ہانگ کانگ کا ڈزنی لینڈ پانچ ماہ بعد کھولنے کا اعلان
ہانگ کانگ کا ڈزنی لینڈ جمعرات سے دوبارہ کھول دیا جائے گا۔ اسے کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کی غرض سے پانچ ماہ قبل بند کر دیا گیا تھا۔
ڈزنی لینڈ کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ہانگ کانگ نے کرونا کی وبا کے خلاف جنگ جیت لی ہے لہذا اب اسے بند رکھنے کا کوئی جواز نہیں ہے۔ تاہم انتظامیہ کے اعلان کے مطابق ڈزنی لینڈ آنے والے تمام افراد کو داخلے سے قبل ایک فارم پر دستخط کرنا ہوں گے جس پر مختلف شرائط اور ایس او پیز درج ہوں گی۔
انتظامیہ کے مطابق ڈزنی لینڈ میں داخلے سے قبل ہر فرد کو جسمانی درجہ حرارت چیک کرانا ہوگا، ہر وقت ماسک پہننا ہوگا اور سماجی دوری کا خیال رکھنا ہو گا۔
یاد رہے کہ ہانگ کانگ کا ڈزنی لینڈ دنیا کا دوسرا سب سے بڑا ڈزنی پارک ہے۔ ہانگ کانگ میں فی الحال آٹھ سے زیادہ افراد کے اجتماع پر پابندی عائد ہے تاہم جمعرات کو اس پر نظر ثانی کیے جانے کی امید ہے۔
فرانسیسی صدر کا پابندیاں اٹھانے کا اعلان
فرانسیسی صدر ایمانوئل میخواں نے پیر سے کرونا وائرس کے باعث عائد کردہ بعض پابندیاں اٹھانے کا اعلان کیا ہے۔
فرانسیسی صدر کے مطابق پیر سے ملک بھر میں تمام ریستوران اور کیفے کھول دیے جائیں گے اور شہریوں کو یورپ کے کسی بھی ملک میں سفر کی اجازت ہو گی۔
ایمانوئل میخواں نے قوم سے خطاب میں پابندیاں اٹھانے جانے کے عمل کو کرونا وائرس کے خلاف پہلی کامیابی قرار دیا ہے۔ تاہم انہوں نے خبردار کیا ہے کہ وائرس دوبارہ واپس آ سکتا ہے۔
پابندیوں میں نرمی کا اعلان کرتے ہوئے فرانسیسی صدر نے مزید کہا کہ شہری ریٹائرمنٹ ہومز جا کر اپنے رشتہ داروں سے ملاقات بھی کر سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہائی اسکولوں کے سوا 22 جون سے اسکول بھی کھول دیے جائیں گے۔
یاد رہے کہ فرانس میں کرونا وائرس سے 29 ہزار 400 اموات اور ملک بھر میں ایک لاکھ 94 ہزار سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
پاکستان میں کرونا سے ہلاکتیں 2700 سے تجاوز کر گئیں
پاکستان میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں کرونا وائرس کے شکار مزید 97 مریض چل بسے جس کے بعد ملک بھر میں اس وبا سے مرنے والوں کی تعداد 2729 ہو گئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں 5248 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔ اس طرح عالمی وبا سے پاکستان میں متاثر ہونے والوں کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 44 ہزار 477 تک پہنچ چکی ہے جن میں سے 53 ہزار سے زیادہ افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔
پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر میں کرونا وائرس کا پھیلاؤ
پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید 43 افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق کے بعد کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 647 ہو گئی، جب کہ عالمی وبا سے مرنے والوں کی تعداد 13 تک پہنچ گئی ہے۔
سامنے والے نئے کیسز میں سے 30 کا تعلق صدر مقام مظفرآباد سے ہے۔
پاکستانی کنٹرول کے کشمیر میں اب تک 11016فراد کے ٹیسٹ لیے گئے جن میں سے10963 کے رزلٹ آ چکے ہیں۔ اب تک 254 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں، جب کہ 380 مریض زیر علاج ہیں اور 13 مریضوں کی اموات ہوئی ہیں جن میں سے 7 کا تعلق مظفرآباد سے ہے۔