'سندھ میں آئندہ 14 دن مزید سخت لاک ڈاؤن ہوگا'
وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ اگلے 14 دن مزید سخت لاک ڈاؤن ہوگا۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ وبا سے خطرات موجود ہیں اسی لیے لاک ڈاؤن میں توسیع کی گئی ہے۔ صبح 8 سے 5 کے بعد مزید سختی کی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ خواتین کے سوا موٹر سائیکل پر کسی کو ڈبل سواری کی اجازت نہیں ہوگی۔ بچوں کے ساتھ موٹر سائیکل پر سفر نہیں کیا جا سکتا۔
انہوں نے وفاقی حکومت کی جانب سے مختلف کاروبار کھولنے کی اجازت پر سندھ کی جانب سے اختلاف کا بھی ذکر کیا۔
مراد علی شاہ نے مزید کہا کہ پاکستان میں کرونا وائرس کے جتنے ٹیسٹ ہو رہے ہیں اس میں سامنے آنے والے کیسز عالمی اوسط کے مطابق ہیں۔
500 ٹیسٹ کرنے پر 50 کے نتائج مثبت آ رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کرونا کی وبا میں مبتلا افراد کے نام سامنے لانا مناسب نہیں ہے۔ بڑے اداروں کے افراد بھی متاثرہ افراد کے نام سامنے لا رہے ہیں۔
وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ سندھ میں کرونا وائرس سے ہلاکتوں کی شرح 2.4 فی صد ہے جب کہ صوبے میں ٹیسٹ کرنے کی شرح 10 فی صد ہے۔
مراد علی شاہ نے بتایا کہ عالمی ادارہ صحت کے مطابق سندھ کے علاوہ کہیں ڈبلیو ایچ او کی ہدایات پر عمل نہیں ہو رہا۔
'ٹی ٹونٹی کرکٹ ورلڈ کپ متاثر ہوا تو بھاری مالی نقصان ہوگا'
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی نے متنبہ کیا ہے کہ اگر رواں سال کے آخر میں ہونے والا ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کرونا وائرس کے سبب متاثر ہوا تو عالمی کرکٹ کو بھاری مالی نقصان ہوگا۔
یہ ٹورنامنٹ آسٹریلیا میں رواں سال اکتوبر، نومبر میں ہونا ہے لیکن دنیا میں لاک ڈاؤن کے سبب یقینی طور پر یہ کہنا قبل از وقت ہوگا کہ ٹورنامنٹ طے شدہ شیڈول کے مطابق ہوسکے گا یا نہیں۔
احسان مانی نے پی سی بی پوڈ کاسٹ پر کہا کہ ورلڈ ٹی ٹونٹی میں کسی بھی سبب خلل پڑتا ہے تو اس سے ہونے والا مالی نقصان بہت بڑا ہوگا۔ آئی سی سی ممبروں کو ہم جیسے بہت سارے بورڈز کے حوالے سے سوچنا ہوگا۔
- By شمیم شاہد
امارات سے آنے والے 189 افراد پشاور قرنطینہ منتقل
متحدہ عرب امارات سے پشاور پہنچنے والے 189 مسافروں کو نواحی علاقے دوران پور میں شہید ذوالفقار علی بھٹو پوسٹ گریجویٹ میڈیکل کالج میں قائم کردہ قرنطینہ میں منتقل کر دیا گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ بدھ کی صبح خصوصی چارٹر طیارے کے ذریعے پشاور پہنچنے والے تمام مسافر چھوٹے جرائم کے باعث یو اے ای کی جیلوں میں قید تھے۔ تمام مسافروں کا تعلق خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع سے ہے۔
- By سہیل انجم
بھارت میں لاک ڈاؤن کا دوسرا مرحلہ، نئی ہدایات جاری
بھارت کی مرکزی حکومت نے لاک ڈاؤن کے دوسرے مرحلے کے لیے نئی ہدایات جاری کر دی ہیں۔
جاری کردہ ہدایات کے مطابق عوامی مقامات اور کام کرنے کی جگہوں پر فیس ماسک لگانا لازمی ہے۔
حکومت نے 20 اپریل کے بعد اقتصادی سرگرمیاں شروع کرنے کے لیے بھی ایک فہرست جاری کی ہے۔ جس کے مطابق دیہی علاقوں میں عمارتوں کی تعمیر کی اجازت ہوگی البتہ شہری علاقوں میں یہ اجازت اسی صورت میں ہوگی جب مزدور اور کام کرنے والے جائے تعمیر یا سائٹ ہی پر قیام کریں۔
نئی ہدایات کے تحت دیہی علاقوں میں پیداواری یونٹس اور صنعتوں کو کام کرنے کی اجازت ہوگی۔
حکومت نے جمنازیم، سوئمنگ پولز، اسپورٹس کمپلیکس، سنیما ہالز، شاپنگ مالز، تمام تعلیمی ادارے، کوچنگ سینٹرز، گھریلو اور بین الاقوامی پروازوں سمیت ٹرین و بس سروس 3 مئی تک بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
تمام عبادت گاہیں اور مذہبی ادارے بھی عوام کے لیے بند رہیں گی۔
کسی کی موت کی صورت میں آخری رسوم کی ادائیگی میں صرف 20 افراد کی شرکت کی اجازت دی گئی ہے۔