چین کے دو بڑے شہروں میں تعلیمی ادارے کھل گئے
چین کے دو انتہائی اہم شہروں میں تین ماہ بعد اسکول کھول دیے گئے ہیں جہاں بچوں کی تدریس کا سلسلہ ایک بار پھر شروع ہو گیا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے 'اے ایف پی' کی رپورٹ کے مطابق چین کی حکومت نے کرونا وائرس کے باعث عائد پابندیوں میں بتدریج نرمی کرنا شروع کر دی ہے۔
پیر سے بیجنگ اور شنگھائی میں تعلیمی ادارے کھول دیے گئے جہاں کئی ماہ بعد تدریس کا سلسلہ ایک بار پھر بحال ہوا ہے۔
شنگھائی میں ثانوی اور اعلیٰ ثانوی جماعتوں کے اُن طلبہ کو کلاس میں جانے کی اجازت دی گئی ہے جو فائنل ایئر میں ہیں۔ بیجنگ میں صرف اعلیٰ ثانوی تعلیمی اداروں کے طلبہ کو کلاسز میں جانے کی اجازت دی گئی ہے۔
اسکول کھلنے کے حوالے سے شنگھائی کی 18 سالہ طالبہ ہانگ ہوان کا کہنا تھا کہ "مجھے خوشی ہے کہ میں ایک طویل عرصے کے بعد اپنی ہم جماعت ساتھیوں سے مل سکوں گی۔
- By شمیم شاہد
افغانستان میں پھنسے پاکستانی باشندوں کی واپسی
افغانستان میں مارچ کے وسط سے پھنسے پاکستانی باشندوں کی واپسی کا سلسلہ طورخم کے راستے جاری ہے۔
افغانستان سے وطن واپس آنے والوں کے لیے ضلع خیبر میں لگ بھگ سات خصوصی قرنطینہ مراکز قائم کیے گئے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ اتوار کی شام تک ان مراکز میں 1334 افراد رکھے گئے ہیں اور ان میں بھی 108 افراد میں کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔ جب کہ 911 افراد کو کلیئر قرار دیا گیا ہے۔
- By شمیم شاہد
متحدہ عرب امارات سے وطن واپس آنے والے 68 افراد میں کرونا کی تصدیق
متحدہ عرب امارات کی ریاست دبئی سے پاکستان واپس آنے والے 68 افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔
پرونشل ڈیزازٹر مینیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق 25 اپریل کو پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز کی تین خصوصی پروازوں کے ذریعے 684 افراد پشاور کے باچا خان انٹرنیشنل ایئر پورٹ پہنچے تھے۔ جن میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے۔
حکام کے مطابق ان افراد کو پشاور کے مختلف علاقوں میں قائم کردہ قرنطینہ مراکز میں رکھا گیا ہے۔ جن میں سے 434 افراد کے کرونا ٹیسٹس کیے گئے۔ جس کی رپورٹ کے مطابق 68 افراد میں کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔
کئی ملکوں میں لاک ڈاؤن میں نرمی
دنیا بھر میں کرونا وائرس کے سبب جاری لاک ڈاؤن کے بعد اس مہلک وبا سے متاثر ہونے والے کئی ممالک میں معمولات زندگی ایک بار پھر بحال ہونا شروع ہو گئے ہیں۔
چین کے دو بڑے شہروں بیجنگ اور شنگھائی میں اسکول کھول دیے گئے ہیں جب کہ حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ ووہان کے اسپتالوں میں موجود کرونا وائرس کے تمام مریض صحت یاب ہو گئے ہیں جنہیں ڈسچارج کر دیا گیا ہے۔
عالمی وبا سے دنیا کا سب سے زیادہ متاثر والا ملک امریکہ ہے جس کی کئی ریاستوں میں عائد پابندیوں میں نرمی کی گئی ہے۔ نیویارک کے گورنر نے بھی اشارہ دیا ہے کہ مئی کے وسط سے نیویارک کو جزوی طور پر کھول دیا جائے گا۔
یورپی ملک اٹلی میں چار مئی سے معمولات زندگی پر لگائی گئی پابندیوں کو نرم کرنے گا آغاز ہو گا جب کہ اسپین بھی لاک ڈاؤن میں نرمی کا فیصلہ کر چکا ہے۔