امریکہ میں کرونا لہر میں مزید اضافے کا خدشہ
امریکہ میں وبائی امراض کے ماہر ڈاکٹر انتھونی فاؤچی نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ چند ہفتوں میں کرونا کیسز میں تیزی سے اضافہ ہو سکتا ہے۔
اے بی سی ٹی وی کے پروگرام 'دِس ویک' میں گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فاؤچی نے کہا کہ تھینکس گیونگ کی حالیہ چھٹی کے بعد ہمیں کرونا وائرس کے پھیلاؤ میں اضافے کا سامنا ہو گا۔
ڈاکٹر فاؤچی نے ایسے موقع پر خبردار کیا ہے جب امریکہ میں صرف نومبر میں 40 لاکھ سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جو گزشتہ ماہ کے مقابلے میں تقریباً ڈیڑھ گنا تعداد زیادہ ہے۔
امریکہ میں ماہِ اکتوبر میں لگ بھگ 19 لاکھ کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔
جان ہاپکنز یونیورسٹی کے اعداد و شمار کے مطابق امریکہ میں عالمی وبا سے اب تک لگ بھگ دو لاکھ 67 ہزار اموات اور ایک کروڑ 37 لاکھ سے زیادہ کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔
ویکسین کی خریداری کے لیے سفارشات تیار کرلیں: اسد عمر
پاکستان کے وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اور کرونا وائرس کی انسداد کے لیے قائم کمیٹی نیشنل کمانڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے سربراہ اسد عمر کے مطابق کرونا ویکسین کی خریداری کے لیے سفارشات تیار کر لی ہیں۔
اسد عمر نے ایک ٹوئٹ میں کہا ہے کہ این سی او سی کی سفارشات کل کابینہ کے اجلاس میں منظوری کے لیے پیش کی جائیں گی۔
اُن کے بقول ڈاکٹر فیصل سلطان کی سربراہی میں ایک ٹیم نے ویکسین کی خریداری سے متعلق سفارشات مرتب کی ہیں جس پر آج بات چیت کے لیے حتمی شکل دی ہے۔
نیویارک میں اسکول کھولنے کا اعلان
امریکہ کی ریاست نیویارک کے شہر نیویارک سٹی کے اسکول مرحلہ وار کھولنے اور کرونا ٹیسٹ کی تعداد بڑھانے کا اعلان کیا گیا ہے۔
نیویارک کے میئر بل دی بلاسیو نے بذریعہ ٹوئٹ اعلان کیا کہ سات دسمبر سے ایلیمنٹری کلاسز میں تعلیمی سلسلے کو بحال کیا جا رہا ہے جب کہ دس دسمبر سے 75 اسکولوں میں تعلیمی کلاسز طلبہ کے لیے کھول دی جائیں گی۔
یاد رہے کہ نیویارک میں ستمبر کے آخر اور اکتوبر کے اوائل میں کرونا کیسز میں کمی کے بعد تعلیمی ادارے کھولے گئے تھے جب کہ رواں ماہ کیسز میں اضافے کے بعد اسکولوں میں طلبہ کی موجودگی پر ایک مرتبہ پھر پابندی لگا دی گئی تھی۔
نیویارک کے شہریوں نے اسکول بند کرنے کے اقدام پر انتظامیہ کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا تھا اور کہا تھا کہ ریستوران اور بارز کو کھولنے کی اجازت دی گئی ہے اور اسکول بند کر دیے گئے ہیں۔
ایم کیو ایم کے رہنما عادل صدیقی انتقال کر گئے
پاکستان کی وفاقی حکومت میں شامل جماعت متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما عادل صدیقی کرونا وائرس کے باعث انتقال کر گئے ہیں۔
عادل صدیقی کرونا کا شکار تھے اور گزشتہ چند روز سے کراچی کے نجی اسپتال میں زیرِ علاج تھے۔ طبیعت بگڑنے پر اُنہیں گزشتہ روز وینٹی لیٹر پر منتقل کیا گیا تھا۔
عادل صدیقی رکنِ سندھ اسمبلی اور سابق صوبائی وزیر بھی رہ چکے ہیں۔
متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما فیصل سبزواری نے ایک ٹوئٹ میں عادل صدیقی کے انتقال کی تصدیق کی اور ان کے اہلخانہ سے تعزیت کا اظہار بھی کیا۔