بھارت میں 62 ہزار سے زائد نئے کیسز، مریضوں کی تعداد 20 لاکھ سے زیادہ
بھارت میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 62 ہزار 538 نئے کیسز سامنے آنے کے بعد کرونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 20 لاکھ 27 ہزار سے زیادہ ہو گئی ہے۔
بھارت میں کرونا سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 41 ہزار 585 ہے۔
جنوبی افریقہ میں کرونا وائرس پر کنٹرول میں عالمی ادارہ صحت کی مدد
عالمی ادارہ صحت کے ماہرین پر مشتمل ایک گروپ اس وقت جنوبی افریقہ میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ پر قابو پانے کی کوششوں میں مدد کر رہا ہے۔
حالیہ ہفتوں میں جنوبی افریقہ میں کوویڈ 19 کے کیسز میں تیزی سےاضافہ ہوا ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق جنوبی افریقہ میں کورونا وائرس کے پانچ لاکھ اور 30 ہزار کیسز سامنے آ چکے ہیں۔ جس کے بعد جنوبی افریقہ کوویڈ 19 کے متاثرین کی تعداد کے لحاظ سے دنیا میں پانچویں نمبر پر ہے۔
ڈبلیو ایچ او کے 43 رکنی وفد میں موذی امراض کی روک تھام، صحت عامہ، امراض سے بچاؤ اور اس پر قابو پانے کے ماہرین شامل ہیں جو کرونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کی کوششوں میں مدد فراہم کریں گے۔
عالمی ادارہ صحت کی ٹیم اپنا کام شروع کرنے سے پہلے جنوبی افریقہ کے صحت کے ادارے ک تحت روک تھام کی اب تک کی کارروائیوں کا جائزہ لے گی۔
اس کے بعد ڈبلیو ایچ او کے ماہرین ملک کے سب سے متاثرہ علاقوں یعنی مشرقی کیپ، فری سٹیٹ، گاؤٹنگ، کوازولو نیٹل اور پوما لنگا میں امدادی خدمات کو مستحکم اور بہتر بنانے میں مدد دے گی۔
جنوبی افریقہ کے حکام نے تصدیق کی ہے کہ ملک میں اب تک اس موذی مرض سے 92 ہزار افراد اپنی زندگیوں سے محروم ہو چکے ہیں۔
جنوبی افریقہ کے وزیر صحت ڈاکٹر زویلینی خیزی نے بتایا ہے کہ اب گاؤٹنگ، مغربی کیپ اور مشرقی کیپ میں اس مرض کے کیسز میں کمی آنا شروع ہو گئی ہے، لیکن ابھی یہ نہیں کہا جا سکتا کہ یہ وبا ان علاقوں میں اپنے نقطہ عروج پر پہنچ چکی ہے یا نہیں۔
افغانستان میں عید کے بعد کیسز میں 100 فی صد اضافہ
افغانستان کی وزارتِ صحت نے گزشتہ 24 گھنٹوں میں کرونا وائرس کے 108 نئے کیسز سامنے آنے کی تصدیق کی ہے۔
ملک میں کرونا وائرس سے متاثر مریضوں کی کل تعداد36937 ہو گئی ہے۔
وزارت صحت کے اعدادو شمار کے مطابق گزشتہ ایک ہفتے کے مقابلے میں عید کے بعد کرونا کے کیسز میں 100 فی صد اضافہ دیکھا گیا ہے۔