ٹام کروز کو کرونا سے اپنی فلم کے اداکاروں کو بچانے کا چیلنج درپیش
سلور اسکرین پر دشمن کے چھکے چھڑانے والے ہالی وڈ اداکار ٹام کروز حقیقی زندگی میں 'کرونا وائرس فری ویلیج' بسانے جا رہے ہیں یعنی ایک ایسا گاؤں جو کرونا وائرس سے پوری طرح محفوظ ہو گا۔
ٹام کروز برطانیہ کی کاؤنٹی آکسفرڈ شائر میں وائرس فری ویلیج بسانے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔
یہ گاؤں عارضی ہو گا اور اسے بسانے کا مقصد ان کی فلمی سیریز 'مشن امپاسبل' کی ساتویں فلم کے عملے اور اداکاروں کو مہلک وبا سے محفوظ رکھنا ہے تاکہ ستمبر سے 'مشن امپاسبل سیون' کی شوٹنگ کا آغاز ہو سکے۔
فلم کا تمام عملہ اور کاسٹ اسی فلم کی تکمیل تک یہیں قیام کریں گے۔
'مشن امپاسبل' کے ہیرو اور پروڈیوسر 'کرونا فری ویلیج' برطانوی رائل ایئر فورس کی ایک متروکہ اراضی پر تعمیر کریں گے۔
لاہور میں پبلک پارکس کھول دیے گئے
لاہور میں لگ بھگ 75 روز سے بند پبلک پارکس جمعے کو عوام کے لیے کھول دیے گئے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ لاہور کے پارکس صبح چھ بجے سے رات نو بجے تک ضوابط کے مطابق کھلے رہیں گے۔
حکام نے پارکس میں آنے والے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ماسک اور گلووز پہن پر پارکس کا رخ کریں اور ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کریں۔
پاکستان میں 22 ہزار سے زیادہ ٹیسٹ، 4 ہزاد سے زائد کیسز رپورٹ
پاکستان میں جوں جوں کرونا وائرس ٹیسٹ کی استعداد بڑھائی جا رہی ہے ویسے ویسے کیسز کی تعداد میں بھی مسلسل اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پہلی مرتبہ 22 ہزار 812 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے چار ہزار 896 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔ ایک روز کے دوران نئے کیسز کی یہ سب سے بڑی تعداد ہے۔
پاکستان میں اب تک چھ لاکھ سے زیادہ افراد کے کرونا وائرس کے ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔
عالمی وبا سے پاکستان میں چوبیس گھنٹوں میں 68 اموات ہوئی ہیں جس کے بعد ہلاکتوں کی کل تعداد 1838 تک پہنچ چکی ہے۔
حکام کے مطابق ملک بھر میں اب تک 86 ہزار 457 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جن میں سے 31 ہزار 198 افراد شفایاب ہو چکے ہیں۔