بھارت: کرونا کیسز کی تعداد 31 لاکھ سے تجاوز کر گئی
بھارت میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے مزید 61 ہزار 408 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد کیسز کی تعداد 31 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق بھارت میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں کرونا وائرس کے شکار 836 مریض دم توڑ گئے ہیں۔ عالمی وبا سے بھارت میں اموات کی کل تعداد 57 ہزار 542 ہو گئی ہے۔
وفاقی وزارتِ صحت کے مطابق بھارت میں صرف 17 دن پہلے ہی کرونا وائرس سے متاثر ہونے والوں کی تعداد نے 20 لاکھ کا ہندسہ عبور کیا تھا جب کہ اتوار تک یہ تعداد 31 لاکھ چھ ہزار سے زیادہ ہو گئی ہے۔
بھارت ایشیا کا کرونا سے سب سے زیادہ مثاثرہ ملک ہے جب کہ دنیا میں برازیل اور امریکہ کے بعد اس کا نمبر تیسرا ہے۔
پاکستان میں نو اموات، 496 کیسز رپورٹ
پاکستان میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے کل نو مریض دم توڑ گئے جب کہ 496 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔
نیوزی لینڈ: آکلینڈ میں نافذ لاک ڈاؤن میں توسیع
نیوزی لینڈ کی وزیرِ اعظم جیسنڈا آرڈرن نے آکلینڈ میں نافذ لاک ڈاؤن میں مزید توسیع کا اعلان کرتے ہوئے ملک بھر میں پبلک ٹرانسپورٹ میں ماسک کا پہنا لازم قرار دیا ہے۔
وزیرِ اعظم جیسنڈا نے پیر کو اعلان کیا ہے کہ کرونا وائرس کے کیسز میں کمی کے لیے آکلینڈ میں مزید چار روز کے لیے لاک ڈاؤن نافذ رہے گا۔
مقامی سطح پر کرونا وائرس کے کیسز سامنے آنے کے بعد حکام نے 11 اگست کو آکلینڈ میں لاک ڈاؤن نافذ کیا تھا۔
گزشتہ چند روز کے دوران آکلینڈ میں لگ بھگ 150 کیسز سامنے آئے تھے۔ تاہم اب نئے کیسز کی تعداد ایک ہندسے تک محدود ہو کر رہ گئی ہے۔
پچاس لاکھ آبادی والے ملک نیوزی لینڈ میں اب تک کرونا وائرس کے 1300 سے زیادہ کیسز اور 22 اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔
بھارت میں کرونا کیس 30 لاکھ سے بڑھ گئے
امریکہ کی جانز ہاپکنز یونیورسٹی کی جانب سے جاری کیے گئے اعداد و شمار کے مطابق بھارت میں کرونا کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 30 لاکھ سے بڑھ گئی ہے۔
بھارت میں کرونا کے باعث ہونے والی اموات کی تعداد بھی 56 ہزار سے زائد ہو گئی ہے۔
بھارت میں مزید 69 ہزار سے مریضوں میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔ بھارتی حکام کا کہنا ہے کہ وائرس سے صحت یاب ہونے والی کی تعداد میں بھی مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
ادھر بھارت کے وزیر صحت ہرش وردھن نے دعویٰ کیا ہے کہ بھارت رواں سال کے اختتام تک کرونا وائرس کی ویکسین تیار کر لے گا۔
ہفتے کو اپنے ایک بیان میں ہرش وردھن کا کہنا تھا کہ کرونا کی ایک ویکسین آزمائش کے تیسرے مرحلے میں ہے۔ اُن کے بقول قوی اُمید ہے کہ رواں سال کے اختتام تک یہ دستیاب ہو جائے گی۔