پاکستان میں کرونا وائرس کی کیا صورتِ حال ہے؟
پاکستان کے سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 626 نئے مریض سامنے آئے ہیں جب کہ اس وبا سے 14 مزید افراد جان کی بازی ہار گئے۔
جمعرات کو پاکستان میں 23 ہزار سے زائد کرونا ٹیسٹس کیے گئے جن میں سے 626 مثبت پائے گئے۔ نئے کیسز سامنے آنے کے بعد ملک میں کرونا کا شکار ہونے والوں کی مجموعی تعداد دو لاکھ 87 ہزار سے زائد ہو گئی ہے جب کہ اموات 6153 ہیں۔
پاکستان کے صوبہ سندھ میں سب سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ سندھ میں کیسز کی تعداد ایک لاکھ 25 ہزار سے زائد ہے جب کہ پنجاب میں 94 ہزار سے زائد کووڈ 19 کے مریض سامنے آ چکے ہیں۔
خیبر پختونخوا میں 35 ہزار، بلوچستان میں 12 ہزار، پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر میں دو ہزار اور گلگت بلتستان میں بھی دو ہزار 400 سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
پاکستان میں کرونا وائرس سے صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد دو لاکھ 65 ہزار سے زائد ہے۔
بھارت: کشمیر کی سب سے بڑی جیل میں ہر پانچ میں سے ایک قیدی کرونا کا شکار
بھارت کے زیرِ انتظام کشمیر کی سب سے بڑی جیل میں ہر پانچ میں سے ایک قیدی میں کرونا وائرس پایا گیا ہے جب کہ بھارت میں مسلسل تین روز سے 60 ہزار سے زائد یومیہ کیسز رپورٹ ہو رہے ہیں۔
سرینگر کی سینٹرل جیل کی انتظامیہ نے کہا ہے کہ 480 میں سے 102 قیدیوں کا کرونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے جس کے بعد انہیں جیل سے منتقل کرنے کے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔
کشمیر کی جیلوں کے ایڈشنل ڈی جی نے خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کو بتایا ہے کہ ہم مزید احتیاط کر رہے ہیں۔ جیلوں میں آنے والے تمام نئے قیدیوں کا کرونا ٹیسٹ کیا جا رہا ہے اور انہیں دو ہفتوں کے لیے قرنطینہ میں بھی رکھا جا رہا ہے۔
خیال رہے کہ بھارت میں گزشتہ کئی روز سے 50 ہزار سے زائد یومیہ کیسز رپورٹ ہو رہے تھے اور اب گزشتہ تین روز سے یہ تعداد بڑھ کر 60 ہزار سے زائد ہو گئی ہے۔
برطانیہ نے فرانس سمیت کئی ملکوں کے مسافروں پر قرنطینہ لازم قرار دے دیا
برطانیہ نے فرانس اور نیدرلینڈز سمیت دیگر ملکوں سے آنے والے مسافروں پر 14 روز کا قرنطینہ دوبارہ لاگو کر دیا ہے۔
برطانیہ کے ٹرانسپورٹ منسٹر گرینٹ شیپس نے کہا ہے کہ کرونا وائرس کے ڈیٹا کو دیکھتے ہوئے اس بات کی ضرورت ہے کہ فرانس، نیدرلینڈز، موناکو، مالٹا اور ترکی کو سفری اجازت دینے والی فہرست سے نکال دینا چاہیے تاکہ کرونا وائرس کی وبا کو کم کیا جائے۔
انہوں نے کہا ہے کہ مذکورہ ملکوں سے ہفتے کی صبح چار بجے کے بعد آنے والے مسافروں کو 14 روز کے لیے قرنطینہ میں رہنا پڑے گا۔
دوسری جانب فرانس کے جونیئر وزیر برائے یورپین افیئرز کلیمنٹ بین نے برطانیہ کے اس فیصلے پر مایوسی کا اظہار کیا ہے۔
رام مندر کے پنڈت کا کرونا ٹیسٹ مثبت
بھارت کے وزیرِ اعظم نریندر مودی کے ساتھ پانچ اگست کو ایودھیا میں رام مندر کی افتتاحی تقریب میں شریک 82 سالہ پنڈت نریتیہ گوپال داس کرونا کا شکار ہو گئے ہیں۔
نریندر مودی اور پنڈت نریتیہ گوپال داس کے علاوہ 170 شخصیات نے رام مندر کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی تھی۔
گوپال داس کی کرونا رپورٹ مثبت آنے کے بعد اُنہیں دہلی کے قریب واقع ایک اسپتال میں منتقل کر دیا گیا ہے۔
ادھر ایک ٹی وی فوٹیج میں دکھایا گیا ہے کہ گوپال داس ایک موقع پر نریندر مودی کا ہاتھ بھی تھامے ہوئے ہیں۔
واضح رہے کہ تقریب میں صرف انہی لوگوں کو شرکت کی اجازت ملی تھی جن کے کرونا ٹیسٹ کی رپورٹ منفی آئی تھی۔