رسائی کے لنکس

پاکستان میں کرونا سے مزید 44 اموات، مثبت کیسز کی شرح کم ہونے لگی

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 56 ہزار 260 ٹیسٹ کیے گئے جن کے مثبت آنے کی شرح 5.36 فی صد رہی۔ 24 گھنٹوں میں ہونے والی 44 اموات کے بعد وبا سے ہونے والی مجموعی ہلاکتیں 29 ہزار 731 ہو گئی ہیں۔

16:54 20.5.2020

'حکومت آئندہ بجٹ میں کوئی نیا ٹیکس نہیں لگائے گی'

وزیرِ اعظم کے مشیر برائے خزانہ اور محصولات ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے اعلان کیا ہے کہ حکومت آئندہ بجٹ 21-2020 میں کوئی نیا ٹیکس لاگو نہیں کرے گی۔

حفیظ شیخ نے آئندہ بجٹ کو 'کرونا بجٹ' کا نام دیتے ہوئے کہا کہ اس اسمارٹ بجٹ میں معیشت کو دوبارہ سے رواں رکھنے کے اقدامات کیے جائیں گے۔

نجی ٹیلیویژن کو دیے گئے انٹرویو میں وزیرِ اعظم کے مشیر نے کہا کہ حکومت آنے والے بجٹ میں بہت سی اشیا پر ڈیوٹی صفر کرے گی جس سے صنعتوں اور پاکستان کے عوام کو راحت ملے گی۔

'کرونا بجٹ' کے حوالے سے حفیظ شیخ نے مزید کہا کہ حکومت اسمارٹ بجٹ تیار کر رہی ہے جس کے تحت حکومتی اخراجات اور ترقیاتی بجٹ کو بھی محدود رکھا جائے گا کیوں کہ آئندہ مالی سال بھی کرونا وائرس کے اثرات ملکی معیشت پر جاری رہیں گے۔

خیال رہے کہ وزارتِ خزانہ نے آئندہ مالی سال کے لیے مجموعی قومی پیداوار کا ہدف ایک فی صد رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

مزید پڑھیے

16:51 20.5.2020

اقوام متحدہ کا افریقہ کے لیے امداد کا مطالبہ

اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کرونا وائرس کی وبا کے حوالے سے افریقہ کے لیے عالمی امداد کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ افریقی ممالک کو حفظان صحت کا نظام بہتر اور خوراک کی ترسیل کو یقینی بنانے کے لیے بین الاقوامی مالی امداد کی اشد ضرورت ہو گی۔

ایک بیان میں افریقی ممالک کی تعریف کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان ممالک نے قرنطینہ اور سرحدیں بند کرنے کے سلسلے میں بر وقت اقدامات کیے جب کہ وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے علاقائی تعاون پر انحصار کرتے ہوئے حکمت عملی وضع کی۔

انہوں نے کہا کہ کرونا وائرس سے افریقی ممالک کی ترقی کو خطرہ لاحق ہے۔ اس سے طویل عرصے سے جاری عدم مساوات، بڑھتی ہوئی بھوک و افلاس، خوراک کی کمی اور بیماریوں کے خطرات درپیش ہیں۔

سیکریٹری جنرل نے کہا کہ افریقی ممالک سے اشیا کی مانگ، سیاحت اور رقوم کی ترسیل پہلے ہی کم ہو چکی ہے۔ تجارتی زون کے معاملات بھی متاثر ہوئے ہیں۔

ان کے بقول اس بات کا حقیقی خطرہ موجود ہے کہ بڑی تعداد میں شہری انتہائی غربت کا شکار ہو جائیں۔

15:04 20.5.2020

خیبرپختونخوا حکومت کا سیاحتی مقامات بند رکھنے کا فیصلہ

خیبرپختونخوا حکومت نے کرونا وائرس کے باعث جاری جزوی لاک ڈاؤن کو مدنظر رکھتے ہوئے صوبے کے سیاحتی مقامات بند رکھنے فیصلہ کیا ہے۔

محکمہ سیاحت کے سیکریٹری خوشحال خان نے کہا ہے کہ حکومت کی کوشش ہے کہ وائرس پر جلد قابو پا لیا جائے جس کے بعد سیاحوں کے لیے سیاحتی مقامات کھولے جائیں گے۔

خیبرپختونخوا حکومت نے نئے ایس او پیز کا مسودہ تیار کیا ہے تاہم متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاورت کے بعد مناسب وقت پر اس کی منظوری دی جائے گی۔

14:15 20.5.2020

خیبرپختونخوا: عوامی نیشنل پارٹی کے متعدد رہنما وائرس سے متاثر

خیبر پختونخوا میں کرونا وائرس سے عوامی نیشنل پارٹی کے کئی رہنما متاثر ہوئے ہیں۔

گزشتہ روز پارٹی کے مرکزی سیکریٹری جنرل میاں افتخار حسین کے بھائی محمد سریر وائرس سے انتقال کر گئے تھے جب کہ میاں افتخار حسین بھی وبا سے متاثر ہوئے ہیں اور گھر میں قرنطینہ میں ہیں۔

میاں افتخار حسین اپنے بھائی کی نمازِ جنازہ میں شریک تھے تاہم ان کی حالت بگڑنے پر انہیں گھر منتقل کر دیا گیا تھا۔

عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما اور سابق وفاقی وزیر حاجی غلام احمد بلور بھی دو دن قبل وائرس سے متاثر ہوئے ہیں جب کہ ان کے خاندان کے دیگر افراد کے ٹیسٹ کے نتائج کا انتظار ہے۔

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG