رسائی کے لنکس

پاکستان میں کرونا سے مزید 44 اموات، مثبت کیسز کی شرح کم ہونے لگی

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 56 ہزار 260 ٹیسٹ کیے گئے جن کے مثبت آنے کی شرح 5.36 فی صد رہی۔ 24 گھنٹوں میں ہونے والی 44 اموات کے بعد وبا سے ہونے والی مجموعی ہلاکتیں 29 ہزار 731 ہو گئی ہیں۔

13:23 14.5.2020

لاہور پولیس کا پہلا اہلکار کرونا وائرس سے ہلاک

صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور پولیس کے پہلے اہلکار کی کرونا وائرس کے باعث ہلاکت ہوئی ہے۔

ترجمان لاہور پولیس کے مطابق 27 سالہ شمس شفیق تھانہ ہربنس پورہ میں تعینات تھے۔ دوران ڈیوٹی اُن میں کرونا کی تشخیص ہوئی تھی، جس کے بعد وہ لاہور کے میو اسپتال میں زیرِ علاج تھے۔

شمس شفیق لاہور کے علاقے اسکندریہ کالونی کے رہائشی وہ تین بچوں کے والد تھے۔

لاہور پولیس چیف ذوالفقار حمید کا کہنا ہے کہ شمس شفیق کو شہید پیکج دلوانے کے لیے آئی جی پنجاب سے سفارش کی جائے گی۔ اُن کے اہل خانہ کا بھی بھرپور خیال رکھا جائے گا۔

لاہور میں اب تک 75 پولیس اہلکار کرونا وائرس کا شکار ہو چکے ہیں جب کہ 12 صحت یابی کے بعد اسپتالوں سے ڈسچارج ہو چکے ہیں۔

13:10 14.5.2020

بھارت میں 30 جون تک بک کی گئیں ٹرین کی ٹکٹیں کینسل

انڈین ریلویز نے مسافر ٹرینوں میں 30 جون تک کے سفر کے لیے بک کی گئی تمام ٹکٹیں کینسل کر دی ہیں۔

تمام مسافروں کو پورا کرایہ واپس کرنے کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔ یہ ٹکٹیں لاک ڈاؤن کے نفاذ سے قبل بک کرائی گئی تھیں۔

ریلویز کے مطابق مزدوروں کو ان کے گھر تک لے جانے، اور نئی دہلی ریلوے اسٹیشن سے مختلف شہروں کے لیے چلائی جانے والی بعض ٹرینیں چلتی رہیں گی۔

خبر رساں ادارے 'پی ٹی آئی' کے مطابق ریلویز نے 94 لاکھ بک کی گئی ٹکٹیں کینسل کرنے کے بعد 1490 کروڑ روپے واپس کیے ہیں۔

بائیس مارچ سے 14 اپریل کے درمیان یعنی پہلے مرحلے کے لاک ڈاون کے وقت کی منسوخ شدہ ٹکٹوں کے عوض 830 کروڑ روپے واپس کیے گئے۔

دریں اثنا بھارت میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا کے 3722 نئے مثبت کیسز پائے گئے اور 134 اموات ہوئیں۔ اس طرح بھارت میں کل مثبت کیسز کی تعداد 78003 اور اموات کی تعداد 2549 تک پہنچ گئی ہے۔

13:01 14.5.2020

اسپین سے تین پاکستانیوں کی میتیں لاہور پہنچ گئیں

حکومتِ پاکستان نے بیرون ملک کرونا وائرس سے ہلاک ہونے والے پاکستانیوں کی میتیں وطن واپس لانے کی اجازت دے دی ہے۔ جس کے بعد اسپین سے کرونا وائرس سے ہلاک ہونے والے تین افراد کی میتیں آج لاہور پہنچ گئیں۔

سول ایوی ایشن اتھارٹی نے گزشتہ روز نوٹی فکیشن جاری کیا تھا۔ جس کے مطابق میت منتقلی کے لیے سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ایس او پیز پر عمل درآمد کرایا جائے گا۔

ایس او پیز میں میت کی منتقلی کے لیے سیل شدہ تابوت کے علاوہ میت کی منتقلی پر مامور عملے کے لیے ڈس انفیکشن سمیت حفاظتی اقدامات ہر صورت کرنا ہوں گے۔

بیرون ملک سے میت مسافر طیارے کے کارگو یا کارگو طیارے میں لائی جا سکے گی۔ میت پاکستان لانے سے پہلے ایئر لائن سول ایوی ایشن اتھارٹی کو 48 گھنٹے پہلے آگاہ کرے گی۔

متعلقہ عملے کو حفاظتی سوٹ، ماسک، گلوز، عینک، فیس شیلڈ لازمی پہننا ہوں گے۔

منتقلی کے لیے میت کو مخصوص کیمیکل لگانے اور کپڑے سے لپیٹنا بھی ضروری ہو گا۔ میت منتقلی کے لیے متعلقہ مردہ خانے اور متعلقہ ملک سے جاری کردہ سرٹیفکیٹ بھی لازمی ہو گا۔ دستاویزی کارروائی پر مبنی تمام ریکارڈ کا دستی یا بذریعہ ای میل فراہم کرنا بھی ضروری ہو گا۔

12:06 14.5.2020

سوشل ڈسٹینسگ پر عمل درآمد سے فضائی سفر کے اخراجات بڑھنے کا خدشہ

فائل فوٹو
فائل فوٹو

دبئی ایئرپورٹ کے چیف ایگزیکٹو پال گرفتھس نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ سوشل ڈسٹینسنگ کی ہدایات پر عمل کیا تو فضائی سفر کے اخراجات اور کرایوں میں اضافہ ہو سکتا ہے۔

انہوں نے ایک انٹرویو میں کہا کہ اگر ایئرلائنز سوشل ڈسٹینسنگ کی پابندیوں پر عمل کرانے کے لیے محدود مسافروں کو لے کر جائیں گی اور لوگوں کے درمیان فاصلہ برقرار رکھنے کے لیے کم ٹکٹس فروخت کریں گی تو اس کا نتیجہ لامحالہ کرایوں میں اضافے کی صورت میں نکلے گا۔

انہوں نے کہا کہ جب تک کوئی ویکسین، علاج یا کرونا ٹیسٹنگ کا فوری طریقہ سامنے نہیں آ جاتا، تب تک ان احتیاطی پابندیوں کو نافذ رکھنا لازم ہے تاکہ عالمی وبا کا پھیلاؤ روکا جا سکے۔

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG