نیوزی لینڈ میں تین ماہ بعد کرونا وائرس سے پہلی ہلاکت
نیوزی لینڈ میں تین ماہ سے زائد مدت کے بعد جمعے کو کرونا وائرس سے ایک 50 سالہ شخص ہلاک ہو گیا ہے۔
محکمۂ صحت کے عہدے داروں کا کہنا ہے کہ یہ شخص گزشتہ ماہ آکلینڈ میں آنے والی کرونا وائرس کی دوسری لہر کے دوران وبائی مرض کا شکار بنا۔
جمعہ کی سہ پہر آکلینڈ کے 'مڈل مور' اسپتال میں ہونے والی اس ہلاکت کے بعد کووڈ 19 سے مرنے والوں کی تعداد 23 ہوگئی ہے۔
نیوزی لینڈ میں اس سے قبل کرونا وائرس سے آخری ہلاکت 24 مئی کو رپورٹ ہوئی تھی۔
امریکہ: کرونا بحران میں 'سی ڈی سی' کے کردار پر تنقید
بھارت میں 83 ہزار سے زیادہ کیسز رپورٹ
بھارت میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں مزید 83 ہزار 341 کیسز کا اضافہ ہو گیا ہے۔
اس اضافے کے ساتھ ہی بھارت میں کیسز کی کل تعداد 39 لاکھ 40 ہزار ہو گئی ہے۔
وزارتِ صحت کے جاری کردہ اعداد وشمار کے مطابق بھارت میں کووڈ 19 کے کیسز کی تعداد دنیا میں دوسرے نمبر پر زیادہ متاثرہ ملک برازیل سے صرف 60 ہزار کیسز کی دوری پر ہے۔
بھارت دنیا کا واحد ملک ہے جہاں ایک روز کے دوران سب سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ تاہم بھارت میں کرونا وائرس سے ہونے والی اموات میں بتدریج کمی آرہی ہے۔
وزارتِ صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایک ہزار 96 افراد ہلاک ہوئے ہیں جس کے بعد ہلاکتوں کی کل تعداد 68 ہزار 472 ہو گئی ہے۔
پاکستان میں لگ بھگ 500 نئے کیسز رپورٹ
پاکستان میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے شکار مزید سات مریض دم توڑ گئے ہیں جب کہ 498 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں زیرِ علاج 595 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے جب کہ عالمی وبا سے اب تک 6335 مریض ہلاک ہو چکے ہیں۔
پاکستان میں کرونا کیسز کی کل تعداد دو لاکھ 97 ہزار سے زیادہ ہے جن میں سے دو لاکھ 82 ہزار سے زیادہ مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔