آسٹریلوی وزیرِ اعظم کا بین الریاستی دورہ مختصر
آسٹریلیا کے وزیرِ اعظم اسکوٹ موریسن نے ریاست وکٹوریا کے شہر میلبورن میں کرونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے سبب اپنا بین الریاستی دورہ مختصر کر دیا ہے۔
ریاست کوئنز لینڈ کے یاندینا ٹاؤن میں منگل کو وزیرِ اعظم موریسن نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میلبورن شہر میں کرونا وائرس کے مقامی طور پر منتقلی کے کیسز سامنے آرہے ہیں اور دوسری طرف عمر رسیدہ افراد کے لیے قائم مراکز میں یہ وبا پھیل رہی ہے جس سے ان مراکز میں خدمات سر انجام دینے والے اہلکار بھی متاثر ہو سکتے ہیں۔
موریسن کا مزید کہنا تھا کہ اس پیچیدہ صورتِ حال کے سبب وہ اپنا کوئنز لینڈ کا دورہ مختصر کر کے دارالحکومت کینبرا واپس جا رہے ہیں۔
آسٹریلیا کی دوسری گنجان ترین ریاست وکٹوریا میں منگل کے روز کووڈ 19 کے 384 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
امریکہ کے مشیر قومی سلامتی وائرس کا شکار
امریکہ کے قومی سلامتی کے مشیر رابرٹ اوبرائن کرونا وائرس میں مبتلا ہو گئے ہیں۔ وہ وبا کی زد میں آنے والے ٹرمپ انتظامیہ کے اعلیٰ ترین عہدے دار ہیں۔
وائٹ ہاؤس نے پیر کو ایک بیان میں کہا کہ قومی سلامتی کونسل کے سربراہ رابرٹ اوبرائن کا کرونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔ ان میں معمولی علامات ظاہر ہوئی ہیں جس کے بعد وہ تنہائی میں چلے گئے ہیں اور انہوں نے محفوظ مقام سے کام جاری رکھا ہوا ہے۔
اوبرائن اور صدر ٹرمپ کے درمیان مسلسل رابطہ رہتا ہے لیکن صدر ٹرمپ نے پیر کو وائٹ ہاؤس میں صحافیوں کو بتایا کہ ان کی حالیہ دنوں میں برائن سے ملاقات نہیں ہوئی۔
وائٹ ہاؤس کے مطابق 54 سالہ اوبرائن کے وائرس میں مبتلا ہونے سے صدر ٹرمپ یا نائب صدر مائیک پینس کو خطرہ لاحق نہیں ہوا اور قومی سلامتی کونسل بھی معمول کے مطابق کام جاری رکھے گی۔
بیلجیم میں چار ہفتوں کے لیے سماجی دوری کی پابندیوں میں توسیع
یورپی ملک بیلجیم کی وزیرِ اعظم صوفی ولمز نے کرونا وائرس کے کیسز میں ایک بار پھر سے ہونے والے اضافے کے سبب سخت سماجی دوری اختیار کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔
وزیر اعظم صوفی کا ‘نیشنل سیکیورٹی کونسل’ کی ہنگامی میٹنگ کے بعد کہنا تھا کہ رواں ہفتے بدھ کے روز سے ایک گھر کے افراد کو صرف دیگر پانچ افراد سے ملنے کی اجازت ہو گی۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ یہ پابندیاں اگلے چار ہفتوں کے لیے ہوں گی جب کہ 12 سال سے کم عمر بچوں پر یہ پابندیاں لاگو نہیں ہوں گی۔
ان کے بقول وہ مکمل لاک ڈاؤن نہیں چاہتیں۔ تاہم سماجی دوری کی پابندیاں اس لیے لگائی جا رہی ہیں تا کہ کرونا وائرس کے سبب مکمل لاک ڈاؤن نافذ نہ کیا جائے اور گرمیوں کی چھٹیوں کے بعد بچے اسکولوں جاسکیں۔
بیلجیم میں اب تک کرونا وائرس سے 66 ہزار سے زائد افراد متاثر ہوئے ہیں جب کہ اس وبا سے 9821 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
بھارت میں کرونا کیسز 15 لاکھ کے قریب
بھارت میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے شکار 654 مریض چل بسے جب کہ 47 ہزار 704 افراد میں وائرس کی تشخیص بھی ہوئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں کرونا کیسز کی کل تعداد 14 لاکھ 83 ہزار 157 تک پہنچ گئی ہے۔ بھارت کرونا وائرس سے متاثرہ دنیا کا تیسرا بڑا ملک ہے جہاں اتنے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
بھارت میں اس وبا سے مرنے والوں کی تعداد 32 ہزار 771 ہے۔ اب تک امریکہ ایک لاکھ 48 ہزار سے زائد اموات کے ساتھ سرِ فہرست ہے۔