پاکستان میں 526 افراد انتہائی نگہداشت میں موجود
پاکستان میں کرونا وائرس سے متاثرہ انتہائی نگہداشت میں موجود افراد کی تعداد 526 ہو گئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں کرونا وائرس سے مزید 440 افراد متاثر ہوئے ہیں جس کے بعد ملک میں مجموعی طور پر زیرِ علاج افراد کی تعداد 9384 ہو گئی ہے۔
حکام کے مطابق پاکستان میں کرونا وائرس سے تین لاکھ 23 ہزار افراد متاثر ہوئے تھے جن میں سے تین لاکھ سات ہزار افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔ جب کہ وبا سے متاثرہ 6659 افراد کی موت ہو چکی ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں وبا سے مزید پانچ افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ وبا سے متاثرہ افراد کی نشان دہی کے ہے گزشتہ 24 گھنٹوں میں 27ہزار ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ اب تک ملک بھر میں 41 لاکھ ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔
بھارت: تین ماہ کی کم ترین یومیہ ہلاکتیں، کرونا کیسز 75 لاکھ سے متجاوز
بھارت میں کرونا وائرس کے یومیہ کیسز کی تعداد میں کمی آ رہی ہے لیکن ملک میں کرونا وائرس کے مریضوں کی مجموعی تعداد 75 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔
بھارت کی وزارتِ صحت نے اپنے ایک ٹوئٹ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے اعداد و شمار جاری کیے ہیں جن کے مطابق اتوار کو بھارت میں 55 ہزار 722 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
کیسز کی تعداد میں اس اضافے کے بعد بھارت میں کرونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 75 لاکھ 50 ہزار سے زائد ہو گئی ہے۔ لیکن وزارتِ صحت کے مطابق ان میں سے 66 لاکھ سے زائد مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔
وزارتِ صحت نے بتایا ہے کہ بھارت میں تقریباً تین ماہ بعد کرونا وائرس سے ایک دن میں ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 600 سے کم رپورٹ ہوئی ہے جب اتوار کو ملک میں 579 مریض جان کی بازی ہار گئے۔ واضح رہے کہ یہ بھارت میں گزشتہ تین ماہ کے دوران کم تین یومیہ ہلاکتیں ہیں۔
پاکستان میں 433 نئے مریض، ایکٹو کیسز 9 ہزار 300 سے زائد
پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 433 نئے مریض رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد کرونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد تین لاکھ 23 ہزار 452 ہو گئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں تین لاکھ سات ہزار مریض صحت یاب ہو چکے ہیں جب کہ ایکٹو کیسز کی تعداد 9384 ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس سے پانچ اموات بھی ہوئی ہیں جس کے بعد کرونا سے اموات کی تعداد چھ ہزار 659 ہو گئی ہے۔