خیبر پختونخوا میں مزید 13 اموات، وزیرِ اعلیٰ کی ایس او پیز پر عمل درآمد کی ہدایت
خیبر پختونخوا کے محکمۂ صحت نے کہا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے میں کرونا وائرس سے مزید 13 اموات ہوئی ہیں۔ ان ہلاکتوں کے بعد صوبے میں کرونا سے اموات کی مجموعی تعداد 632 ہو گئی ہے۔
محکمۂ صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران خیبر پختونخوا میں کرونا کے 581 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ کیسز میں اضافے کے بعد صوبے میں کرونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 15ہزار 787 ہو گئی ہے۔ خیبر پختونخوا میں کرونا وائرس سے صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 3907 ہو گئی ہے۔
خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں کرونا وائرس کے زیادہ مریض ہیں جن کی تعداد 5655 ہو چکی ہے۔ پشاور میں کرونا وائرس سے 331 اموات بھی ہوئی ہیں۔
خیبر پختونخوا کے ایک ممبر صوبائی اسمبلی جمشید مہمند بھی کرونا وائرس میں مبتلا ہو گئے تھے۔ تاہم جمعے کو وہ مکمل طور پر صحت یاب ہو گئے ہیں۔ جمشید مہمند کا تعلق پاکستان مسلم لیگ (ن) سے ہے۔
دوسری جانب خیبر پختونخوا کے وزیرِ اعلیٰ محمود خان نے انتظامیہ اور پولیس حکام کو ہدایت کی ہے کہ بازاروں، دکانوں اور دیگر عوامی مقامات پر ایس او پیز پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔ بصورتِ دیگر کرونا کے مریضوں کی بڑھتی تعداد کے پیشِ نظر صوبائی حکومت کو دوبارہ لاک ڈاؤن کرنا پڑ سکتا ہے۔
ہیلتھ ورکرز کے لیے خصوصی پیکج پر کام جاری ہے: ظفر مرزا
وزیرِ اعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا ہے کہ فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کے لیے خصوصی پیکیج پر کام کر رہے ہیں۔
جمعے کو پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ صوبائی وزرائے صحت اور ماہرین سے بھی اس خصوصی پیکیج سے متعلق مشاورت کی گئی ہے اور فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کو ایک کروڑ تک کا پیکج دیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز پیکج 7 گروپوں پر مشتمل ہے۔ اس کے علاوہ فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کو ٹیکسز میں چھوٹ بھی دی جائے گی۔
ان کے بقول کرونا وائرس کا علاج کرنے والے اسپتالوں کی سیکیورٹی یقینی بنانا حکومت کی ذمہ داری ہے اور فرنٹ ہیلتھ ورکرز کا تحفظ اور معاونت اہم ترجیح ہے۔
ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ 'وی کیئر' پروگرام کے تحت 20 ہزار ہیلتھ ورکرز کی تربیت ہو چکی ہے۔ ہیلتھ ورکرز کی میڈیا پر کردار کشی روکنے کے لیے پیمرا سے مل کر اقدامات کریں گے۔
- By سہیل انجم
بھارت میں ریکارڈ کیسز، کرونا سے متاثرہ ملکوں میں چوتھے نمبر پر آ گیا
بھارت میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 10 ہزار 956 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ اب تک بھارت میں سامنے آنے والے کیسز کی یہ سب سے بڑی تعداد ہے۔
بھارت میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں کرونا وائرس کے شکار 396 مریض چل بسے ہیں جس کے بعد اس وبا سے بھارت میں اموات کی تعداد آٹھ ہزار 498 تک پہنچ گئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اب تک ملک بھر میں دو لاکھ 97 ہزار 535 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں جن میں سے ایک لاکھ 47 ہزار 195 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔
کیسز کی تعداد کے حساب سے بھارت برطانیہ سے آگے نکل گیا ہے اور کرونا سے متاثر ہونے والا دنیا کا چوتھا بدترین ملک بن گیا ہے۔
دریں اثنا بھارت نے پاکستان کے وزیرِ اعظم عمران خان کی اس پیشکش پر سخت تنقید کی ہے کہ وہ لاک ڈاون کے دوران متاثر ہونے والے غریبوں کے لیے شروع کی گئی کیش ٹرانسفر اسکیم کے تجربات کو بھارت کے ساتھ شیئر کرنے کے لیے تیار ہیں۔
پاکستان میں ریکارڈ کیسز اور اموات رپورٹ
پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس سے 107 اموات اور 6397 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ ایک روز کے دوران کیسز اور اموات کی یہ سب سے زیادہ تعداد ہے۔
پاکستان میں وائرس سے مجموعی طور پر 2463 افراد ہلاک ہو چکے ہیں اور ایک لاکھ 25 ہزار سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں 40 ہزار 247 افراد صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔