بھارت میں 37 ہزار سے زائد نئے کیسز، امرناتھ یاترا منسوخ
بھارت نے کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے خدشے کے پیشِ نظر ہندو زائرین کی سالانہ امرناتھ یاترا منسوخ کر دی ہے۔
بھارت کے زیرِ انتظام کشمیر میں ہندوؤں کے بھگوان شِو سے منسوب ایک غار ہے جسے امرناتھ غار کہا جاتا ہے۔ ہندو زائرین ہر سال اس غار کی زیارت کے لیے کشمیر جاتے ہیں۔
بھارت میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 37 ہزار 724 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد ملک میں کرونا کیسز کی مجموعی تعداد 12 لاکھ تک پہنچ گئی ہے۔
زائرین کو امرناتھ یاترا پر لے جانے والے ادارے کے منتظمین نے کہا ہے کرونا وائرس کے کیسز میں تیزی سے اضافے کو دیکھتے ہوئے یاترا منسوخ کر دی گئی ہے۔
واضح رہے کہ کرونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے بھارت کے زیرِ انتظام کشمیر میں بھی سخت لاک ڈاؤن نافذ ہے۔ لوگوں کو گھروں سے بلا ضرورت باہر نکلنے کی اجازت نہیں جب کہ دکانیں اور کاروباری مراکز بھی بند ہیں۔
کرونا کے مریضوں کی تعداد ڈیڑھ کروڑ سے متجاوز
دنیا بھر میں کرونا وائرس کے مریضوں کی مجموعی تعداد ڈیڑھ کروڑ سے تجاوز کر گئی ہے۔
خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے اعداد و شمار کے مطابق بدھ کو کرونا وائرس کے کیسز کی مجموعی تعداد ایک کروڑ 50 لاکھ نو ہزار 213 ہو چکی ہے جب کہ چھ لاکھ 16 ہزار اموات ہو چکی ہیں۔
وائرس سے متاثرہ ملکوں کی فہرست میں امریکہ بدستور پہلے نمبر پر ہے۔ لاطینی امریکہ کا ملک برازیل دوسرے، بھارت تیسرے اور روس اس فہرست میں چوتھے نمبر پر ہے۔
امریکہ میں کووڈ 19 کا شکار مریضوں کی تعداد 39 لاکھ دو ہزار سے زائد ہو چکی ہے۔
امریکہ: جون کے بعد یومیہ ریکارڈ اموات
امریکہ میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے شکار ایک ہزار سے زیادہ مریض دم توڑ گئے ہیں۔ جون کے اوائل کے بعد سے امریکہ میں ہلاکتوں کی یہ ریکارڈ تعداد ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق 19 جولائی کو ختم ہونے والے اختتامِ ہفتہ کے دوران امریکہ میں کرونا وائرس کے 5200 مریض ہلاک ہوئے جو اس سے قبل ایک ہفتے کے دوران ہلاک ہوانے والے افراد کے مقابلے میں پانچ فی صد زیادہ تعداد ہے۔
امریکہ میں اپریل میں کرونا سے مرنے والے کی تعداد دو ہزار سے زیادہ، مئی میں لگ بھگ 1300 اور جون میں 800 کے اندر اندر تھیں۔ تاہم جون کے اوائل کے بعد پہلی مرتبہ ایک روز کے دوران ہلاکتوں کی تعداد ایک ہزار سے زیادہ ہو گئی ہے۔
امریکہ میں تقریباً ایک لاکھ 42 ہزار افراد اب تک کرونا وائرس سے ہلاک ہو چکے ہیں۔
آسٹریلیا: ریاست وکٹوریہ میں ریکارڈ کیسز
آسٹریلیا کی دوسری گنجان آباد ریاست وکٹوریہ میں کرونا وائرس کے ریکارڈ کیسز سامنے آئے ہیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں ریاست وکٹوریا میں 484 افراد میں کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔ ایک روز کے دوران کیسز کی یہ سب سے زیادہ تعداد ہے۔
ریاست وکٹوریہ میں گزشتہ ہفتے سب سے زیادہ 428 کیسز ریکارڈ کیے گئے تھے تاہم اب یہ ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے۔
حکام کے مطابق گزشتہ چوبیس گھںٹوں میں وکٹوریہ میں کرونا کے شکار دو مریض بھی دم توڑ گئے ہیں۔
ریاست وکٹوریہ کی حکومت نے عوام سے اپیل کی ہے کہ گھر سے نکلنے کی صورت میں ماسک ضرور پہنیں۔