امریکہ میں کرونا سے ہونے والی اموات ایک لاکھ 30 ہزار سے بڑھ گئیں
امریکہ کی 'جانز ہاپکنز یونیورسٹی' کے اعداد و شمار کے مطابق ملک میں 'کووڈ 19' سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد ایک لاکھ 30 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔
امریکہ میں کرونا وائرس کے مصدقہ کیسز کی تعداد بھی 29 لاکھ سے زائد ہو گئی ہے۔ یوں کرونا کیسز کی تعداد اور ہلاکتوں کے اعتبار سے امریکہ دنیا میں سر فہرست ہے۔
جولائی کے پہلے ہفتے کے دوران ہر روز امریکہ میں 50,000 سے زائد کیسز کی تصدیق ہوئی۔ اس صورت حال میں امریکہ کے اعلیٰ ترین طبی مشیر ڈاکٹر انتھونی فاؤچی کا کہنا ہے کہ امریکہ میں کرونا وائرس کی وبا کے پہلے حملے کی شدت اب بھی برقرار ہے۔
ٹیکساس امریکہ کی سب سے زیادہ متاثر ہونے والی ریاستوں میں سے ایک ہے جہاں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران آٹھ ہزار 700 نئے کیسز کی نشان دہی ہوئی ہے۔ یہ ٹیکساس میں ایک روز میں سامنے آنے والے کیسز کی ریکارڈ تعداد ہے جس سے اسپتالوں پر بوجھ بڑھ گیا ہے اور اسپتالوں میں مزید مریضوں کے داخلے کی گنجائش انتہائی محدود ہو گئی ہے۔
کرونا وائرس کے کیسز میں ڈرامائی اضافے کے باعث کیلی فورنیا اور فلوریڈا سمیت متعدد ریاستوں کے حکام نے پابندیاں دوبارہ نافذ کر دی ہیں۔ کیلی فورنیا میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 11,786 نئے کیسز سامنے ہیں۔
کیلی فورنیا کے گورنر گیون نیوسم نے ریاست کی چھ مزید کاؤنٹیوں میں شراب خانے بند کرنے کا حکم دیا ہے۔ اس سے قبل ایسا ہی اقدام ریاست کی 19 کاؤنٹیوں کے لیے بھی کیا گیا تھا جہاں شراب خانوں کے علاوہ ریستورانوں اور سنیما گھروں کو بھی بند کر دیا گیا تھا۔
ادھر ریاست اٹلانٹا کے شہر جارجیا کی میئر کیشا لانس باٹمز کا کرونا وائرس ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ گھر میں آئسولیشن میں رہتے ہوئے اپنے فرائض انجام دیں گی۔
کیسز اور اموات کے اعتبار سے امریکہ کے بعد دوسرے نمبر پر رہنے والے ملک برازیل کے صدر جائر بولسونیرو کا کرونا وائرس ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔ منگل کو ان کا دوبارہ ٹیسٹ کیا گیا ہے اور وہ اس کے نتیجے کے منتظر ہیں۔
برازیل میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 16 لاکھ اور ہلاکتوں کی تعداد 65,000 سے زائد ہے۔
نیویارک: پابندیوں میں نرمی کا تیسرا مرحلہ شروع
کرونا کے مریضوں میں اضافے کے پیشِ نظر بھارت میں عارضی اسپتالوں کی تیاری
برطانیہ میں کرونا وائرس سے ہلاکتیں 55 ہزار سے متجاوز
برطانیہ میں کرونا وائرس میں مبتلا ہو کر جان کی بازی ہارنے والوں کی تعداد 55 ہزار کا ہندسہ عبور کر چکی ہے۔
یہ اعداد و شمار برطانوی خبر رساں ادارے 'رائٹرز' نے جاری کیے ہیں جو انگلینڈ، ویلز، شمالی آئرلینڈ اور اسکاٹ لینڈ میں 28 جون تک ہونے والی اموات کے ہیں۔ رائٹرز نے اس تعداد میں صرف ان اموات کو شامل کیا ہے جن افراد کے ڈیتھ سرٹیفکیٹ پر وجۂ موت کرونا وائرس لکھی گئی ہے۔