بھارت: کرونا وائرس سے مزید 81 ہزار افراد متاثر
بھارت میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے مزید 81 ہزار 484 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔ بھارت میں کرونا سے متاثرین کی مجموعی تعداد 63 لاکھ 90 ہزار ہو گئی ہے۔
جمعے کو بھارت کی وزارتِ صحت کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق عالمی وبا کا شکار ہو کر مزید ایک ہزار 95 مریض ہلاک ہوئے ہیں۔ اس طرح بھارت میں کرونا وائرس سے اب تک ہلاکتوں کی کُل تعداد 99 ہزار 773 تک پہنچ گئی ہے۔
بھارت کرونا وائرس سے متاثرہ ملکوں کی فہرست میں امریکہ کے بعد دوسرے نمبر پر ہے۔ منگل کو ایک سروے رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ گنجان آبادی کے سبب بھارت میں وبا کے مذید پھیلاؤ کا خدشہ ہے۔
چین میں سرکاری تعطیلات پر سیاح بیرونِ ملک سفر نہیں کر سکیں گے
چین کے قومی دن کے موقع پر ایک ہفتے طویل چھٹیوں کے دوران لاکھوں سیاح بیرونِ ملک سفر کرتے ہیں تاہم اس بار وہ ایسا نہیں کر سکیں گے۔
کرونا وائرس کی موجودگی میں سفری پابندیوں کے باعث رواں برس 6 کروڑ افراد بیرونِ ملک کے بجائے اندرونِ ملک سفر کریں گے۔
خبر رساں ادارے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' کے مطابق چین کی سب سے بڑی آن لائن ٹریول ایجنسی 'سی ٹرپ' کا کہنا ہے کہ یہ تعداد گزشتہ سال کے مقابلے میں 25 فی صد کم ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ برس سات کروڑ 82 لاکھ افراد نے اندرونِ ملک سفر کیا تھا جس سے حکومت کو چھ ارب 50 کروڑ یوآن آمدنی ہوئی تھی۔
چین میں 16 اگست سے کرونا وائرس کا کوئی مقامی نیا کیس رپورٹ نہیں ہوا ہے۔
چین میں اب بھی بڑی تعداد میں لوگ کرونا وائرس سے متعلق احتیاط برت رہے ہیں اس لیے وہ بھیڑ سے دور رہتے ہیں جب کہ دنیا بھر سے چین آنے والے افراد کے لیے اب بھی ملکی سرحدیں بند ہیں۔
عمران خان کا صدر ٹرمپ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار
پاکستان کے وزیرِ اعظم عمران خان نے امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کی اہلیہ میلانیا ٹرمپ کے کرونا وائرس کا شکار ہونے پر ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔
عمران خان نے اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا ہے کہ صدر ٹرمپ اور میلانیا ٹرمپ کی کووڈ 19 سے جلد شفایابی کے لیے دعاگو ہوں۔
صدر ٹرمپ اور اہلیہ کا کرونا ٹیسٹ مثبت
امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور اُن کی اہلیہ میلانیا ٹرمپ کا کرونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے جس کے بعد دونوں نے خود کو قرنطینہ کر لیا ہے۔
صدر ٹرمپ نے جمعے کو اپنے ایک ٹوئٹ میں بتایا کہ اُن کا اور خاتونِ اول میلانیا ٹرمپ کا کرونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے جس کے بعد وہ فوری طور پر قرنطینہ میں چلے گئے ہیں اور وہ اس مرحلے سے آسانی سے گزر جائیں گے۔
صدر ٹرمپ کے معالج نیوی کمانڈر ڈاکٹرسین کون لی کے مطابق صدر ٹرمپ اور خاتونِ اول میلانیا ٹرمپ قرنطینہ کے دوران وائٹ ہاؤس میں ہی رہیں گے۔
انہوں نے صحافیوں کو رات تقریباً ایک بجے جاری کیے گئے میمو میں بتایا کہ جمعرات کی شام صدر ٹرمپ کا کرونا ٹیسٹ مثبت ہونے کی تصدیق ہوئی تھی۔