'ڈیکسا میتھازون کرونا وائرس کے کم متاثر مریضوں کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتی ہے'
برطانیہ میں ہونے والی ایک حالیہ تحقیق میں انکشاف کیا گیا ہے کہ ڈیکسا میتھا زون نامی دوا کے ذریعے کرونا وائرس سے شدید بیمار مریضوں کی زندگی بچائی جاسکتی ہے تاہم کچھ طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ اس کا استعمال دو دھاری تلوار ہے۔
تحقیق کے مطابق ڈیکسا میتھا زون کرونا وائرس میں مبتلا ایسے مریضوں کو ہلاک ہونے سے بچا سکتی ہے۔ جو کرونا وائرس سے شدید متاثر ہونے کی وجہ سے سانس لینے میں دِقت محسوس کر رہے ہوں یا اس مہلک وبا سے متاثرہ مریض وینٹی لیٹر کے سہارے زندہ ہوں۔
برطانیہ کی آکسفورڈ یونیورسٹی میں کی جانے والی تحقیق کے مطابق کرونا وائرس کے شکار اگر 25 مریض آکسیجن پر ہوں تو ان میں ایک مریض جب کہ وینٹی لیٹر پر موجود 8 مریضوں میں سے ایک مریض کی جان ڈیکسا میتھا زون کے ذریعے بچائی جا سکتی ہے۔
پاکستان کے وزیرِ اعظم عمران کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کا برطانوی تحقیق پر ایک ٹوئٹ میں کہنا ہے کہ پاکستان میں ماہرین کی کمیٹی کرونا وائرس سے شدید متاثر ہونے والے مریضوں کے لیے ڈیکسا میتھا زون کے استعمال پر غور کرے گی۔
ڈاکٹر ظفر مرزا نے ڈیکسا میتھازون کے استعمال کے بارے میں خبر دار کرتے ہوئے کہا کہ ڈیکسا میتھازون کو کرونا وائرس سے شدید متاثرہ مریضوں خاص طور پر جو وینٹی لیٹر پر ہیں، ان کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔ جب کہ کم متاثر مریضوں کےلیے یہ دوا خطرناک ثابت ہوسکتی ہے۔
نئے معمولات کے ساتھ کاروبار کا تجربہ کیسا ہے؟
کرونا وائرس کے باعث لاک ڈاؤن اور پھر محدود سرگرمیوں کے نتیجے میں کاروباروں میں 50 فی صد تک کمی دیکھنے میں آئی ہے۔ حکومتی قواعد و ضوابط پر عمل کرنے سے اخراجات بھی بڑھ گئے ہیں۔ ایس او پیز پر عمل درآمد کرتے ہوئے کاروبار کرنا عوام کے لیے کیسا تجربہ ثابت ہو رہا ہے؟ لاہور سے ضیاء الرحمٰن کی رپورٹ
کرونا وبا کی وجہ سے مہاجرین کی صورتِ حال بدتر ہو رہی ہے: اقوام متحدہ
مہاجرین کے عالمی دن کے موقعے پر اقوام متحدہ کے حکام نے انتباہ کیا ہے کہ کرونا وائرس کی عالمگیر وبا سے دنیا بھر میں مہاجرین کے مسائل مزید بدتر ہوں گے۔ لاکھوں مہاجرین اور بے گھر افراد کو صحت کی بنیادی سہولتوں کا فقدان پوری دنیا کے لیے ایک مسئلہ بن چکا ہے۔
اقوام متحدہ کی مہاجرین کی ایجنسی کا کہنا ہے کہ اس وقت ماضی کی نسبت زیادہ لوگ جلاوطنی کی زندگی گذار رہے ہیں۔
ادارے کے اندازے کے مطابق، انہتر اعشاریہ پانچ ملین لوگ تنازعات اور پر تشدد حالات کی وجہ سے بے گھر ہو چکے ہیں۔ ان میں سے تقریباً تیس ملین مہاجرین دوسرے ایسے ملکوں میں پناہ گزیں ہیں، جہاں معاشی حالات پہلے ہی دگرگوں ہیں، اور صحت کی بنیادی سہولتوں کی کمی ہے۔
عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر جنرل کا کہنا ہے کہ جن حالات میں مہاجرین رہ رہے ہیں، ان کی وجہ سے ان کی صحت خطرات میں گھری ہوئی ہے اور یہ کرونا وائرس سے متاثر ہو سکتے ہیں۔
کرونا کے باعث پانچ ماہ سے فیملی سے دُور شعیب ملک کی چھٹی منظور
پاکستان کرکٹ بورڈ نے شعیب ملک کی دورہ انگلینڈ شروع ہونے سے قبل اپنے اہل خانہ کے ساتھ وقت گزارنے کی درخواست قبول کرتے ہوئے انہیں دیر سے ٹیم میں شامل ہونے کی اجازت دے دی ہے۔
شعیب ملک کرونا وائرس کی وبا کے سبب گزشتہ پانچ ماہ سے اپنی اہلیہ بھارتی ٹینس کھلاڑی ثانیہ مرزا اور بیٹے سے نہیں مل سکے تھے۔
شعیب ملک نے پی سی بی سے انگلینڈ کے خلاف سیریز شروع ہونے سے قبل کچھ دنوں کی چھٹی کی درخواست کی تھی جسے پی سی بی نے منظور کر لیا۔
پاکستان دورہ انگلینڈ کے دوران اگست اور ستمبر میں تین ٹیسٹ اور اتنے ہی ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کھیلے گا۔