ویکسین تیار کرنے کے لیے مزید ایک برس درکار؟
امریکہ کی جنوبی ریاستوں میں حکام نے حالیہ دنوں میں کرونا وائرس کی وبا کے پھیلاؤ میں انتہائی اضافے پر ایک بار پھر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ اگرچہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسے مکمل طور پر غیر مضر قرار دیتے ہوئے خدشات کو مسترد کیا ہے۔
ریاست اریزونا کے شہر فینکس کی میئر کیٹ گلیگو نے 'اے بی سی نیوز' کے پروگرام ’دس ویک‘ میں بتایا کہ ہم نے کاروبار کھلنے میں جلدی کی ہے۔ ہمیں ایک بحرانی صورت کا سامنا ہے اور 17 لاکھ آبادی کے شہر میں 59 ہزار افراد وائرس سے متاثر ہیں۔
امریکہ میں حالیہ دنوں میں وائرس سے متاثرہ 50 ہزار نئے کیسز سامنے آئے ہیں اور انتہائی متاثرہ علاقوں میں وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے دوبارہ پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔
'ہارورڈ گلوبل ہیلتھ انسٹی ٹیوٹ' کی ڈائریکٹر علیشا جھا نے 'فوکس نیوز سنڈے شو' میں بتایا کہ انہیں امید ہے کہ 2021 کے ابتدا میں ویکسین تیار ہو جائے گی۔
جھا کا کہنا تھا کہ دنیا بھر کے لوگوں کے لیے ویکسین تیار کرنے میں مزید ایک برس درکار ہوگا۔
بھارت میں متاثرہ افراد کی تعداد سات لاکھ کے قریب
بھارت میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد پیر کو بڑھ کر 697413 ہو گئی ہے۔ اس کے ساتھ ہی وہ کرونا سے متاثر ہونے والا دنیا کا تیسرا بدترین ملک بن گیا ہے۔
بھارت میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 24248 افراد میں کرونا کی تشخیص ہوئی جب کہ 425 افراد کی موت ہوئی۔ میں ملک بھر میں اب تک 19693 افراد کی موت ہو چکی ہے۔
حکام کے مطابق اس وقت بھی دو لاکھ 53 ہزار افراد زیرِ علاج ہیں جب کہ چار لاکھ 24ہزار مریض صحت یاب ہو کر اسپتال سے گھروں کو جا چکے ہیں۔
بھارت میں مریضوں کے صحت یاب ہونے کی شرح 60.85 فی صد ہے۔
ملک میں آج سے آثار قدیمہ کی تمام عمارتوں کو کھولا جا رہا ہے لیکن آگرہ میں کرونا کیسز میں اضافے کی وجہ سے تاج محل بند رہے گا۔
محکمہ آثار قدیمہ نے 17 مارچ کو آثار قدیمہ کے 3400 مقامات کو بند کر دیا تھا۔
ڈاکٹر ظفر مرزا کا کرونا ٹیسٹ مثبت
وزیرِ مملکت برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کا کرونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے جس کے بعد انہوں نے خود کو الگ تھلگ کر لیا ہے۔
اپنے ایک ٹوئٹ میں ظفر مرزا نے بتایا کہ ان میں کرونا وائرس کی علامات پائی گئی ہیں جس کے بعد وہ تمام ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کر رہے ہیں۔
کینیڈین اداکار نِک کورڈیرو کرونا وائرس سے ہلاک
امریکی شہر نیو یارک کے معروف ‘براڈوے تھیٹر’ میں مشکل ترین کرداروں کی وجہ سے شہرت پانے والے اداکار نِک کورڈیرو کرونا وائرس کے سبب اتوار کو انتقال کر گئے ہیں۔
اکتالیس سالہ نِک کورڈیرو کا انتقال امریکی ریاست کیلی فورنیا کے شہر لاس اینجلس میں ہوا۔
کورڈیرو کی اہلیہ امانڈا کلوٹس کے مطابق نِک کرونا وائرس کی وجہ سے 90 دنوں تک اسپتال میں زیرِ علاج رہے۔
نک کورڈیرو 2014 میں 'ٹونی ایوارڈ' کے لیے نامزد ہوئے تھے۔ انہوں نے 'بلٹس اوور براڈوے' میں جان دار اداکاری کی بدولت شہرت حاصل کی تھی۔