
رپورٹس کے مطابق بعض علاقوں میں کچھ سہولتیں دی جائیں گی تاکہ معیشت کو جو نقصان ہو رہا ہے اس کا ازالہ کیا جا سکے۔
- By نوید نسیم
'نہ کوئی ٹرین آتی ہے، نہ کچھ ملتا ہے'
کرونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے پاکستان ریلوے نے متعدد ٹرینیں بند کر دی ہیں۔مسافروں کی آمد و رفت کم ہونے سے قُلی شدید مالی مشکلات کا شکار ہیں۔ قلیوں کے مطابق اُنہیں کسی بھی ذریعے سے آمدنی کی امید نہیں ہے۔
امریکی یونیورسٹی میں کرونا وائرس ویکسین کے تجربات
امریکہ کی پٹس برگ یونیورسٹی کے میڈیکل سینٹر میں کرونا وائرس کی نئى ممکنہ ویکسین کے جانوروں پر تجربات کیے گئے۔ اب انسانوں پر کلینیکل ٹرائلز جلد شروع ہونے کا امکان ہے۔ صبا شاہ خان کی رپورٹ
- By عمر فاروق
احساس پروگرام کے تحت پیسوں کی تقسیم، سماجی فاصلہ رکھنے کی ہدایت نظرانداز
خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں احساس پروگرام کے تحت پیسوں کی تقسیم کے لیے خواتین مقررہ مقامات پر جمع ہیں۔
پیسوں کی تقسیم کے حوالے سے مقررہ مقامات پر سماجی فاصلہ رکھنے کی ہدایات کو نظرانداز کیا جا رہا ہے۔
خیال رہے کہ احساس پروگرام کے تحت مستحق خاندانوں کو تین ماہ کے لیے 12000 روپے دیے جا رہے ہیں۔
کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے طبی ماہرین لوگوں کو ایک دوسرے سے مناسب فاصلہ رکھنے کی تجویز دے رہے ہیں۔