ویت نام: سیاحتی مقام سے 80 ہزار افراد کی منتقلی شروع
ویت نام میں سیاحتی مقام ڈانانگ میں کرونا وائرس کے کیسز بڑھنے کے بعد علاقے سے سیاحوں کو باہر نکالا جا رہا ہے۔
ایک سرکاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ اس سیاحتی علاقے میں اس وقت 80000 سیاح موجود ہیں جن میں سے بیشتر مقامی سیاح ہیں۔
بیان کے مطابق ان سیاحوں کو علاقے سے نکالنے میں چار روز لگیں گے۔
ویت نام میں کرونا وائرس کی مقامی سطح پر منتقلی کے کیسز کی نشاندہی ہوئی ہے جس کے بعد حکومت نے خطرے کی بلند سطح کا اعلان کر دیا ہے۔
کرونا کیسز میں نمایاں کمی آئی ہے، مشکل وقت سے نکل گئے: عمران خان
پاکستان کے وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اتوار کو کرونا وائرس سے کم اموات ہوئی ہیں۔اسپتالوں پر بھی دباؤ میں کمی ہوئی ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ گزشتہ تین روز کے دوران ملک میں کرونا وائرس سے کم اموات ہوئی ہیں جب کہ کرونا کیسز میں بھی نمایاں کمی آئی ہے۔ ان کے بقول اس تمام مشکل وقت سے ہم نکل گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مغربی ملکوں میں کرونا کیسز بڑھنے کے بعد ہم پر بھی لاک ڈاؤن کا دباؤ تھا لیکن ہم نے اسمارٹ لاک ڈاؤن کی حکمتِ عملی اپنائی۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ حکومت نے اکانومی کھولنا شروع کی تو اس وقت بہت تنقید ہوئی اور کہا گیا کہ ہم ملک کو تباہ کر رہے ہیں۔ تنقید کرنے والوں میں وہ لوگ شامل تھے جن کے پاس اس عرصے کے دوران وقت گزارنے کے وسائل تھے۔ لیکن ہم نے رسک لے کر فیصلہ کیا کہ لوگوں کو بھوک سے بھی بچایا جائے۔
اُن کے بقول دنیا آج تسلیم کر رہی ہے کہ مکمل لاک ڈاؤن ممکن نہیں اور وہ ہماری حکمتِ عملی پر کاربند ہے۔
پنجاب میں عیدالاضحیٰ پر تمام کاروباری مراکز بند رکھنے کا فیصلہ
پنجاب حکومت نے کرونا وائرس کے باعث عیدالاضحیٰ کے موقع پر صوبے بھر کے تمام کاروباری مراکز بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
کاروباری مراکز پیر اور منگل کی درمیانی شب سے پانچ اگست تک بند رہیں گے۔
کاروباری مراکز بند کرنے کا فیصلہ صوبائی وزیرِ قانون پنجاب راجہ بشارت کی زیرِ صدارت وزیر اعلیٰ ہاؤس میں کابینہ کمیٹی برائے انسداد کرونا کے اجلاس میں کیا گیا ہے۔
فیصلے کے مطابق لاک ڈاؤن کے دوران میڈیکل اسٹورز، گروسری اسٹورز، ٹرانسپورٹ اور دفاتر کھلے ہوں گے۔
اجلاس کے دوران راجہ بشارت نے کہا کہ مویشی منڈیوں میں ایس او پیز پر مکمل عمل درآمد کرایا جائے گا جب کہ عیدالاضحیٰ کی نماز اور قربانی کے اجتماعات کے لیے بننے والے ایس او پیز پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔
بھارت میں 49 ہزار سے زیادہ نئے کیسز رپورٹ
بھارت میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 49 ہزار 931 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد کیسز کی کل تعداد 14 لاکھ 35 ہزار سے زیادہ ہو گئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق بھارت میں پیر کو کرونا وائرس کے شکار مزید 708 مریض دم توڑ گئے ہیں جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 32 ہزار 771 ہو گئی ہے۔
حکام کے مطابق ملک میں ایکٹو کیسز کی تعداد چار لاکھ 85 ہزار 114 ہے جب کہ نو لاکھ 17 ہزار 568 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔