دریائے گنگا کے پانی سے کرونا کے علاج کی درخواست مسترد
انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ (آئی سی ایم آر) نے مودی حکومت کی آبی وسائل کی وزارت 'جل شکتی' کی اس درخواست کو مسترد کر دیا ہے جس میں کہا گیا تھا کہ، اس بات کی تحقیق کی جائے کہ دریائے گنگا کے پانی سے کرونا وائرس کا علاج ہو سکتا ہے۔
میڈیکل ریسرچ کونسل نے ایک ویب سائٹ ”دی پرنٹ“ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ چوں کہ وہ کرونا سے لڑنے پر اپنی توجہ مبذول کیے ہوئے ہے اس لیے وہ اس معاملے میں پڑنے اور تحقیق کرنے میں اپنا وقت برباد کرنا نہیں چاہتی۔
جل شکتی کی وزارت نے ایک غیر سرکاری تنظیم 'اتولیہ گنگا' کی مذکورہ تجویز کونسل کو پیش کی تھی۔ تنظیم نے اپنی اس درخواست کی کاپی آبی وسائل کی وزارت اور وزیرِ اعظم کے دفتر کو بھی ارسال کی تھی۔
مذکورہ تنظیم کا کہنا ہے کہ دریائے گنگا کے پانی میں 'ننجا وائرس' نام کا ایک وائرس ہے جس سے کووڈ۔19 کا علاج ہو سکتا ہے۔
گھروں میں کام کرنے والے ملازمین بے روزگار
وائٹ ہاؤس کے اہلکار کا کرونا ٹیسٹ مثبت، صدر و نائب صدر کا ٹیسٹ منفی
امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور نائب صدر مائیک پینس کا کرونا وائرس ٹیسٹ منفی آیا ہے۔ وائٹ ہاؤس کے ایک اہلکار کا کرونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد صدر و نائب صدر کا ٹیسٹ کیا گیا تھا۔
وائٹ ہاؤس میں تعینات امریکی فوجی اہلکار کا بدھ کو کرونا وائرس ٹیسٹ مثبت آیا تھا جس کے بعد صدر ٹرمپ اور نائب صدر مائیک پینس کا کرونا ٹیسٹ کیا گیا۔
جمعرات کو اوول آفس میں ٹیکساس کے گورنر سے ملاقات کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ کرونا سے متاثرہ اہلکار اُن سے رابطے میں تھا۔
اُن کے بقول، وہ کرونا وائرس سے متاثرہ اہلکار کو اچھی طرح جانتے ہیں، وہ ایک اچھا شخص ہے، اس میں کرونا وائرس کی تشخیص ہونا حیران کن ہے۔
کرونا وائرس کی لپیٹ میں آگئی تھی مگر اب صحت یاب ہوں: میڈونا
کرونا وائرس نے امریکہ کی 'کوئن آف پاپ' گلوکارہ میڈونا کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا تھا۔ تاہم اب وہ صحت یاب ہو گئی ہیں۔
میڈونا نے کرونا وائرس سے متاثر ہونے کا انکشاف سماجی میڈیا پلیٹ فارم 'انسٹاگرام' پر اپنی پوسٹ میں کیا ہے۔
میڈونا کا کہنا ہے کہ بیماری کے سبب ہی انہوں نے پیرس میں رواں سال 10 مارچ کو ہونے والا کنسرٹ منسوخ کیا تھا۔ جب کہ فروری میں منعقدہ کنسرٹ میں انہوں نے اپنی پوری ٹیم کے ساتھ پرفارم کیا تھا۔
امریکی پاپ گلوکارہ میڈونا کا پوسٹ میں کہنا تھا کہ مارچ کے ابتدا میں انہیں نزلہ و زکام ہوگیا۔ جو اس قدر شدید تھا کہ ان کی طبیعت بری طرح بگڑ گئی۔