بھارت کے زیرِ انتظام کشمیر میں مزید 15 ہلاکتیں
بھارت کے زیرِ انتظام کشمیر میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس سے کے شکار 15 مریض ہلاک ہو گئے ہیں جس کے بعد ہلاکتوں کی کل تعداد 211 ہو گئی ہے۔
حکام کے مطابق وادی میں کرونا وائرس کے کیسز میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور بدھ کو بھی 493 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جس کے بعد کیسز کی کل تعداد 11 ہزار 666 تک پہنچ گئی ہے۔
کیسز میں اضافے کے پیشِ نظر سری نگر سمیت مختلف علاقوں میں لاک ڈاؤن کر دیا گیا ہے۔
15 people died in past 36 hours raising the toll to 211. The number of positive cases is also surging rapidly. 493 cases surfaced on Wednesday taking the tally to 11,666. Virtual lockdown being enforced strictly in capital Srinagar and some other parts of the Valley.
برازیل کے صدر کا کرونا کا دوسرا ٹیسٹ بھی مثبت
برازیل کے صدر جیئر بولسونارو کا کرونا وائرس کا دوسرا ٹیسٹ بھی مثبت آیا ہے جس کے بعد وہ سرکاری رہائش گاہ میں ہی قرنطینہ میں رہیں گے۔
حکام کا کہنا ہے کہ صدر بولسونارو ویڈیو لنک کے ذریعے اپنے سرکاری امور انجام دیتے رہیں گے۔
ایک ہفتے قبل بھی بولسونارو کا کرونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔ تاہم ان کا اصرار تھا کہ ان میں کرونا وائرس کی کوئی علامات موجود نہیں ہیں لیکن پھر بھی وہ اینٹی ملیریا ادویات استعمال کر رہے ہیں۔
یاد رہے کہ امریکہ کے بعد برازیل کرونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ملک ہے جہاں اب تک 75 ہزار سے زیادہ اموات اور 19 لاکھ سے زیادہ کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔
پاکستان میں کیسز اور اموات میں کمی
پاکستان میں گزشتہ چوبیس گھںٹوں کے دوران کرونا وائرس کے شکار 40 مریض دم توڑ گئے ہیں۔ حالیہ دنوں میں پاکستان میں اس وبا سے مرنے والوں کی یہ کم ترین تعداد ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں ملک بھر میں کرونا کے 2145 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد ملک بھر میں کیسز کی کل تعداد دو لاکھ 57 ہزار 912 ہو گئی ہے جن میں سے ایک لاکھ 78 ہزار 737 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔
پاکستان میں کرونا وائرس کے مبتلا اب بھی 1942 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔
بیرون ملک مقیم پاکستانی زیادہ رقوم ملک میں کیوں بھیج رہے ہیں؟
پاکستان کے مرکزی بینک کی جانب سے جاری کیے گئے اعداد و شمار کے مطابق جون میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے بھیجی گئی رقوم میں 50 فی صد سے زائد اضافہ دیکھا گیا ہے۔
بینک دولت پاکستان کی جانب سے پیر کو جاری کی گئی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جون میں دو ارب 46 کروڑ 62 لاکھ ڈالرز بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے وطن منتقل کیے گئے۔ گزشتہ سال اسی عرصے کے دوران ایک ارب 63 کروڑ 64 لاکھ ڈالرز ترسیلاتِ زر کی صورت میں منتقل کیے گئے تھے۔
مالی سال 2020 کے دوران مجموعی طور پر 23 ارب 12 کروڑ ڈالرز سے زائد رقم پاکستان منتقل کی گئی جب کہ 2019 میں 21 ارب 73 کروڑ ڈالرز سے زائد رقم پاکستان بھجوائی گئی تھی۔
ایک سال کے دوران ترسیلاتِ زر میں بھی 6.4 فی صد اضافہ دیکھا گیا ہے۔ واضح رہے کہ اس سال ترسیلاتِ زر میں اضافے سے اس مد میں ملنے والی رقم ملک کی کل برآمدات کے حجم سے بھی بڑھ گئی ہے۔
اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ جون 2020 کی آخری سہ ماہی جب دنیا بھر میں کرونا وائرس کی وجہ سے معاشی حالات زیادہ ابتری کا شکار تھے، اس عرصے میں بھی ترسیلات میں 7.8 فی صد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔