آسٹریلیا: سڈنی سے براہِ راست کوئنز لینڈ جانے پر پابندی عائد
آسٹریلیا کی شمال مشرقی ریاست کوئنز لینڈ کے حکام نے کرونا وائرس کو مزید پھیلنے سے روکنے کے لیے سڈنی اور اس کے مضافاتی علاقوں سے لوگوں کے ریاست میں داخلے پر پابندی عائد کر دی ہے۔
حکام نے یہ پابندی دو خواتین کے سڈنی سے براستہ ملبرن ریاست کے دارالحکومت برسبین پہنچنے پر وائرس کا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد عائد کی ہے۔
ملبرن جنوبی ریاست وکٹوریا کا دارالحکومت ہے جہاں چھ ہفتے کا لاک ڈاؤن جاری ہے۔
سخت احتیاطی تدابیر کے ساتھ مناسکِ حج کا آغاز
سعودی عرب میں بدھ سے مناسکِ حج کی ادائیگی کا آغاز ہو گیا ہے۔ کرونا کی عالمی وبا کے باعث اس بار حج کو محدود کردیا گیا ہے اور حج کے لیے منتخب ہونے والے افراد مکہ میں قرنطینہ میں وقت گزارنے کے بعد مناسک ادا کر رہے ہیں۔
عازمینِ حج نے بدھ کی صبح طوافِ کعبہ کیا جس کے بعد وہ مسجد الحرام سے منیٰ روانہ ہو رہے ہیں۔
سعودی حکومت نے حج کے موقع پر کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے سخت حفاظتی انتظامات کیے ہیں۔ طوافِ کعبہ کے دوران عازمین نے سماجی فاصلے کا خیال رکھا اور زمین پر لگائے گئے نشانات پر چل کر کعبے کا طواف کیا۔
کرونا کے باعث کیے گئے سخت اقدامات کے تحت اس سال عازمین کو خانۂ کعبہ کو چھونے کی اجازت بھی نہیں ہے۔ انتظامیہ نے خانۂ کعبہ کے گرد حصار بنایا ہے جس کے باعث لوگ خانۂ کعبہ کی دیواروں کو ہاتھ نہیں لگا سکتے اور نہ ہی حجرِ اسود کو بوسہ دے سکتے ہیں۔
عازمین کو مناسکِ حج کی ادائیگی کے دوران ماسک پہننے اور سماجی فاصلہ قائم رکھنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔ مسجد الحرام میں نشانات بھی لگائے ہیں تاکہ عازمین کے درمیان فاصلہ قائم رہ سکے۔
قربانی کے جانوروں کی آن لائن خریداری
پاکستان میں اس سال عید الاضحیٰ کی رونقیں بھی کرونا وائرس کی وجہ سے کچھ ماند پڑ گئی ہیں۔ سب سے زیادہ متاثر ہونے والا معاملہ قربانی کے جانوروں کی خریداری ہے۔ جانوروں کی آن لائن خریداری پاکستان میں کتنی مقبول ہے، کھلی مویشی منڈیوں سے کون خریداری کر رہا ہے اور علماء آن لائن قربانی کے اس طریقے کو کیسے دیکھ رہے ہیں؟ دیکھیے گیتی آرا انیس کی اس رپورٹ میں
افغانستان میں نئے کیسز کی شرح میں کمی
افغانستان کی وزارتِ صحت نے بدھ کے روز کرونا وائرس کے مزید 105 کیسز کے اضافے کی تصدیق کی ہے۔
افغانستان میں کرونا وائرس کے مریضوں کی کل تعداد 36473 ہو گئی ہے۔
وزارتِ صحت کے مطابق گزشتہ دو ماہ کے مقابلے میں کرونا وائرس کے نئے مثبت کیسز کی شرح میں کمی ہوئی ہے۔
نگران وزیرِ صحت ڈاکٹر احمد جواد عثمانی نے خبردار کیا ہے کہ اگر احتیاطی تدابیر کا خیال نہ رکھا گیا تو کیسز کی تعداد میں دوبارہ اضافہ ہو سکتا ہے۔
انہوں نے اندیشہ ظاہر کیا کہ عید پر جانوروں کی قربانیوں پر کانگو بخار کی وبا پھیل سکتی ہے۔