کرونا وائرس کے باعث ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ ملتوی
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے کرونا وائرس کی وجہ سے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ ملتوی کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ ٹورنامنٹ اکتوبر نومبر میں آسٹریلیا میں منعقد ہونا تھا۔
آئی سی سی نے ایک بیان میں صرف اتنا کہا کہ "آج اس بات کی تصدیق کی جا رہی ہے کہ کرونا وائرس کی وبا کے باعث آسٹریلیا میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ ملتوی کر دیا گیا ہے۔"
دو ہزار اکیس کا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ بھارت اور 2022 کا آسٹریلیا میں ہونا ہے لیکن یہ امکان موجود ہے کہ اگلے ٹورنامنٹ کی میزبانی آسٹریلیا کو دے دی جائے۔ فی الحال اس بارے میں فیصلہ نہیں کیا گیا۔
عالمی ادارۂ صحت کی آبائی امریکی باشندوں کو کووڈ 19 سے بچانے کی ہدایت
عالمی ادارۂ صحت نے کہا ہے کہ وہ برِاعظم امریکہ کے قدیم باشندوں پر کرونا وائرس کے منفی اثرات کے بارے میں متفکر ہے۔
ڈبلیو ایچ او کے ہیڈ کوارٹرز میں معمول کی بریفنگ میں گفتگو کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل ٹیڈروس ایڈھانوم گبریسس نے کہا کہ اگرچہ کووڈ 19 دنیا بھر کے قدیم آبائی باشندوں کے لیے خطرے کا باعث ہے، لیکن عالمی ادارہ براعظم امریکہ کے قدیم باشندوں پر اس موذی وبا کے اثرات کے حوالے سے زیادہ فکر مند ہے۔
ٹیڈروس کا کہنا تھا کہ 6 جولائی تک قدیم آبائی امریکیوں میں 70 ہزار سے زیادہ افراد عالمی وبا کی لپیٹ میں آ چکے تھے جب کہ ان میں اموات کی تعداد دو ہزار سے زیادہ تھی۔
عالمی ادارہ صحت نے حال ہی میں قدیم امریکیوں کے لیے ہدایات جاری کیں ہیں کہ وہ کس طرح اس مہلک وبا سے خود کو محٖفوظ رکھ سکتے ہیں۔
شام: عالمی وبا کے ماحول میں پارلیمانی انتخابات
کرونا وائرس، خانہ جنگی اور اقتصادی بحران کے باوجود شام میں مکمل احتیاطی تدابیر کے ساتھ پارلیمانی انتخابات کے لیے اتوار کو پولنگ ہوئی۔ کئی پولنگ اسٹیشنز پر ماسک پہنے بغیر ووٹرز نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔ ووٹنگ کے عمل کے دوران انتظامیہ نے سماجی دوری کا بھی خاص انتظام کیا تھا۔
بھارت میں ریکارڈ 40 ہزار نئے کیسز
بھارت میں اتوار کو کرونا وائرس کے 40 ہزار 425 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد ملک میں عالمی وبا کا شکار افراد کی مجموعی تعداد 11 لاکھ 18 ہزار 43 ہو گئی ہے۔
بھارت میں کرونا سے اموات کی کل تعداد27 ہزار 497 ہیں۔