برطانیہ میں مئی کے بعد پہلی مرتبہ لگ بھگ تین ہزار کیسز
برطانیہ میں اتوار کو کرونا وائرس کے 2 ہزار 988 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔ 23 مئی کے بعد سے برطانیہ میں کیسز کی یہ سب سے بڑی تعداد ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران برطانیہ میں کرونا وائرس کے شکار دو مریض بھی ہلاک ہوئے ہیں۔ یہ ہلاکتیں 28 دن کے وقفے کے بعد رونما ہوئی ہیں۔
برطانیہ میں اب تک ساڑھے تین لاکھ کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔
پاکستان میں تعلیمی ادارے مرحلہ وار کھولنے کے شیڈول پر اتفاق
پاکستان کے تمام صوبوں کے وزرائے تعلیم نے 15 ستمبر سے تعلیمی ادارے مرحلہ وار کھولنے کے شیڈول پر اتفاق کیا ہے۔
وفاقی وزیرِ تعلیم شفقت محمود کی زیرِ صدارت پیر کو اسلام آباد میں تمام صوبوں کے وزرائے تعلیم کا مشترکہ اجلاس ہوا جس کے دوران کرونا وائرس کے باعث تعطل کے شکار تدریسی عمل کی دوبارہ بحالی سے متعلق امور پر غور کیا گیا۔
وزرائے تعلیم کے اس اجلاس میں ملک بھر کے تعلیمی ادارے مرحلہ وار کھولنے کا متفقہ فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس کے فیصلوں کے مطابق 15 ستمبر سے ملک بھر کی جامعات، کالجز اور نویں و دسویں جماعت کے طالب علموں کے لیے ہائی اسکولز کھولے جائیں گے۔
صورتِ حال کا جائزہ لینے کے بعد 22 ستمبر سے چھٹی سے آٹھویں جماعت کے طلبہ و طالبات کے لیے اسکول کھولے جائیں گے جب کہ نرسری سے کلاس پنجم تک کے طالب علم 30 ستمبر سے اسکول جاسکیں گے۔
دوسری جانب وزیرِ اعظم عمران خان نے قومی رابطہ کمیٹی برائے کرونا وائرس (این سی او سی) کا اجلاس منگل کو بلا لیا ہے جو کہ تعلیمی اداروں کو کھولنے کے فیصلے کی حتمی منظوری دے گی۔
پاکستان میں 394 افراد میں وائرس کی تشخیص
پاکستان میں کرونا وائرس کے کیسز اور اموات میں کمی آ رہی ہے۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید تین مریض ہلاک اور 394 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں کرونا کیسز کی تعداد دو لاکھ 98 ہزار سے زیادہ ہے جن میں سے دو لاکھ 86 ہزار سے زیادہ مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔
حکام کے مطابق عالمی وبا سے پاکستان میں اب تک چھ ہزار 345 مریض ہلاک ہو چکے ہیں جب کہ 534 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔
پاکستان میں اب تک 27 لاکھ سے زیادہ ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔
بھارت نے متاثرہ ملکوں کی فہرست میں برازیل کو پیچھے چھوڑ دیا
بھارت کرونا وائرس سے متاثرہ ملکوں کی فہرست میں برازیل کو پیچھے چھوڑ کر دوسرے نمبر پر آگیا ہے۔
بھارت میں پیر کو کرونا کیسز کی کل تعداد 42 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے جو دنیا میں امریکہ کے بعد کسی بھی ملک کے مقابلے میں سب سے زیادہ ہے۔ امریکہ میں اب تک 60 لاکھ سے زیادہ کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔
کرونا سے متاثرہ ملکوں کی عالمی فہرست میں برازیل کا دوسرا نمبر تھا تاہم اب بھارت میں برازیل کے مقابلے میں 70 ہزار کیسز زیادہ ہیں۔
بھارت کی وزارتِ صحت کے مطابق پیر کو مزید 90 ہزار 802 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جس کے بعد کیسز کی کل تعداد 42 لاکھ چار ہزار سے زیادہ ہو گئی ہے۔
بھارت میں اموات کی شرح میں کمی آ رہی ہے۔ تاہم گزشتہ ایک ہفتے کے دوران روزانہ ایک ہزار سے زیادہ مریض ہلاک ہو رہے ہیں۔ پیر کو بھی ایک ہزار سولہ مریض ہلاک ہوئے ہیں جس کے بعد بھارت میں ہلاکتوں کی کل تعداد 71 ہزار 642 تک پہنچ گئی ہے۔