قانونی تارکینِ وطن کے امریکہ داخلے پر 60 روز کی پابندی عائد
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نےنقل مکانی کر کے امریکہ میں مستقل سکونت اختیار کرنے کے خواہش مند افراد کی آمد پر 60 روز کی پابندی عائد کر دی ہے۔
صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امیگریشن پر عائد کردہ نئی پابندی کا اطلاق صرف اُن افراد پر ہوگا جو امریکہ میں مستقل سکونت اختیار کرنے کے لیے گرین کارڈ حاصل کرنے کے خواہش مند ہیں۔
انھوں نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد کرونا وائرس کی وجہ سے بے روزگار ہونے والے امریکیوں کو دوبارہ ملازمت حاصل کرنے کے سلسلے میں تحفظ فراہم کرنا ہے۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ اس پابندی کو وہ ایک انتظامی حکم نامے کے ذریعے نافذ کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں، جس پر وہ امکانی طور پر بدھ کے روز دستخط کریں گے۔
- By زبیر ڈار
بھارتی کشمیر میں رمضان میں راشن فراہمی کی تیاری
بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں حکومت نے رمضان میں لوگوں کو خوراک پہنچانے کی تیاری شروع کر دی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ 30 ہزار کے قریب امدادی سامان کے پیکٹ بنائے جا رہے ہیں۔
حکام کے مطابق امدادی سامان رمضان میں لوگوں کو پہنچایا جائے گا۔
- By سہیل انجم
بھارت کے بڑے شہروں میں صحافی تیزی سے وبا سے متاثر ہونے لگے
بھارت میں فیلڈ میں کام کرنے والے صحافی بھی اب کروناوائرس کے شکار ہونے لگے ہیں۔ ممبئی کے 53 اور چنئی کے 25 صحافیوں کا کرونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔ دونوں مقامات کے متاثرہ صحافیوں کی اکثریت نیوز چینلز سے تعلق رکھتی ہے۔
ممبئی میونسپل کارپوریشن کی جانب سے 167 صحافیوں کا کرونا وائرس ٹیسٹ کیا گیا تھا۔
ممبئی کے سینئر صحافی اشوک باگریا کے مطابق ایک نیوز چینل کی پوری ٹیم کا کرونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔
میونسپل کارپوریشن آف گریٹر ممبئی کے کےمطابق الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا دونوں سے وابستہ رپورٹرز، فوٹوگرافرز اور کیمرا پرسنز کے ٹیسٹ کیے گئے تھے۔ وبا سے متاثر تمام صحافیوں کو گورے گاؤں کے ایک اسپتال میں قرنطینہ میں رکھا گیا ہے۔
تمل ناڈو محکمہ صحت کے مطابق چنئی میں ایک نیوز چینل کے 90 صحافیوں کا کرونا ٹیسٹ کیا گیا تھا جن میں سے 25 صحافیوں کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔
دہلی حکومت کی جانب سے بھی صحافیوں کا مفت کرونا ٹیسٹ شروع کر دیا گیا ہے۔
کرونا وائرس کے سات کیسز، اسلام آباد کا مدرسہ اور مسجد سیل
اسلام آباد کے ایک مذہبی تعلیمی ادارے میں کرونا وائرس کے سات کیسز مثبت آنے کے بعد مدرسے اور مسجد کو سیل کر دیا گیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر اسلام آباد حمزہ شفقات نے بتایا کہ اسلام آباد کے سیکٹر-ایف سیون میں مدرسہ باب الاسلام ہے جہاں کے خطیب قائم علی شاہ کے والد کا دو روز قبل انتقال ہوا تھا۔
ان کے بقول خطیب قائم علی شاہ کے والد کا کرونا کا ٹیسٹ لیا گیا تھا جس کا رزلٹ مثبت آیا۔ اس کے بعد ان کے اہل خانہ اور قریب رہنے والے افراد کا ٹیسٹ کیا گیا تو سات افراد کے ٹیسٹ کے نتائج مثبت آئے۔ جس کے بعد مدرسے اور مسجد کو سیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ اس بارے میں مزید تحقیق بھی کی جا رہی ہے جب کہ جو افراد ان سے رابطے میں رہے ان کے بارے میں بھی جاننے کی کوشش کی جا رہی ہے۔