آسٹریلیا میں مقامی سطح پر وائرس کی منتقلی میں اضافہ
آسٹریلیا کی دوسری سب سے گنجان آباد ریاست وکٹوریہ میں اتوار کو کرونا وائرس سے متاثرہ مزید تین افراد ہلاک ہو گئے جس کے بعد ریاست میں ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 38 جب کہ ملک بھر میں مرنے والوں کی تعداد 122 ہوگئی ہے۔
متاثرین کی تعداد میں تیزی سے ہونے والے اضافے کو دیکھتے ہوئے حکومت نے میلبرن کے تمام شہریوں کے لیے فیس ماسک پہننا لازمی قرار دے دیا ہے۔
حکام کے مطابق ماسک وائرس سے بچاؤ کی اولین ترجیح ہے لہذا اب جو بھی شخص ماسک نہیں پہنے گا اسے 200 آسٹریلین ڈالرز جرمانہ ادا کرنا ہوگا۔
آسٹریلیا میں اب تک 11 ہزار 800 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں جب کہ یہاں مقامی سطح پر وائرس کی منتقلی سے اس کا پھیلاؤ بڑھتا جا رہا ہے۔
حکام سماجی فاصلہ برتنے پر زور دے رہے ہیں۔
وائرس سے ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد چھ لاکھ سے متجاوز
کرونا وائرس سے عالمی سطح پر اتوار کی صبح تک متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد ایک کروڑ 43 لاکھ تک پہنچ گئی ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق وائرس سے دنیا بھر میں ہلاک ہونے والوں کی مجموعی تعداد 6 لاکھ 497 ہو گئی ہے۔
اسی طرح کرونا سے صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 78 لاکھ سے زائد ہے۔
امریکہ: 85 شیر خوار بچوں میں وائرس کی تصدیق
امریکہ کی ریاست ٹیکساس میں طبے عملے نے بتایا ہے کہ 85 شیرخوار بچوں کا کرونا وائرس ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔
پبلک ہیلتھ ڈائریکٹر اینیٹ روڈریگز کے مطابق کرونا وائرس سے متاثرہ 85 شیر خوار بچوں کی عمریں ایک سال سے بھی کم ہیں۔ تاہم انہوں نے اس حوالے سے مزید تفصیلات نہیں بتائیں۔
روڈریگز کا کہنا ہے کہ ان بچوں نے ابھی اپنی پہلی سالگرہ بھی نہیں منائی لہذا انہیں ساتھ لے کر غیر محفوظ سفر سے گریز کی ہدایت کی گئی ہے۔
ان کے بقول بچوں کی صحت کی خاطر معاشرتی فاصلہ برقرار رکھا جائے۔ عوام ہر صورت ماسک پہنیں اور گھر میں رہ کر اس بیماری کو پھیلنےسے روکنے میں انتظامیہ کی مدد کرے۔
جان ہاپکنز یونیورسٹی کے مطابق امریکہ میں کرونا وائرس کے 37 لاکھ سے زائد کیسز سامنے آئے ہیں۔
پاکستان میں 24 گھنٹوں میں 46 ہلاکتیں، 1579 کیسز کا اضافہ
پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے مزید 1579 کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد ملک بھر میں وبا سے متاثرہ افراد کی تعداد 2 لاکھ 63 ہزار 496 ہوگئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں 24 گھنٹوں میں مزید 46 افراد وبا سے ہلاک ہوئے ہیں۔
ملک بھر میں اب تک مجموعی طور پر 5568 افراد وائرس کے باعث ہلاک ہو چکے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ پاکستان میں 17 لاکھ 21 ہزار افراد کے ٹیسٹ کیے گئے ہیں جب کہ گزشتہ روز سے اب تک 23ہزار کے قریب افراد کے ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔
خیال رہے کہ پاکستان میں حکومتی شخصیات مسلسل دعویٰ کرتی رہی ہیں کہ ملک بھر میں لیبارٹریز کی ہومیہ ٹیسٹ کرنے کی مجموعی استعداد 50 ہزار کے قریب ہے لیکن اب تک ایک بار بھی ایسا نہیں ہوا کہ 24 گھنٹوں میں 50 ہزار یا اس کے قریب افراد کے ٹیسٹ کیے گئے ہوں۔