جرمنی میں دکانیں کھلنا شروع
یورپی ملک جرمنی میں کرونا وائرس کے سبب نافذ کردہ لاک ڈاؤن میں نرمی کرتے ہوئے کچھ دکانیں کھول دی گئی ہیں۔
یورپی ممالک اٹلی، اسپین اور فرانس میں کرونا وائرس کے سبب ایک دن میں ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد میں مسلسل کمی دیکھی جا رہی ہے جس کے بعد ان ملکوں نے پابندیوں میں نرمی پر غور شروع کر دیا ہے۔
جرمنی نے پیر کو بعض دکانیں کھولنے کی اجازت دے دی ہے جب کہ حکام کا کہنا ہے کہ مختلف شہروں میں بڑی دکانیں بھی جلد کھول دی جائیں گی۔
جرمنی میں چار مئی سے اسکول بھی کھول دیے جائیں گے۔ جرمنی کو یورپ میں کرونا وائرس پر قابو کرنے والا سب سے کامیاب ملک قرار دیا جا رہا ہے۔
بلوچستان میں کرونا کیسز کی تعداد میں اضافہ
بلوچستان حکومت کے ترجمان لیاقت شاہوانی نے پیر کو وائس آف امریکہ کو بتایا ہے کہ صوبے میں کرونا وائرس کے کیسز میں اضافے کی وجہ مشتبہ افراد کے ٹیسٹ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ صوبے میں کرونا وائرس کے مشتبہ افراد کے ٹیسٹ شروع ہو گئے ہیں۔ روانہ کی بنیاد پر پچاس سے زائد افراد کے ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں۔
ترجمان نے بتایا کہ اب تک صوبے میں 5315 کرونا کے مشتبہ افراد کے ٹیسٹ کیے گئے ہیں جن میں سے 432 کا نتیجہ مثبت آیا ہے جب کہ 5793 مزید مشتبہ افراد کے ٹیسٹ کیے جائیں گے۔
کرونا وائرس کے شکار افراد کا تعلق کوئٹہ، مستونگ، جعفر آباد، چمن اور سبی سے ہے۔
صوبائی حکومت کے ترجمان نے کہا کہ ایران سے بلوچستان آنے والے کرونا متاثرین کی تعداد 145 ہے جب کہ مقامی سطح پر 287 افراد اس وبا کا شکار ہوئے ہیں۔
- By سدرہ ڈار
لاک ڈاؤن متاثرین کے لیے گھر کا پکا ہوا کھانا
کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے باعث لاک ڈاؤن کئی افراد کے روزگار کی بندش کا سبب بن گیا ہے۔ ایسے میں بہت سی فلاحی تنظیمیں متاثرین کو راشن فراہم کر رہی ہیں۔ لیکن کراچی کی ایک فیملی نے اس سے بھی زیادہ کرنے کا عزم کر رکھا ہے۔ یہ خاندان کیسے اُن لوگوں کی مدد کر رہا ہے؟ دیکھیے سدرہ ڈار کی اس رپورٹ میں