روس میں کرونا سے اموات 11 ہزار سے بڑھ گئیں
روس میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس سے مزید 174 اموات ہوئی ہیں جس کے بعد ملک میں اس وبا سے ہونے والی ہلاکتوں کی کل تعداد 11 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔
جمعرات کو روس میں مزید 6635 افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد ملک میں مجموعی کیسز کی تعداد سات لاکھ 13 ہزار 936 ہو گئی ہے۔ کرونا سے اموات کی مجموعی تعداد 11 ہزار 17 ہے جب کہ چار لاکھ 89 ہزار سے زائد مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔
برازیل میں کرونا کے مزید 42 ہزار کیسز رپورٹ
برازیل میں جمعرات کو کرونا وائرس کے 42 ہزار 600 سے زائد نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد ملک میں 'کووڈ 19' کے مریضوں کی کل تعداد 17 لاکھ 55 ہزار 779 ہو چکی ہے۔
برازیل میں کرونا سے اموات کی تعداد 69 ہزار 184 تک پہنچ گئی ہے۔
خیال رہے کہ برازیل امریکہ کے بعد کرونا سے متاثر ہونے والا دوسرا بڑا ملک ہے اور برازیل کے صدر جائر بولسونارو بھی کرونا وائرس میں مبتلا ہیں۔
ہانگ کانگ میں پیر سے تمام اسکولز بند کرنے کا اعلان
ہانگ کانگ نے مقامی سطح پر کرونا وائرس کی دوبارہ منتقلی کے کیسز سامنے آنے کے بعد پیر سے تمام اسکول بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔
ہانگ کانگ کے ایجوکیشن بیورو نے جمعے کو اعلان کیا ہے کہ کرونا وائرس کی روک تھام کے لیے پیر سے تمام اسکول بند رہیں گے۔
شہر میں جمعرات کو کرونا وائرس کے 42 نئے کیسز رپورٹ ہوئے تھے جن میں سے 34 کیسز مقامی سطح پر منتقل ہوئے ہیں۔
وزیر تعلیم کیون یونگ نے کہا ہے کہ حال ہی میں سامنے آنے والے کرونا کیسز میں سے بیشتر کیسز طلبہ اور والدین کے ہیں۔
یاد رہے کہ ہانگ کانگ میں جنوری سے اب تک 1366 افراد میں وائرس کی تشخیص اور 7 شہری ہلاک ہو چکے ہیں۔
بھارت میں کرونا وائرس کے ریکارڈ 26 ہزار کیسز
بھارت میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 26 ہزار 506 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ ایک روز کے دوران سامنے آنے والے کیسز کی یہ سب سے زیادہ تعداد ہے۔
سرکاری حکام کے مطابق ایک دن میں بھارت میں مہلک وبا سے 475 افراد ہلاک بھی ہوئے۔
کرونا وائرس کے سبب بھارتی ریاست بہار کے دارالحکومت پٹنا سمیت دیگر چار اضلاع میں جمعے کے روز سے ایک ہفتے کے لیے لاک ڈاؤن نافذ کر دیا گیا ہے۔
بھارت کی سب سے زیادہ گنجان آباد ریاست اتر پردیش میں بھی رواں ہفتے جمعے سے اتوار تک لاک ڈاؤن کر دیا گیا ہے۔
بھارت میں اب تک کرونا وائرس کے سات لاکھ 93 ہزار 802 کیسز سامنے آ چکے ہیں جب کہ مہلک وبا سے 21604 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
بھارت میں 'کووڈ 19' کے سلسلے میں قائم مرکزی وزرا کے گروپ نے بتایا ہے کہ ملک میں آٹھ ریاستیں ایسی ہیں جہاں کرونا کے 90 فی صد کیسز ہیں۔ ان ریاستوں میں مہاراشٹر، دہلی، تمل ناڈو، کرناٹک اور تلنگانہ بھی شامل ہیں۔
بھارت میں چار لاکھ 95 ہزار سے زائد مریض صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔ بھارتی وزارتِ صحت کے مطابق کرونا وائرس سے صحت یاب ہونے والے افراد کی شرح 60 فی صد سے زائد ہے۔