افغانستان میں متاثرہ افراد کی تعداد 35 ہزار کے قریب
افغانستان کی وزارتِ صحت نے پیر کو گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں مزید 154 افراد کے کرونا وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق کی۔
ملک بھر میں کرونا وائرس کے شکار مریضوں کی مجموعی تعداد 34605 ہو گئی ہے۔
وزارتِ صحت کے مطابق اب تک کرونا وائرس سے ہونے والی اموات کی تعداد 1038 ہو گئی ہے۔
وزارت صحت کے ایک ترجمان اکمل سامسر نے کہا ہے کہ افغانستان میں وائرس کی عالمی وبا کی صورت حال بہتر ہو رہی ہے۔
انہوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر عوام نے وزارتِ صحت کے پیغامات کو نظر انداز کیا اور ماسک کے استعمال اور سماجی دوری کے اصول پر عمل نہ کیا تو ملک میں عید الاضحیٰ کے موقع پر وبا کا دوسرا مرحلہ شروع ہو سکتا ہے۔
'کووڈ 19' پارٹی منانے والا امریکی نوجوان کرونا سے ہلاک
امریکہ کی ریاست ٹیکساس میں ایک شخص نے کرونا وائرس کے شکار اپنے ایک دوست کی 'کووڈ 19 پارٹی' میں شرکت کی تھی اور پھر خود وبا کا شکار ہو کر جان کی بازی ہار گیا۔
اس شخص کی کہانی ٹیکساس کے شہر سان انتونیو کے ایک اسپتال کی چیف میڈیکل افسر جین ایپلبی نے اپنی ایک ویڈیو میں سنائی ہے۔
اتوار کو مقامی میڈیا پر نشر ہونے والی ایک ویڈیو میں جین ایپلبی نے کہا کہ کچھ لوگ کرونا وائرس کو سنجیدگی سے نہیں لے رہے اور جان بوجھ کر مذاق میں خود کو بیماری میں مبتلا کر رہے ہیں۔
جین نے اسپتال میں کرونا سے ہلاک ہونے والے 30 سالہ نوجوان کی کہانی سناتے ہوئے کہا کہ اُس شخص نے نرس کو بتایا تھا کہ اس نے اپنے دوست کی طرف سے دی گئی 'کووڈ 19' پارٹی میں شرکت کی تھی۔
پاکستان: عید الاضحٰی پر مویشی منڈیوں کے لیے قواعد و ضوابط جاری
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے عیدلااضحٰی کے لیے پاکستان بھر میں قربانی کے جانوروں کے لیے لگائی گئی منڈیوں کے اوقاتِ کار طے کر دیے ہیں۔
حکام کے مطابق مویشی منڈیاں صبح چھ بجے سے شام سات بجے تک کھلی رہیں گی۔
وزیرِ اعلیٰ پنجاب سیکریٹریٹ لاہور میں ہونے والے این سی او سی کے اجلاس کی صدارت ویڈیو لنک کے ذریعے وفاقی وزیر اسد عمر نے کی۔ جس میں عید الاضحی، نماز عید اور مویشی منڈیوں کے انتظامات کے بارے میں لائحہ عمل پر گفتگو ہوئی۔
این سی او سی فورم کو بتایا گیا کہ عید الاضحی کے موقع پر پورے پاکستان میں 700 کے قریب مویشی منڈیاں قائم کی گئی ہیں۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مویشی منڈیوں میں داخل ہونے والے افراد کی اسکریننگ کی جائے گی اور ماسک کے استعمال کو یقینی بنایا جائے گا۔
پرائیوٹ اسکول مشکل میں: 'ڈر ہے اساتذہ خودکشیاں نہ کرنے لگیں'
کرونا وائرس نے پاکستان میں درس و تدریس کے شعبے کو بھی بری طرح متاثر کیا ہے۔ سرکاری کے ساتھ ساتھ نجی اسکولز بھی گزشتہ کئی ماہ سے بند ہیں اور وہاں پڑھانے والے لاکھوں اساتذہ میں سے بہت سے بے روزگار ہو گئے ہیں۔
اسکول مالکان کہتے ہیں کہ طلبہ کے والدین فیسیں ادا نہیں کر رہے تو اساتذہ کو تنخواہ کہاں سے دیں۔ کئی مالکان نے مالی مسائل کے باعث اسکول بند کرنا شروع کر دیے ہیں۔ اسکول مالکان اور اساتذہ کن مشکلات سے گزر رہے ہیں؟ دیکھیے اس رپورٹ میں