پاکستان میں رواں ہفتے 67 اموات
پاکستان میں کرونا وائرس سے رواں ہفتے 67 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں وبا سے مزید 11 افراد کی موت ہوئی ہے جس کے بعد ملک بھر میں وبا سے ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 6806 ہو گئی ہے۔
واضح رہے کہ وائرس سے جمعرات کو 20 افراد ہلاک ہوئے تھے جو کہ چھ اگست کے بعد ملک بھر میں ایک دن میں ہونے والی سب سے زیادہ اموات تھیں۔ چھ اگست کو 21 افراد وبا سے ہلاک ہوئے تھے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق بدھ کو وبا سے 16، منگل کو 14 اور پیر کو 6 افراد کی موت ہوئی تھی۔ یوں رواں ہفتے اب تک وبا سے 67 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
پاکستان میں مزید 20 اموات، ایک ہزار سے زیادہ کیسز رپورٹ
پاکستان میں گزشتہ چوبیس گھںٹوں کے دوران کرونا وائرس کے شکار 20 مریض دم توڑ گئے جب کہ ایک ہزار 78 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔
پاکستان میں گزشتہ چند روز کے دوران اموات اور کیسز میں تعداد میں مسلسل اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں اموات تک عالمی وبا سے چھ ہزار 795 افراد ہلاک اور تین لاکھ 32 ہزار سے زیادہ کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ 632 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے اور تین لاکھ 13 ہزار سے زیادہ مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔
دنیا بھر میں پہلی مرتبہ ایک دن میں 5 لاکھ سے زائد کیسز رپورٹ
دنیا بھر میں پہلی مرتبہ بدھ کو ایک روز کے دوران کرونا وائرس کے پانچ لاکھ سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
عالمی سطح پر کووڈ 19 کیسز کی یومیہ تعداد میں دو ہفتوں سے بھی کم مدت کے دوران تقریباً 25 فی صد اضافہ ہوا ہے جب کہ گزشتہ جمعے کو دنیا میں پہلی بار ایک دن میں چار لاکھ کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔
بیشتر مغربی ممالک اور لاطینی امریکہ کے کچھ حصوں میں پچھلے کچھ ہفتوں کے دوران ایک روز میں سب سے زیادہ اضافہ ہوا جس کے بعد بہت سے ممالک نے کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے سخت اقدامات اٹھانا شروع کر دیے ہیں۔
جان ہاپکنز یونیورسٹی کے اعداد و شمار کے مطابق دنیا بھر میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد چار کروڑ 50 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے جب کہ اب تک گیارہ لاکھ سے زیادہ اموات رپورٹ ہو چکی ہیں۔
متاثرین کی تعداد کے لحاظ سے یورپ، شمالی امریکہ اور لاطینی امریکہ میں دنیا کے 66 فی صد افراد شامل ہیں جب کہ یہاں دنیا بھر کے مقابلے میں 76 فی صد سے زیادہ اموات ہو چکی ہیں۔
یورپ میں روزانہ کی بنیاد پر متاثر ہونے والے افراد میں دوگنا اضافہ نوٹ کیا گیا ہے۔ یورپ میں بدھ کو پہلی بار ڈھائی لاکھ سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے۔ یہاں اب تک تقریباً 90 لاکھ 50 ہزار افراد متاثر اور دو لاکھ 61 ہزار افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
بھارت میں متاثرین کی تعداد 80 لاکھ سے زائد
بھارت میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 80 لاکھ سے زائد ہو گئی ہے جب کہ موسمِ سرما میں ماہرین وائرس کے مزید پھیلاؤ کا خدشہ ظاہر کر رہے ہیں۔
حکومت کی جانب سے جاری کردہ تازہ اعداد وشمار کے مطابق ایک ارب 30 کروڑ آبادی والے ملک بھارت میں کرونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 80 لاکھ 40 ہزار 203 ہوگئی ہے جب کہ اب تک ایک لاکھ 20 ہزار 527 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
بھارت کرونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ممالک کی فہرست میں امریکہ کے بعد دوسرے نمبر پر ہے جہاں اب تک کرونا وائرس کے متاثرین کی مجموعی تعداد 90 لاکھ 10 ہزار ہو چکی ہے۔
دارالحکومت نئی دہلی میں بدھ کو پانچ ہزار نئے کیسز رپورٹ ہوئے جو ایک دن کے دوران سامنے آنے والے کیسز کی اب تک کی سب سے بڑی تعداد ہے۔
بھارت کا معاشی مرکز سمجھا جانے والا ممبئی، بھارت کا سب سے زیادہ متاثرہ شہر ہے جہاں اب تک ڈھائی لاکھ سے زیادہ کیسز اور دس ہزار سے زیادہ اموات ہوچکی ہیں۔