پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر میں کرونا سے اموات کی تعداد چار ہو گئی
پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر کے حکام کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا سے مزید دو افراد کی ہلاکت ہوئی ہے۔
پاکستانی کشمیر میں اب کرونا سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد چار ہو گئی ہے۔ مظفر آباد میں آئسولیش وارڈ میں زیرِ علاج ایک خاتون جب کہ میر پور میں ایک شخص کرونا کے باعث ہلاک ہوا ہے۔
گزشتہ روز بھی کرونا کے باعث ایک عمر رسیدہ خاتون انتقال کر گئی تھیں۔ پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر میں کرونا سے ہلاک ہونے والوں میں دو مرد اور دو خواتین شامل ہیں۔
پاکستانی کشمیر میں کرونا سے متاثر ہونے والوں کی تعداد 211 ہو گئی ہے۔ اب تک ایک سو کے قریب افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔
عالمی ادارہ صحت نے ہائیڈروکسی کلورو کوئن کے ٹرائلز روک دیے
عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے کرونا کے علاج کے لیے امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تجویز کردہ دوا ہائیڈروکسی کلورو کوئن کے ٹرائلز فوری روکنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ڈبلیو ایچ او کے مطابق دوا کے استعمال سے شرح اموات میں اضافے کے شواہد ملے ہیں۔
وزیر اعظم پاکستان کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے بھی ایک ٹوئٹ میں دوا کے کلینکل ٹرائلز روکنے کا اعلان کیا ہے۔
اپنی ٹوئٹ میں ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا ہے کہ دوا استعمال کرنے والے 10 ملکوں کے جائزہ اجلاس میں دوا کا استعمال روکنے ترک کرنے کا فیصلہ ہوا ہے۔
ڈاکٹر ظفر مرزا کے بقول دوا کے استعمال سے شرح اموات میں اضافہ ہوا ہے۔
خیال رہے کہ امریکہ کے صدر ملیریا کے علاج کے لیے استعمال ہونے والی ہائیڈروکسی کلورو کوئن استعمال کرنے کے بڑے حمایتی ہیں۔
کرونا وائرس: چین کا بھارت سے اپنے شہریوں کے انخلا کا اعلان
چین نے کرونا وائرس کے باعث بھارت میں پھنسے اپنے شہریوں کو خصوصی پروازوں کے ذریعے وطن واپس لانے کا فیصلہ کیا ہے۔
یہ فیصلہ ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب بھارت میں کرونا وائرس کیسز میں تیزی سے اضافے کے علاوہ چین کے ساتھ سرحدی تنازعات پر کشیدگی میں بھی اضافہ دیکھا گیا ہے۔
بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق چین نے بھارتی دارالحکومت نئی دہلی، کولکتہ اور ممبئی سے شنگھائی، گوانگژو، جینان، ژینگژو کے لیے خصوصی پروازوں کا انتظام کیا ہے جن کا آغاز دو جون سے ہو گا۔
پیر کو بھارت میں چین کے سفارت خانے کی ویب سائٹ پر خصوصی پروازیں چلانے کا اعلان کیا گیا۔ چینی شہریوں سے کہا گیا ہے کہ وہ مذکورہ فلائٹس میں اپنی ٹکٹس بک کرا سکتے ہیں۔
بھارت کے خبر رساں ادارے 'ٹائمز آف انڈیا' کے مطابق بھارت کے وزارتِ خارجہ کا کہنا ہے کہ وہ چینی شہریوں کی واپسی کے عمل میں چینی حکام سے تعاون کرے گی۔
بھارتی حکام کا کہنا ہے کہ گزشتہ ہفتے تک بھارت سے 60 ہزار کے لگ بھگ غیر ملکی شہریوں کا انخلا ہو چکا ہے۔
بھارت سے جن چینی شہریوں کا انخلا کیا جا رہا ہے ان میں تاجر، طلبہ اور سیاح شامل ہیں جو فلائٹ آپریشن بند ہونے سے بھارت میں پھنس کر رہ گئے تھے۔
چینی سفارت خانے کا کہنا ہے کہ وطن واپس آنے کے خواہش مند افراد کو سفری اخراجات خود برداشت کرنا ہوں گے جب کہ کرونا کی علامات رکھنے والوں کو سفر کی اجازت نہیں ہو گی۔
بھارت میں کرونا کے 6535 نئے کیس رپورٹ
بھارت میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا کے 6,535 مزید کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔ بھارت میں کرونا وائرس کے مجموعی کیس 145380 ہو گئے ہیں۔
بھارت میں وائرس کے سبب اموات کی تعداد 4167 ہو گئی ہیں۔ بھارتی پولیس نے تبلیغی جماعت کے امیر مولانا سعد کے بڑے بیٹے سعید کے بینک اکاؤنٹ اور دیگر کاغذات ضبط کر لیے ہیں۔
دہلی پولیس کرونا کے پھیلاؤ میں تبلیغی جماعت کے کردار اور لاک ڈاؤن کی خلاف ورزیوں سے متعلق تحقیقات کر رہی ہے۔
قبل ازیں پولیس نے مولانا سعد کے پانچ رفقا کے پاسپورٹ ضبط کر لیے تھے۔ ادھر چین نے بھارت میں پھنسے اپنے شہریوں کے انخلا کا فیصلہ کیا ہے۔ ان شہریوں میں طلبہ، تاجر اور سیاح شامل ہیں۔