برطانیہ میں ہلاکتوں کی تعداد 50 ہزار سے تجاوز کر گئی
برطانیہ میں کرونا وائرس کے کیسز میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جب کہ ملک بھر ہلاک افراد کی کل تعداد 50 ہزار 457 ہو گئی ہے۔
برطانوی حکومت کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق بدھ کو مزید 22 ہزار 950 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔
جان ہاپکنز یونیورسٹی کے مطابق برطانیہ میں اب تک 12 لاکھ 60 ہزار سے زیادہ کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں اور برطانیہ میں ہلاکتیں یورپ کے کسی بھی ملک میں مقابلے میں سب سے زیادہ ہیں۔
برطانوی وزیرِ اعظم بورس جانسن کا کہنا ہے کہ برطانیہ ابھی خطرے سے باہر نہیں نکلا ہے۔ عالمی وبا سے ہونے والی ہر موت افسوس ناک ہے اور ہم دنیا سے جانے والے ہر فرد کے لیے غمگین ہیں۔
یاد رہے کہ کرونا کی دوسری لہر کے باعث برطانیہ میں ایک ماہ کا لاک ڈاؤن نافذ ہے۔
پاکستان میں موسمِ سرما میں کرونا کی شدت بڑھنے کا خطرہ
پاکستان میں کرونا وائرس کی دوسری لہر کے پیش نظر ملک بھر میں عوامی مقامات پر ماسک کے استعمال کو لازمی قرار دے دیا گیا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر حفاظتی اقدامات کو بروقت بروئے کار نہ لایا گیا تو موسم سرما میں یہ بیماری خطرناک حد تک شدت اختیار کر سکتی ہے۔ دیکھیے نذرالاسلام کی رپورٹ۔
چین میں کرونا وائرس کے 15 نئے کیسز رپورٹ
چین میں کرونا وائرس کے مزید 15 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ نیشنل ہیلتھ کمیشن کی جانب سے جمعرات کو جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ 15 نئے کیسز میں سے ایک کیس اندرون ملک جب کہ باقی 14 کیسز بیرونِ ملک سے چین منتقل ہوئے ہیں۔
چین میں وبائی مرض کی علامات ظاہر ہوئے بغیر یعنی ایسمٹومیٹک کیسز کو کرونا وائرس کا مرض شمار نہیں کیا جاتا۔
جان پاپکنز یونیورسٹی کے اعداد و شمار کے مطابق چین میں کرونا وائرس کے تصدیق شدہ کیسز کی مجموعی تعداد 91 ہزار 752 ہو گئی ہے جب کہ اس وبائی مرض سے اب تک چار ہزار 742 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
امریکہ میں ریکارڈ ایک لاکھ 44 ہزار سے زیادہ کیسز رپورٹ
امریکہ میں ایک روز کے دوران کرونا وائرس کے ریکارڈ ایک لاکھ 44 ہزار سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
مریضوں کے نئے اضافے کے بعد امریکہ میں کیسز کی مجموعی تعداد ایک کروڑ چار لاکھ سے زائد ہو گئی جب کہ اب تک دو لاکھ 41 ہزار 809 اموات رپورٹ ہو چکی ہیں۔
علاج معالجے کی غرض سے اسپتالوں میں داخل ہونے والے مریضوں کی تعداد میں بھی مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
بدھ کو کم از کم 64 ہزار 939 افراد مختلف اسپتالوں میں داخل ہوئے جو وبائی مرض کے دوران اسپتال میں داخل ہونے والے مریضوں کی اب تک کی سب سے بڑی تعداد ہے۔
یاد رہے کہ امریکہ دنیا میں کسی بھی ملک کے مقابلے میں کرونا وبا سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ملک ہے جہاں نہ صرف اموات بلکہ کیسز کی تعداد بھی سب سے زیادہ ہے۔