امریکی حکومت کا کرونا کی ویکسین کے لیے'موڈرنا' کے ساتھ معاہدہ
امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ وفاقی حکومت اور امریکی بائیو ٹیکنالوجی کمپنی ‘موڈرنا’ کے درمیان کرونا ویکسین کی 10 کروڑ خوراکیں فراہم کرنے کا معاہدہ ہو گیا ہے۔
منگل کو وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے بتایا کہ ویکسین کی یہ خوراکیں وفاقی حکومت کی ملکیت ہوں گی اور وہ انہیں خرید رہے ہیں۔
صدر ٹرمپ کے مطابق کرونا ویکسین کی منظوری ملتے ہی 10 کروڑ خوراکیں فراہم کی جائیں گی جب کہ پانچ کروڑ خوراکیں فوری طور پر دستیاب ہوں گی۔
یاد رہے کہ امریکہ دنیا بھر میں کرونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے۔ جہاں عالمی وبا سے اب تک 51 لاکھ سے زائد افراد متاثر ہوئے ہیں جب کہ ایک لاکھ 64 ہزار سے زیادہ افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
پاکستان میں 17 اموات، 730 نئے کیسز رپورٹ
روس کا کرونا وائرس کی ویکسین تیار کرنے کا دعویٰ
روس کے صدر ولادی میر پوٹن نے دعویٰ کیا ہے کہ روس کرونا وائرس کےخلاف نئی ویکسین کے استعمال کی باضابطہ اجازت دینے والا دنیا کا پہلا ملک بن گیا ہے۔ تاہم صدر نے اپنے دعوے سے متعلق کوئی مستند ڈیٹا پیش نہیں کیا کہ یہ ویکسین کس حد تک محفوظ ہے۔
روسی صدر نے منگل کو کابینہ کے اجلاس کے بعد سرکاری ٹی وی پر براہ راست نشر ہونے والی تقریر میں اس پیش رفت سے آگاہ کیا۔
صدر پوٹن نے کہا کہ "میں جانتا ہوں کہ ماسکو کے گیمیلیا انسٹی ٹیوٹ کی تیار کردہ یہ ویکسین فوری اثر کرتی ہے اور اس سے کرونا کے خلاف قوات مدافعت ملتی ہے۔"
روسی صدر کا کہنا تھا کہ ویکسین کی منظوری تمام ضروری مراحل پورے کرنے کے بعد دی گئی ہے اور یہ بالکل محفوظ ہے۔
نئی ویکسین کا نام 'اسپتنک فائیو' رکھا گیا ہے جو 1957 میں اس وقت کے سوویت یونین کی جانب سے خلا میں بھیجا جانے والا پہلا مشن تھا۔
لبنان میں ایک ہی روز ریکارڈ 300 کیسز رپورٹ
لبنان میں منگل کو کرونا وائرس کے ریکارڈ 300 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جب کہ سات افراد ہلاک بھی ہوئے ہیں۔
لبنان میں کرونا وبا کے باعث اب تک سات ہزار سے زائد کیسز جب کہ 87 اموات رپورٹ ہو چکی ہیں۔
خیال رہے کہ لبنان کو گزشتہ ہفتے بیروت میں ہونے والے خوفناک دھماکے کے بعد پہلے ہی ہنگامی حالات کا سامنا ہے۔
دھماکے کے بعد ایک اندازے کے مطابق تین لاکھ کے لگ بھگ افراد بے گھر ہو گئے ہیں۔ عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ بڑی تعداد میں بے گھر افراد کی وجہ سے وائرس تیزی سے پھیل سکتا ہے۔