میکسیکو میں 5 ہزار سے زائد نئے کیس، 552 اموات
میکسیکو میں کرونا وائرس کے باعث 24 گھنٹوں کے دوران مزید 552 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ جس کے بعد اس عالمی وبا سے میکسیکو میں ہلاکتوں کی تعداد 63 ہزار سے بڑھ گئی ہے۔
جمعے کو میکسیکو میں کرونا کے پانچ ہزار 824 نئے کیس رپورٹ کیے گئے۔
میکسیکو میں اس مہلک وبا سے متاثرہ افراد کی تعداد پانچ لاکھ 85 ہزار سے زائد ہو گئی ہے۔
سرکاری حکام کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد مصدقہ کیسوں کی تعداد سے ممکنہ طور پر کہیں زیادہ ہو سکتی ہے۔
فرانس میں کرونا کے مزید سات ہزار سے زائد کیس رپورٹ
فرانس میں کرونا وائرس کیسز میں ایک بار پھر اضافہ ہو رہا ہے جمعے کو ملک میں مزید سات ہزار سے زائد کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔
عالمی وبا سے متاثرہ افراد کی تعداد میں یہ اضافہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے کہ جب فرانس میں منگل سے اسکول کھولنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
فرانس کے صدر ایمانوئل میخواں کا صحافیوں سے گفتگو میں کہنا تھا کہ وہ لاک ڈاؤن سے بچنے کے لیے خاطر خواہ اقدامات کررہے ہیں۔
وزارت صحت کا ہفتہ وار بیان میں کہنا تھا کہ فرانس میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ میں حیران کن اضافہ دیکھا جارہا ہے۔
فرانس میں حکام لاک ڈاؤن نافذ کیے بغیر کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے اقدامات کررہے ہیں۔
برازیل میں 43 ہزار سے زائد نئے کیس رپورٹ
برازیل میں 24 گھنٹوں کے دوران کرونا سے مزید 855 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
برازیل کی وزارت صحت کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق اس عالمی وبا سے ہلاکتوں کی تعداد ایک لاکھ 19 ہزار سے بڑھ گئی ہے۔
دنیا بھر میں اس مہلک وبا سے امریکہ کے بعد سب سے زیادہ متاثرہ ملک برازیل میں جمعے کو کرونا وائرس کے 43 ہزار 412 نئے کیس رپورٹ ہوئے۔
برازیل میں کرونا وائرس سے اب تک 38 لاکھ سے زائد افراد متاثر ہو چکے ہیں۔
بھارت میں مسلسل تیسرے روز 75 ہزار سے زائد کیس
بھارت میں 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے مزید 75 ہزار سے زائد کیس رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد ملک میں اس مہلک وبا سے متاثرہ افراد کی تعداد 34 لاکھ سے بڑھ گئی ہے۔
بھارت کی وزارتِ صحت کی طرف سے فراہم کردہ اعدادوشمار کے مطابق جمعے کو کرونا سے ایک ہزار سے زائد اموات ہوئیں۔
بھارت میں اس وبا کے باعث ہلاکتوں کی تعداد 62 ہزار سے بڑھ گئی ہے۔
بھارت میں اس مہلک وبا سے متاثرہ افراد میں سے 26 لاکھ سے زائد مریض صحت یاب ہوچکے ہیں جب کہ سات لاکھ 52 ہزار سے زائد مریض اس وقت زیر علاج ہیں۔